سیف علی خان کے مشتبہ حملہ آور شریف الاسلام اور اداکارکے گھرپر ملنے والے فنگر پرنٹس میچ ہوگئے ہیں۔ تاہم، سیف علی خان کے دو ملازمین نے شریف الاسلام کی شناخت بطور حملہ آور کر لی ہے۔
EPAPER
Updated: February 07, 2025, 4:59 PM IST | Mumabi
سیف علی خان کے مشتبہ حملہ آور شریف الاسلام اور اداکارکے گھرپر ملنے والے فنگر پرنٹس میچ ہوگئے ہیں۔ تاہم، سیف علی خان کے دو ملازمین نے شریف الاسلام کی شناخت بطور حملہ آور کر لی ہے۔
سیف علی خان کے کیس میں فورینسک اینالسس سےیہ تصدیق ہوئی ہے کہ ’’جو فنگر پرنٹس (انگلیوں کے نشانات ) سیف علی خان کے گھر پر پائے گئے ہیں وہ بنگلہ دیشی ملزم شریف الاسلام کے ہی ہے جسے اس کیس میں حراست میں لیا گیا ہے۔ ‘‘ تاہم، انگلیوں کے نشانات (فنگرپرنٹس) کی حتمی رپورٹ اب بھی زیر التواء ہے۔پولیس حکام نے یہ تصدیق کی ہے کہ سیف علی خان کی رہائش گاہ پر موجود دو ملازمین نے حملہ آورکے طور پر شریف الاسلام کی شناخت کی ہے۔
اس درمیان انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ’’ایلیانا فلپ اورآیا جارونے بھی حملہ آور کی شناخت شریف الاسلام کے طور پر کی ہے۔ انہوں نے یہ تصدیق کی ہے کہ ۳۰؍ سالہ شریف الاسلام ہی سیف علی خان اور ان کے عملے پر حملے کیلئے ذمہ دار ہے۔تفتیش کے طور پر شریف الاسلام کو بھی مشتبہ افراد کے درمیان رکھا گیا تھا۔ شناخت کرنے والے پہلے شخص نے شریف الاسلام کو پہنچان لیا۔ تاہم، یہ واضح نہیں ہے کہ حکام ’’شناخت کے عمل میں‘‘سیف علی خان کو بھی شامل کیا جائے گایا نہیں۔شریف الاسلام کے چہرے کی شناخت کی جاچکی ہے لیکن فنگرپرنٹس اور خون کے تجزیے کی رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔ گزشتہ ہفتے شہر کی پولیس نے کہا تھا کہ ’’مشتبہ بنگلہ دیشی شریف الاسلام اور سی سی ٹی وی تصویر کے ذریعے حراست میں لئے گئے شخص کے درمیان شناخت کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔‘‘حکام کا کہنا ہے کہ ’’شریف الاسلام مبینہ طور پر ۱۶؍ جنوری کی نصف شب بارہویں منزلے پر سیف علی خان کے گھر میں داخل ہوا تھا اور بھاگنے سے قبل ۶؍ مرتبہ ان پر حملہ کیا تھا۔‘‘
حملے کے بعد سیف علی خان کو لیلاوتی اسپتال،باندرہ داخل کیا گیا تھا جہاںان کے دو بڑے آپریشن کئے گئے۔ سیف علی خان کو ۲۱؍جنوری ۲۰۲۵ءکو ڈسچارچ کیا گیا تھا۔سیف علی خان کی اہلیہ کرینہ کپور خان، ابراہیم علی خان ،سارہ علی خان اور گھر کے دیگر ممبران نے ا س مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا تھا۔اسی درمیان سیف علی خان کو نیٹ فلکس کی فلم ’’جیول تھیف: دی ہیسٹ بیگنز‘‘ میں دیکھا جائے گا ۔ نیٹ فلکس نے اپنی دیگر فلموں اور ویب سیریز کے ساتھ اس کا ٹیزر بھی جاری کیا ہے۔