ایک بڑھئی سے پوچھ تاچھ کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا ، ۲؍ روز قبل اس نے سیف کے گھر میں فرنیچر بنانے کا کام شروع کیا تھا، سیف آئی سی یو سے خصوصی کمرے میں منتقل۔
EPAPER
Updated: January 18, 2025, 3:13 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
ایک بڑھئی سے پوچھ تاچھ کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا ، ۲؍ روز قبل اس نے سیف کے گھر میں فرنیچر بنانے کا کام شروع کیا تھا، سیف آئی سی یو سے خصوصی کمرے میں منتقل۔
بالی ووڈ اسٹار اور نواب آف پٹودی سیف علی خان پر قاتلانہ حملہ کرنے کے معاملے میں پولیس نے ایک مشتبہ ملزم کو حراست میں لے لیا ہے جو پیشے سے بڑھئی ہے اور اس کا نام افسری وارث علی سلمانی ہے۔ اس دوران لیلاوتی اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق سیف کی طبیعت میں حسب توقع بہتری آرہی ہے جس کی وجہ سے جمعہ کو انہیں آئی سی یو سے نکال کر ایک خصوصی کمرہ میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں آئندہ ۲؍ سے ۳؍ دن رہنا ہوگا۔
اگرچہ خبر لکھے جانے تک پولیس نے وارث علی سلمانی کو باقاعدہ طور پر گرفتار کرنے کی تصدیق نہیں کی تھی اور نہ ہی یہ تفصیلات فراہم کی تھی کہ کس جگہ سے اور کس طرح حراست میں لیا گیا۔ تاہم اس کی اہلیہ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران جو بیان دیا ہے اس کے مطابق ان کے شوہر کو سیف علی خان کی رہائشی عمارت میں بلا کر وہاں سے پولیس نے حراست میں لیا اور اپنے ساتھ پولیس اسٹیشن لے گئی۔اس کی اہلیہ نے میڈیا سے جمعہ کو دوپہر کے وقت گفتگو کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ ان کے شوہر بے قصور ہیں اور ان کا سیف پر حملے سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واردات کے بعد تفتیش کیلئے ان کے شوہر کو جب سیف علی خان کی رہائش پر بلایا گیا تھا اس بات کو ۲۴؍ گھنٹوں سے زیادہ وقفہ گزر چکا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ سلمانی کو رہا کردیا گیا ہے کیوں کہ اس کا واردات سے کوئی براہ راست کنکشن نہیں ملا ہے۔ جب اس کی اہلیہ اس سے ملاقات کرنے پولیس اسٹیشن گئی تھیں تو انہیں تسلی دی گئی کہ ان کے شوہر بالکل محفوظ ہیں اور انہیں کھانا وغیرہ بھی دیا گیا ہے۔ پولیس اسٹیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران اس خاتون نے کہا کہ ’’افسری وارث علی سلمانی میرے شوہر ہیں۔ میرے شوہر کو فون آیا تھا ان (سیف علی خان) کے منیجر کا کہ فرنیچر کا کام کرنا تھا۔‘‘ اس خاتون نے مزید کہا کہ ان کے شوہر نے ۵؍ کاریگروں کو لے کر سیف علی خان کے گھر پر کام شروع کیا تھا اور اس جگہ ان کے کام کا پہلا دن تھا۔اس خاتون نے اپنا نام بتائے بغیر کہا کہ ان کے شوہر کام ختم کرکے سیدھے اپنے گھر آگئے تھے اور سی سی ٹی وی کیمرے میں یہ بات ریکارڈ ہوئی ہوگی۔
ان کے مطابق انہوں نے بعد میں لوگوں سے سنا کہ سیف علی خان کے گھر میں چور گھس آیا تھا۔ اس دوران انہیں کسی خاتون نے فون کرکے ان کے شوہر کو سیف علی خان کی رہائش گاہ پر آنے کو کہا لیکن ان کے مطابق انہیں خوف ہو ا کہ کوئی ان کے شوہر کو نقصان نہ پہنچائے اس لئے انہوں نے سیف علی خان کے منیجر سے بات کرنے کا مطالبہ کیا جس پر اس خاتون نے منیجر سے فون پر بات کروائی اور اسے وہاں آنے کو کہا جس پر سلمانی فوراً وہاں چلا گیا اور پھر پولیس نے اسے تحویل میں لے لیا۔
دریں اثناء اداکار کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں نے جمعہ کو بتایا کہ سیف کی حالت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے، امید ہے کہ وہ ۱۰؍ دن کے مکمل آرام کے بعد پوری طرح سے ٹھیک ہو جائیں گے۔ سیف کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹر نتن ڈانگے نے بتایا کہ جمعہ کو انہیں آئی سی یو ہی میںچہل قدمی کروائی گئی تھی اور اس کے بعد انہیں خصوصی کمرے میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹر کے مطابق سیف بہت خوش قسمت تھے کہ ان کی ریڑھ میں جو چاقو لگا تھا، اس نے ان کی کسی ایسی رَگ یا دیگر اعضاء کو نقصان نہیں پہنچایا جس سے انہیں فالج ہوجاتا یا صحت کو کوئی بڑا نقصان پہنچتا۔
واردات کے بعد سیف کو اسپتال پہنچانے والے رکشا ڈرائیور کا نام بھجن سنگھ لال رانا ہے۔ اس نے جمعہ بتایا کہ ایک خاتون ایک عمارت سے بھاگتی ہوئی باہر آئی اور رکشارکوا کر کہاکہ ایمرجنسی ہے، رکشا عمارت میں لے چلو۔ وہاں اس نے کرتا پہنے ہوئے ایک شخص کو دیکھا جس کے پورے کپڑے پر خون لگا تھا لیکن وہ سیف کو پہچان نہیں سکا ۔رکشا میں ایک بچہ سمیت ۳؍ افراد بیٹھے اور پہلے انہوں نے ہولی فیملی اسپتال چلنے کو کہا لیکن اس بچے نے کہاکہ لیلاوتی چلو۔ جس پر وہ انہیں گلیوں سے گزر کر چھوٹے راستے سے اسپتال لے گیا۔ وہاں پہنچ کر جب سیف علی خان نے اسپتال والوں کو اپنی شناخت بتائی تب اسے پتہ چلا کہ وہ کسی ’(فلم)اسٹار‘ کو لے کر آیا ہے۔