Inquilab Logo Happiest Places to Work

سنبھل: ’آزاد غزہ‘ اور اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل پر ۷؍ گرفتار

Updated: April 21, 2025, 9:01 PM IST | Sambhal

سنبھل، یوپی پولیس نے ۷؍ ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے اسرائیلی اشیاء کا بائیکاٹ کرنے اور ہندوستانی اشیاء کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے دیواروں پر پوسٹر چسپاں کیا تھا۔

The above poster. Photo: INN
مذکورہ پوسٹر۔ تصویر: آئی این این

اتر پردیش جہاں یوگی آدتیہ ناتھ کے راج میں اقلیتوں کیلئے اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرنا بھی گرفتاری کا باعث بن جاتا ہے، سنبھل پولیس نے ’’آزاد غزہ‘‘ا ور اسرائیلی اشیاء کے بائیکاٹ کا پوسٹر لگانے پر ۷؍ مسلمانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ سنبھل کے نرولی علاقے میں لگائے گئے ان پوسٹروں میں ’’آزاد غزہ‘‘ا ور ’’آزاد فلسطین‘‘ کے ساتھ ہی اسرائیلی مصنوعات کی جگہ ہندوستانی مصنوعات کے استعمال کی وکالت کی گئی تھی۔ سنبھل کے بنیاتھیر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او رام ویر سنگھ نے اتوار کو کی گئی ان گرفتاریوں کے تعلق سے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’’پوسٹروں میں اسرائیلی اشیاء کے بائیکاٹ کی اپیل کی گئی تھی۔ ہم نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمین کی شناخت کی اورانہیں گرفتار کرلیا۔‘‘ انہوں نےبتایاکہ ’’یہ پوسٹر دکانوں کی دیواروں پر، پولیس چوکیوں کے قریب مدرسوں اور الیکٹرک پول پرچسپاں کئے گئے تھے۔‘‘ 

اس سلسلے میں ایف آئی آر بی این ایس کی دفعہ ۱۲۶؍(غیر قانونی روک تھام) کے تحت درج کی گئی ہے۔ افسر نے بتایاکہ پوسٹر چسپاں کرنےوالوں کے تعلق سے اضافی معلومات ان دکانداروں سے حاصل کی گئی جن کی دیواروں پر پوسٹر لگائے گئے تھے۔ گرفتار شدگان کی شناخت عاصم، سیف علی، رئیس، مطلوب، فردین، ارمان اور ارباز کے طور پر ہوئی ہے۔ غزہ کے مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر پوسٹرمیں لکھا گیاتھا کہ’’پوری امت مسلمہ نےاس بات کو لازم کرلیا ہے کہ ہر اُس شے کا بائیکاٹ کیا جائے جس کا کسی بھی طرح کا کوئی تعلق اسرائیل سے ہو۔ ‘‘ جذباتی پیغام میں پوسٹر میں یہ بھی لکھا گیاتھا کہ ’’غزہ میں سب کچھ تباہ ہوچکاہے، اپنے فلسطینی بھائی بہنوں کی حالت زار پر اگر ہماری آنکھیں نم نہیں ہوتیںتو یاد رکھیں کہ ہم مر چکے ہیں۔اس لئے اپیل کی جاتی ہے کہ اسرائیلی اشیاء نہ خریدی جائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK