• Mon, 30 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ساکی ناکہ: واجدعلی کمپائونڈ میں بھیانک آتشزدگی

Updated: December 29, 2024, 9:19 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

تقریباً ۶۰؍ گودام خاکستر، کروڑوں روپے کا نقصان البتہ کوئی زخمی نہیں ہوا،کئی گھنٹوں بعد آگ پر قابو پایا جا سکا

Fire brigade personnel trying to control the fire
فائر بریگیڈ کے اہلکار آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہوئے

سنیچر کو علی الصباح کرلا (مغرب) کے ساکی ناکہ کے واجد علی کمپائونڈ میں بھیانک آگ لگ گئی جس کے سبب کئی گودام جل کر خاکستر ہوگئے اور کئی لوگوںکو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا البتہ تادم تحریر اس حادثہ میں کسی جانی نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی تھی۔
فائر بریگیڈ کے مطابق یہ آگ خیرانی روڈ کے ساکی ناکہ میں واقع واجد علی کمپائونڈ کے انڈیا مارکیٹ میں لگی تھی۔ یہ مارکیٹ جامع مسجد اہلِ حدیث کے بغل میں واقع ہے اور اس آگ کی زد میں آنے سے کم و بیش ۶۰؍ گودام بُری طرح متاثر ہوئے۔
اس مارکیٹ میں واقع زیادہ تر گودام میں بھنگار کا کاروبار کیا جاتا ہے۔ اس آتشزدگی میں بڑے پیمانے پر لوہے، پلاسٹک، مختلف قسم کی مشینیں، فرنیچر، وائر، الیکٹرک اور الیکٹرانک کے سامان کا نقصان ہوا ہے۔ 
یہ آتشزدگی اتنی شدید تھی کہ فائر بریگیڈ نے اسے ’لیول ۳‘ کی آگ قرار دیا تھا جس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اسے کافی بڑی آگ مانا گیا ہے۔ اس آگ پر قابو پانے کیلئے فائربریگیڈ کی مختلف قسم کی تقریباً ۳۰؍ سے زائد گاڑیاں روانہ کی گئی تھیں جن میں ۱۱؍فائر انجن، ۹؍ جیٹ ٹینک، ایریئل ورک پلیٹ فارم، آتشزدگی پر قابو پانے والی دیگر مشینیں اور ایمبولنس وغیرہ شامل ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق آگ شروع ہونے کے تقریباً آدھے گھنٹے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور اس وقت تک آگ نے کافی شدت اختیار کرلی تھی جس کی وجہ سے ابتدائی چند گھنٹوں میں فائربریگیڈ سے بھی آگ قابو نہیں ہورہی تھی۔ رات کے اندھیرے میں آگ کی لپٹیں اونچائی تک اٹھتی دکھائی دے رہی تھیں اور صاف نظر آرہا تھا کہ کئی گوداموں میں آگ کی زد میں آنے سے کچھ بھی بچا نہیں ہوگا۔ البتہ صبح کو اجالا ہوجانے کے بعد اس جگہ سے کالے دھوئیں کے بادل دور علاقوں میں بھی نظر آرہے تھے۔آگ تقریباً صبح ۶؍ بجے لگی تھی لیکن دوپہر تقریباً ۱۲؍ بجے اسے بجھایا جاسکا اور اس وقت تک کافی نقصان ہوچکا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK