• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سلمان خان بابا صدیقی کیلئے اسپتال اور گھر دونوں جگہ پہنچے

Updated: October 14, 2024, 2:09 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

بشنوئی گینگ سے خطرے کے پیش نظربالی ووڈ سپر اسٹار کی رہائش گاہ کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

Salman Khan. Photo: INN
سلمان خان۔ تصویر : آئی این این

 ممبئی کی سیاست کے میدان کے سینئر لیڈر بابا صدیقی کو سنیچر کی شب گولی مارے جانے کی اصل وجہ پتہ نہیں چل سکی ہے لیکن ایک اندازہ یہ بھی لگایا جارہا ہے کہ سپر اسٹار سلمان خان سے قربت اور دوستی کی وجہ سے لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے یہ حملہ کیا گیا تھا۔ خود سلمان خان کو بھی بشنوئی گینگ کی جانب سے جان سے مارنے کی کئی مرتبہ دھمکیاں دی جاچکی ہیں اور اسی سال اپریل میں ان کے گھر پر فائرنگ بھی ہوچکی ہے۔ اس کے باوجود دوست پر فائرنگ کئے جانے کی اطلاع ملتے ہی سلمان خان پہلے ان کی عیادت کیلئے اسپتال پہنچے اور پھر بابا صدیقی کا انتقال ہونے پر دوسرے روز تعزیت کیلئے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ مرحوم کی رہائش گاہ پر بھی گئے۔ 
 اس دوران ان کی جان کو خطرے کے پیش نظر ممبئی پولیس نے بالی ووڈ اسٹار کی باندرہ میں واقع رہائش گاہ پر سیکوریٹی میں اضافہ کردیا ہے اور یہاں حفاظتی انتظامات پر تعینات پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔ 
 سنیچر کو جس وقت سلمان خان کو بابا صدیقی کو گولی مارے جانے کی اطلاع ملی تھی اس وقت وہ ’ریئلٹی شو‘ بِگ باس کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ تاہم اس واردات کی اطلاع ملتے ہی وہ شوٹنگ روک کر لیلاوتی اسپتال پہنچ گئے جہاں بابا صدیقی کو علاج کیلئے لے جایا گیا تھا۔ بالی ووڈ سے صرف سلمان خان اور سنجے دت بابا صدیقی کو دیکھنے اسپتال پہنچے تھے۔ 
 البتہ ڈاکٹروں نے سنیچر کی رات کو ہی تصدیق کردی تھی کہ بابا صدیقی کا انتقال ہوچکا ہے۔ اتوار کی شب بابا صدیقی کی تدفین عمل میں آئی لیکن شام کے وقت سلمان خان سخت سیکوریٹی کے درمیان اپنے دوست کے آخری دیدار کیلئے ان کے گھر پہنچے۔ اس وقت ان کے ساتھ ان کا باڈی گارڈ شیرا اور چند پولیس اہلکاروں کے علاوہ بھائی سہیل خان، شورہ خان، ارپیتا خان شرما، الویرا اگنی ہوتری اور لولیا ونتور بھی موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK