• Tue, 22 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’بھگوا محاذ کے پاس ترقی کا کوئی ایجنڈا نہیں،صرف نفرت کی سیاست ہے‘‘

Updated: October 20, 2024, 9:07 AM IST | Dhule

رکن پارلیمنٹ اقراء حسن کا دھولیہ اور مالیگاؤں میں انتخابی جلسوں سے خطاب،مہایوتی پر سازش ا ور فریب سے مہاراشٹر میں حکومت بنانے کا الزام، سماجوادی سربراہ اکھلیش یادو نے بھی بھگوا حکومت کو گھیرا

MP Iqra Hasan Chaudhary addressed election rallies in Dhulia and Malegaon
دھولیہ اور مالیگاؤں میں ایم پی اقراءحسن چودھری انتخابی جلسوں سے خطاب کیا

کیرانہ سے رکن پارلیمنٹ اقراء حسن چودھری اور سماجوادی سربراہ اکھلیش یادونے سنیچر کو  دھولیہ میں ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹر کی مہایوتی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کئی الزامات لگائے۔ رکن پارلیمنٹ اقرا حسن نے کہا کہ جو حکومت میں بیٹھے ہیں، عوام نے انھیں ٹھکرا دیا لیکن  سازش اورفریب  سے حکومت بنالی، آج ان کے اقتدار میں مہاراشٹر کا کیا حال  ہوگیاہے ۔ وہ مہاراشٹر ریاست  جو دوسری ریاستوں کے بے روزگاروں کو روزگار دیتی تھی، آج وہاں کے ہزاروں نوجوان بے روزگار ہیں۔مہاراشٹر کے پروجیکٹ گجرات چلے گئے ہیں ۔اقراء حسن نے مزید کہا کہ بھگوا محاذ کے پاس ترقی کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔صرف نفرت کی سیاست ہی ان کا بنیادی ایجنڈا ہے  ا ور یہ بھی اب ناکام ثابت ہو رہا ہے۔عوام ان کے ارادوں اور ان کے نظریات کو جان چکے ہیں۔مہاراشٹر کے ہمراہ ملک کی دیگر ریاستوں میں تبدیلی کی امید رکن پارلیمنٹ اقراء حسن نے ظاہر کی  ۔ سماج وادی پارٹی کے  اس اجلاس میں عوام بڑی تعداد میں موجود تھے۔
 اس سے قبل گزشتہ رات مالیگاؤں میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اقراحسن نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ مالیگاؤں چھوٹا کیرانہ ہے۔یہاں کی تہذیب، تمدن  اورثقافت سب کچھ اترپردیش کے جیسا ہے۔سماجوادی پارٹی نے اترپردیش میں بی جے پی کا غرور توڑا ہے۔ پارلیمنٹ الیکشن میں یوپی کے رائے دہندگان نے زعفرانی سیاسی جماعت کا زعم ختم کردیا ہے۔ اب آپ کی باری ہے۔شہر مالیگائوں محنت کش طبقات کی جدوجہد سے آباد ہے۔اس کا تحفظ اور تعمیر وترقی کیلئے سماج وادی پارٹی اپنے قومی قائد اکھلیش یادو کی قیادت میںمتحرک رہے گی۔مہاراشٹر اسمبلی کا الیکشن صرف الیکشن نہیں بلکہ نظریات اور اصولوں کی لڑائی ہے۔
حکومت نے مہاراشٹر کے عوام مہا دکھ دیا ہے 
 اکھلیش یادو نے دھولیہ میںکہا کہ   عوام کے ٹھکرانے کے باوجود چور راستے سے حکومت بنانے والی اور بیساکھی کے سہارے چلنے والی مہاراشٹر کی مہایوتی سرکار میں مہاراشٹر کے عوام مہا دکھی  ہیں ۔ عوام بیساکھی حکومت سے پریشان ہے۔۲۰۲۴ء   کے مہاراشٹر ودھان سبھا الیکشن میں مہاراشٹر میں مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت بنے گی۔ہم نے مہاوکاس اگھاڑی سے مہاراشٹر میں۱۲؍ سٹیوں کی مانگ کی ہے۔دھولیہ اور مالیگاوں سے سماج وادی پارٹی کی سیٹ لڑانے کا اعلان سماج وادی پارٹی کے سپریمو رکن پارلیمان اکھلیش یادو نے کیا۔دھولیہ ودھان سبھا حلقے سے سماج وادی کے امیدوار ارشاد جاگیردار کے نام کا بھی اعلان اکھلیش یادو نے کیا۔
          جیل روڈ پر سنیچر کو سماج وادی پارٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا تھاجس میں پارٹی سپریمو اکھلیش یادو، مہاراشٹر پردیش صدر ابو عاصم اعظمی، رکن پارلیمنٹ اقراءحسن، ناہید حسن، سابق رکن اسمبلی رئیس شیخ کے علاوہ پارٹی کے دیگر عہدیداران موجود تھے ۔ دھولیہ ودھان سبھا حلقے سے سماج وادی پارٹی کے امیدوار ارشاد جاگیر دار کے نام کا اعلان کرنے کے ساتھ اکھلیش یادو نے مہاراشٹر میں مالیگاؤں ،دھولیہ سے ودھان سبھا الیکشن کی تشہیر کا آغاز کیا۔اس موقع پر اکھلیش نے مودی حکومت کے ہمراہ مہاراشٹر کی مہایوتی حکومت  پرسخت الفاظ میں تنقید کی ۔ اکھلیش نے کہا کہ مہاراشٹر میں تاریخ بدلنے والی ہے ۔یہاں مہاوکاس اگھاڑی کی سرکار بنے گی اور دہلی کی مودی سرکار گرے گی۔ہریانہ  اسمبلی الیکشن کا حوالہ دیتے ہوئے اکھلیش نے مہاراشٹر کے عوام کو  محتاط رہنے کی تلقین کی۔اکھلیش نے مہاراشٹر  کے عوام سے ملک میں امن پسند حکومت کو باگ ڈور سونپنے کی گزارش کی۔علاوہ ازیں ملک میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ملک کی گنگا جمنی تہذیب پر بھی سیر حاصل گفتگوکی۔ 
حضرت انجان شاہ داتا کے آستانے پر اکھلیش کی حاضری
 سماج وادی پارٹی دھولیہ اکائی نے اکھلیش یادو کا ۱۰؍ بلڈوزر وںکے ذریعے پھول برسا کر والہانہ استقبال کیا۔ اس پر اکھلیش نے کہا کہ میں جہاں سے آیا ہوں وہاں مظلوموں کے گھروں پر بلڈوزر چلایا جارہا ہے اور یہاں بلڈوزر کے ذریعے ہم پر پھول برسائے جارہے ہیں۔ایک طرف جہاں اکھلیش یادو نے اکویرا دیوی کا درشن کیا وہیں حضرت انجان شاہ داتاؒ کے آستانے پر بھی حاضری  دی۔
مہاراشٹر میں شکست ہوئی تو مرکزمیں حکومت گرے گی 
 مہاراشٹر کی بد عنوان مہایوتی سرکار کی شکست ہوئی تو مرکز میں حکومت گرجائے گی۔مہاراشٹر کے نتائج نئی سیاسی امید کا اعلان کریں گے۔اِس لئے  رائے دہندگان سمجھداری کے ساتھ اپنے حق رائے کااستعمال جمہوری اصولوںکو پیش نظر کام کاج کرنے والی سیاسی جماعتوں کے حق میں کریں۔ اکھلیش یادو نےمالیگاؤں کے عزیز کلواسٹیڈیم میںمنعقدہ ’پی ڈی اے کی جن ادھیکار سبھا‘سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔
 تیز بارش میں بھیگتے ہوئےانہوں نے کہا ’’پاورلوم انڈسٹری کی خراب صورتحال کی ذمہ دار ریاستی حکومت  ہے جس نے بُنکروں کیلئے فلاحی اقدامات نہیں کئے۔ہریانہ صوبے کا انتخابی ماحول پوری طرح بی جے پی کے خلاف تھالیکن نتائج ظاہر ہونے کےبعدایک بار پھر واضح ہواکہ بی جے پی کسی بھی حد تک جاسکتی ہے۔عوام کی منتخب کردہ حکومت کی بی جے پی کے نزدیک کوئی اہمیت نہیں ہوتی جس کا ثبوت مہاراشٹر میں مہاوکاس اگھاڑی گورنمنٹ ختم کرکے مہایوتی سرکار کا قیام بھی ہے۔ہریانہ سے سبق نہ لینے کا نقصان بی جے پی مخالف سیاسی جماعتوں کو ہوسکتا ہے اِس لئے مہاراشٹر کے اسمبلی الیکشن میںبی جے پی مخالف سیاسی جماعتیں خیال رکھیں۔‘‘  اکھلیش نے کہا ’’ اہانت ،نفرت آمیز تقریریںاور عظیم شخصیات سے متعلق تنازع پیدا کرکے فرقہ وارانہ صورتحال خراب کی جاتی ہے۔سماجوادی پارٹی کو سیاسی طاقت دیجئے یہ سارے سلسلے بند ہوجائیں گے۔سماج وادی کے ریاستی سربراہ نے دوران تقریر کہا کہ سائیکل انتخابی نشان پر ۸؍سے ۱۰؍اراکین اسمبلی دیجئے کسی کی مجال نہیں کہ مسلمانوں پر ظلم کرسکے۔شانِ ہند نے کہا کہ مالیگائوں کے سیاسی فیصلے سے پورے مہاراشٹر میں تغیر کا ماحول بنے گا ۔ ابو عاصم اعظمی نے نبی کریمؐ کی شان میںگستاخ آمیز  بیانات کی مذمت کی اور نام لئے بغیر نتیش رانے کی شرانگیزی کا دوٹوک جواب دیا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK