• Fri, 10 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

کانجورمارگ میں اندوہناک سڑک حادثہ ،۲؍افراد ہلاک ،۷؍زخمی

Updated: October 14, 2022, 9:47 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ایک زخمی کی حالت نازک ۔ ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے پرتیزرفتارکار بے قابو ہوکر درخت سے ٹکراگئی۔ تمام افراد بھیونڈی کے ڈھابہ پرکھاناکھانے جارہے تھے

The severity of the accident can be estimated from the condition of the car.
کار کی حالت سے حادثے کی شدت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

 یہاںایسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر  بدھ کی شب تقریباً ساڑھے ۱۲؍  بجے ایک تیز رفتار کار بے قابو ہوکر درخت سے ٹکراگئی جس کی وجہ سے  ڈرائیور اور ایک سوارکی موت ہوگئی جبکہ  دیگر ۷؍ افراد زخمی ہوگئے۔ اسی طرح دوسرا سڑک حادثہ بدھ کی شب کو ڈونگری علاقہ میں بھی ہوا جس میں ایک کار چند موٹر سائیکلوں سے ٹکراتے ہوئے ایک دیوار سے جا ٹکرائی ۔ تاہم  اس حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔ 
 پولیس کے مطابق کانجور گائوں بس اسٹاپ کے قریب ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر  انتہائی تیز رفتار ’انووا کار‘   پیپل کے درخت سے ٹکرا گئی جس کی وجہ کار کے پرخچے اڑ گئے ۔ اس اندوہناک حادثہ میں کارڈرائیور اور نوجوان سوار کی جائے حادثہ پر ہی موت ہوگئی۔ مہلوکین کا تعلق کرلا کے قریش نگر سے ہے۔ تمام  دوست بھیونڈی میں ڈھابے پر کھانا کھانے کی غرض سے نکلے تھے لیکن راستے میںاکر بے قابوہوگئی  جس کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کسی نے پولیس کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع دی جس کے بعد وکھرولی پولیس کو اس  سے مطلع کیا گیا جس کے فوراً بعد پولیس کی ایک ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی اور مقامی افراد کی مدد سے زخمیوں کو گاڑی سے باہر نکالا۔ 
 زخمیوںمیں سے ۸؍ نوجوانوں کو فورٹس اسپتال پہنچایا گیا جبکہ ایک نوجوان کو ملنڈ (مغرب) میں واقع ویر ساورکر اسپتال لے جایا گیا۔ زخمیوں میں سے ۲۶؍سالہ جنید سلیم قریشی، جو گاڑی چلارہا تھا اور اس کا دوست شاہد سلیم قریشی (۱۹) کو ڈاکٹروں نے داخلے سے قبل ہی مردہ قرار دے دیا۔ ایک دیگر نوجوان حیات قریشی (۱۸) شدید زخمی ہے جس کا علاج فورٹس اسپتال (ملنڈ) میں جاری ہے۔ ۶؍زخمیوں کی حالت ٹھیک بتائی جارہی ہے۔ وکھرولی پولیس نے گاڑی چلانے والے جنید کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ ۳۰۴ (اے)، ۲۷۹ ، ۳۳۷ ؍ اور ۳۳۸    نیز موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ ۱۸۴؍ کے تحت کیس درج کرلیا ہے۔
 دریں اثناء اسی شب ڈونگری میں سدھیر ڈیری اور بمپر بار کے سامنے ایک بے قابو کار چند موٹرسائیکلوں سے ٹکراتےہوئے  دیوار سے جاٹکرائی ۔ خوش قسمتی سے اس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق کار میں ۲؍ نوجوان سوار تھے جو  گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ اس وقت وہاں موجود ایک شخص نے بتایا کہ کار میں بیٹھے نوجوان کو گاڑی چلانا نہیں آتی تھی، وہ صرف کار میں بیٹھا ہوا تھا کسی طرح کار چل گئی ہوگی جس کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔

kanjurmarg Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK