• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مالیگاؤں میں سرکاری اسپتال کے پلنگ کباڑ میں پائے جانے پر سماجوادی پارٹی کا احتجاج

Updated: July 12, 2024, 10:43 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

سماجوادی پارٹی یونٹ کے شہرصدرمحمد مستقیم کی قیادت میں پارٹی کارکنان نے دھرنادیا۔ ڈپٹی میونسپل کمشنرگنیش شندے نے۷؍دنوں کےاندرتحقیقاتی رودادپیش کرنے کا وعدہ کیا۔

The beds of the government hospital are kept like garbage in the premises of Gharib Nawaz Fire Station. Photo: INN
غریب نواز فائر اسٹیشن کے احاطے میں سرکاری اسپتال کے پلنگ کباڑ کی طرح رکھے گئے ہیں۔ تصویر : آئی این این

مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے زیراہتمام جاری اسپتالوں کیلئے خریدے گئے پلنگ اور گدے کباڑ (بھنگار) میں پائے جانے پرسماجوادی پارٹی کی مقامی یونٹ نے اپنے لیڈرمحمد مستقیم کی قیادت میں زبردست احتجاجی دھرنادیا۔ عیاں رہے کہ خواجہ غریب نواز فائر اسٹیشن کے احاطے میںشہری انتظامیہ کی ملکیت کی فاضل اور بھنگار اشیابکثرت پڑی ہوئی ہیں۔ فائر اسٹیشن کاکھلا ہوا میدان شہری انتظامیہ کیلئے ’اسکریپ یارڈ‘یعنی کباڑ خانہ بن گیا ہے۔
معاملہ کیسے سامنے آیا؟
 محمد مستقیم نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی نگرانی میں جاری ہارون انصاری اسپتال میں ۱۰؍جولائی کو دردناک واقعہ پیش آیا۔ یہاں زچگی کیلئے آنے والی ایک خاتون(نام مخفی) کویہ کہہ کر دوسرے اسپتال لے جانے کا مشورہ دیا گیا کہ اسپتال میں بیڈخالی نہیں ہے۔اسلئے حاملہ خاتون کوداخل اسپتال کرنا ممکن نہیں۔ اس کے بعد اہل خانہ دوسرے اسپتال جانے کیلئے نکل رہے تھے کہ ہارون انصاری اسپتال کی راہداری میںاس خاتون کی زچگی ہوگئی۔ پردے اور اوڑھنی کا گھیرائو کر کے بچے کی ولادت کا مرحلہ طے ہوا۔ اس معاملے کی تفصیل سماجوادی پارٹی کو ملی تو تفتیش شروع کی گئی۔ معلوم ہواکہ ۴؍یا ۵؍مہینے قبل ۷۰؍ پلنگ مع گدے خریدے گئے لیکن اسے متعلقہ سرکاری اسپتال کے زچگی وارڈ میں نہیں دیاگیا۔ اُدھر اسپتال کے کارندے اور ڈاکٹر یہ کہہ کر دامن جھاڑلیتے ہیں کہ یہاں مریض کے لیٹنے بیٹھنے کا انتظام نہیں۔
مالیگاؤں سماجوادی پارٹی نے کیا الزامات لگائے؟
محمد مستقیم نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چند فیصد کمیشن کھانے کے لالچ میں یہ سب ہورہاہے۔شہری انتظامیہ کے خزانے سے رقومات کا اصراف برابرہوتاہےعوام کو فائدہ برابر نہیں ہوتا۔ یہی ۷۰؍پلنگ دیکھیں بھنگارخانے میں پڑے ہوئے ہیں۔ بالکل نئے بیڈ اور گدے ہیں۔ کھلے میدان میں موسم کے اثرات سے خراب ہوگئے۔محمد مستقیم نے مزید کہا کہ ’’اب یہی بیڈ اور گدے تھوڑے دنوں کےبعدجعلی دستاویز کی مدد سے اسکریپ  میں بیچے جائیں گے۔ گدے اور پلنگ نئے ہیں، آج بھی کارآمد ہیں  لیکن شہری انتظامیہ  کے حرام خور ٹھیکے دار اور سرکاری افسران میڈیکل لوازمات میں بھی کھانے کمانے کا رستہ بند نہیں کرنا چاہتے۔‘‘
ڈپٹی میونسپل کمشنر شندے کا بیان 
سماجوادی پارٹی کارکنان کی نعرے بازی کے دوران ڈپٹی میونسپل کمشنر گنیش شندے نے کہا کہ بیڈ اور گدے اسکریپ یارڈ میں رکھے جانے کے معاملے کی پوری انکوائری کیلئےوقت لگے گا۔ متعلقہ محکمہ ۷؍دنوں کے دوران انکوائری مکمل کرکے اپنی رپورٹ میونسپل کمشنر آفس میں پیش کرے گا۔ شندے نے یہ بھی کہا کہ بیڈ کی خریداری سے اب تک کی پوری صورت حال انکوائری میں شامل رہے گی۔ اس معاملے میں خاطی قرار پائے جانے والوں پرسخت سے سخت قانونی کارروائی بھی ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK