• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سلمان خان کی سیکوریٹی میں اضافہ ،وائی پلس کر دی گئی

Updated: October 16, 2024, 10:31 PM IST | Mumbai

پولیس کا باباصدیقی کے قتل میں انٹیلی جنس کی ناکامی کا اعتراف ، اداکارکے قریب رہنےوالوں پر بھی نظر رکھی جارہی ہے

salman khan
سلمان خان

: بابا صدیقی کے قتل کے بعد ممبئی پولیس نے لارینس بشنوئی گینگ کی دھمکیوں کو مزید سنجیدگی  سے لیتے ہوئے سلمان خان کی سیکوریٹی کو بڑھا کر وائی پلس کردیا ہے۔اس کےساتھ ہی  اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہ این سی پی لیڈر اور سلمان خان کے قریبی دوست بابا صدیقی کے معاملے میں  انٹیلی جنس کے محاذ پر ناکامی ہوئی ہے، پولیس اہلکاروں نے دبنگ اداکار کے آس پاس اور ان کےقریبی حلقے پر نظر رکھناشروع کردیا ہے۔ 
  بابا صدیقی کے قتل کی جانچ میں مصروف کرائم برانچ کی ٹیم  کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس نمائندے   سے بات چیت میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بابا صدیقی کے قتل کی وجہ اُن کی سلمان خان سے دوستی اور قربت ہے۔ واضح رہے کہ ۱۹۹۸ء میں کالے ہرن  کے شکار کا معاملہ سلمان خان کا پیچھا نہیں چھوڑ رہا ہے۔  وہ مذکورہ ہرن  کے شکار کی وجہ سے بشنوئی گینگ کی ہٹ لسٹ پر ہیں ۔ گجرات کی جیل میں بند گینگسٹر اپنے غنڈوں  کے ذریعہ یکے بعد دیگرے اُن لوگوں کو نشانہ بنارہاہے جو سلمان خان کو جذباتی حمایت فراہم کرتے ہیں یا مالی طور پر ان کے ساتھ معاملات طے کرتے ہیں۔  
 کرائم برانچ میں موجود ایک افسر نے تصدیق کی ہے کہ حال ہی میں پنجابی گلوکار اے پی ڈھلون کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کی وجہ بھی سلمان خان سے ان کی قربت ہے کیوں کہ انہوں  نے سلمان کے ساتھ مل کر بلا معاوضہ میوزک ویڈیو بنانے کا اعلان کیاتھا۔ یاد رہے کہ ڈھلون کے گھر کے باہر فائرنگ کی ذمہ داری بھی بشنوئی گینگ   ہی نے لی تھی۔ ممبئی پولیس کے ایک اعلیٰ آئی پی ایس افسر نے باباصدیقی قتل کیس کی جانچ کے تعلق سے بتایا کہ ’’ہم تسلیم کرتے ہیں کہ یہ انٹیلی جنس کی ناکامی ہے۔اسے بہت سنجیدگی سے لیا جارہاہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ آئندہ ایسی کوئی واردات نہ ہونے پائے۔‘‘ افسر کے مطابق ’’سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے معاملے میں بھی اوراب بابا صدیقی کے قتل کے کیس میں بھی ہماری جانچ میں اسی بات کا اشارہ مل رہا ہے کہ یہ کام بشنوئی گینگ کا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ کنیڈا میں گلوکار کے گھر کے باہر فائرنگ بھی اسی سے جڑی ہوئی ہے۔ہمیں لگتا ہے کہ گینگ ہر اس شخص کو نشانہ بنا رہی ہے جو سلمان خان کے قریب ہے۔‘‘
 اس بیچ سلمان خان کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیاگیاہے۔ وائی پلس سیکوریٹی کے تحت سلمان  خان کو ایک ذاتی محافظ ملے گا جبکہ سفر کے دوران ان کے ساتھ پولیس کی ایک گاڑی رہے گی۔اس کے ساتھ ہی ان کے ساتھ اسلحہ چلانے کی مہارت رکھنےوالا ایک کانسٹیبل ہروقت موجود رہےگا۔ باندرہ میں ان کی رہائش گاہ کے علاوہ پنویل میں ان کے فارم ہاؤس کی سیکوریٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔سلمان خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نئے لوگوں سے ملنے سے گریز کریں جبکہ ان کے دوستوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کچھ دن ان سے ملاقات نہ کریں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK