• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دھولیہ میں اندوہناک سڑک حادثہ،کنٹینر ہوٹل میں گھس گیا، موقع پر ۱۲؍ ہلاک

Updated: July 05, 2023, 9:59 AM IST | I Shaikh | dhule

پورا ہوٹل مسمار، آس پاس کھڑی گاڑیاں چکناچور، قریب ہی موجود بس اسٹاپ بھی اکھڑ گیا، ہرطرف لاشیں نظر آنے لگیں، موٹر گاڑیاں کھلونوں کی طرح بکھر گئیں،ڈرائیور اور کلینر بھی ہلاک ،گھنٹوں تک ٹریفک جام

The condition of the first car that the container took off can be seen
کنٹینر نے سب سے پہلے جس کار کو اڑایا اس کی حالت دیکھی جا سکتی ہے ( تصویر: انقلاب)

 مہاراشٹر ان دنوں سڑک حادثو ں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ سمردھی ہائی وے کے زخم ابھی بھرے بھی نہیں تھے کہ دھولیہ سے اندوہناک سڑک حادثے کی خبر آئی ہے۔ یہاں ایک کنٹینر کا بریک فیل ہوجانے کے سبب  وہ سڑک کنارے ایک ہوٹل میں گھس گیا ۔ اس کے نتیجے میں  اب تک ۱۲؍ لوگوں کی موت کی خبر ہے جبکہ زخمیوں کی حالت کو دیکھتے ہوئے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ۲۷؍ افراد اس حادثے میں زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ 
  اطلاع کے مطابق راجستھان سے مال سے بھرا ہوا ایک کنٹینر مدھیہ پردیش کی سرحد سے مہاراشٹر میں داخل ہو جو کہ دھولیہ ضلع کے شیر پور گائوں سے قریب واقع  پلاس نیر علاقے میں گھاٹ سے اتر رہا تھا۔ اسی دوران اس کا بریک فیل ہو گیا اور اس نے سڑک کنارے ایک ہوٹل سے قریب کھڑی ایک کار کو اس نے اڑا دیا جس میں۴؍ لوگ موجود تھے، ان میں سے ایک خاتون کی موت ہو گئی جبکہ ۳؍ لوگ زخمی حالت میں اسپتال لے جائے گئے۔ کار کو اڑانے کے بعد کنٹینر ہوٹل میں گھس گیا اور تباہی مچ گئی۔ ہوٹل  پوری طرح  مسمار ہو گیا اور قریب ہی موجود بس اسٹاپ بھی اپنی جگہ نہیں رہا۔ ہر طرف چیخ وپکا ر سنائی دینے لگی۔ پلک جھپکتے ہی چاروں طرف لاشیں پڑی ہوئی دکھائی دینے لگیں اور زخمیوں کی چیخیں سنائی دینے لگیں۔ کچھ لوگوں کے کٹے ہوئے ہاتھ پیر ادھر اُدھر پڑے ہوئے ملے۔  جو لوگ مدد کیلئے دوڑ کر آئے  لاشوں کو دیکھ کر ان کے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔  ہوٹل کے آس پاس کھڑی گاڑیاں کھلونوں کی طرح ادھر ادھر بکھر گئیں۔ 
  مہلوکین کی تعداد کے معاملے میں  الگ الگ رپورٹ موصول ہوئی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ۱۲؍ لوگوں کی جگہ ہی پر گاڑی کی زد میں آنے یا اس کے نیچے کچل جانے سے موت ہوگئی ہے۔ جبکہ ۲۷؍ لوگوں کو زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا ہے۔ لیکن دھولیہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنجے بارکنڈ ۹؍ لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ یعنی اس حادثے میں کم ازکم ۹؍ اور زیادہ سے زیادہ ۱۲؍ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ لیکن یہ بات ہر کسی نے دہرائی ہے کہ زخمیوں کی حالت زیادہ خراب ہے اس لئے اموات میں اضافہ کا خدشہ ہے حادثے میں کنٹینر کے ڈرائیور کنہیالا بنجارہ اور کلینر سرپال سنگھ راجپوت کی بھی موت ہو گئی ہے۔  سنجے بارکنڈ کے مطابق  ۱۳؍ زخمیوں کو شیر پور کے اندرا گاندھی اسپتال  میں بھرتی کیا گیا ہے۔ جبکہ ۱۰؍ کو شیر پور ہی کے سرکاری کاٹیج اسپتال میں داخل کیا گیا ہے اور باقی ۴؍ کو دھولیہ کے سرکاری اسپتال بھیجا گیا ہے۔
 شیر پور حلقے کے رکن اسمبلی   کاشی رام پائورا بھی جائے حادثے پر پہنچے اور وہاں کی صورتحال کو دیکھ کر دنگ رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہے جس میں درجنوں لوگ زخمی ہوئے ہیں  ان میں زیادہ تر مزدور پیشہ افراد یا طالب علم  ہیں۔ جبکہ ۹؍ لوگوں کی دردناک موت ہوئی ہے۔ ‘‘ انہوں نے مہلوکین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ اس کے علاوہ دھولیہ کے ضلع کلکٹر جلج شرما نے تینوں اسپتال جا کر زخمیوں کی عیادت کی۔اور انہیں تسلی دی۔  بڑی تعداد میں اطراف کے لوگ مدد کیلئے جائے حادثے پر پہنچے جنہوں نے زخمیوں کو اسپتال پہنچانے میں مدد کی ساتھ ہی گاڑیوں کو وہاں سے ہٹانے میں بھی ساتھ دیا۔ یاد رہے کہ حادثے کے سبب اس روٹ کا ٹریفک جام ہو گیا تھا۔ لوگوںکو کافی دیر تک اپنی گاڑیوں میں بیٹھے رہنا پڑا۔ پولیس نے انتھک کو ششوں کے بعد کسی طرح  اسے  بحال کیا۔ 

dhule Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK