سماج وادی پارٹی کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں انکشاف، کئی سنگین غلطیوں کی نشاندہی ، پارٹی کی حکومت بننے پر دوبارہ پورے معاملہ کی جانچ کروانے کا اعلان
EPAPER
Updated: January 07, 2025, 11:05 PM IST | Ahmadullah Siddiqu | Lucknow
سماج وادی پارٹی کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں انکشاف، کئی سنگین غلطیوں کی نشاندہی ، پارٹی کی حکومت بننے پر دوبارہ پورے معاملہ کی جانچ کروانے کا اعلان
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے سنبھل سانحہ پر پارٹی کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ جاری کرتے ہوئے بی جے پی پر سنگین الزامات عائد کئے ۔ ساتھ پولیس اور انتظامیہ کو بھی کٹہرے میں کھڑا کردیا۔ انہوں نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سنبھل سانحہ اچانک رونما نہیں ہوا ۔ اس کے لئے بی جےپی اور اس کے حواریوں نے بہت پہلے سے منصوبہ بندی کرلی تھی۔ یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ نے اس دوران پولیس پر یہ سنگین الزام بھی عائد کیاکہ اس نے غیرقانونی اسلحہ سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بے گناہ اور معصوم نوجوانوں کی جان چلی گئی۔
بی جے پی پر شدید تنقیدیں
پریس کانفرنس میں بی جے پی کو ’دراڑوادی‘ پارٹی قراردیتے ہوئے انہوں نےکہا کہ بی جے پی کی نظرمیں انسان کی زندگی کی کوئی قیمت نہیں ہے ۔ وہ ایک سنگ دل پارٹی ہے۔ سنبھل میں جان بوجھ کر ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یوپی میںسماجوادی پارٹی کی حکومت بننےپر سبھی معاملوںکی دوبارہ جانچ کرائی جائے گی اور تمام خاطیوں کو سلاخوں کے پیچھے ڈھکیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ملک میں آگ لگارکھی ہے اور خاص طور پر یوپی کو نشانہ بنارہی ہے لیکن ہم اب اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔
عبادتگاہ قانون کے حوالے سے تنقید
ایس پی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی نے جان بوجھ کر سنبھل میں افسران کے ذریعے تشدد کو ہوا دی اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا۔ پارٹی کے وفد کوسنبھل جانے سےروکا گیا۔ آخر حکومت کیا چھپانا چاہتی تھی؟ انہوں نے کہا کہ جب ملک میں ’ پلیسیزآف ورشپ ایکٹ ۱۹۹۱ء ‘نافذ ہے تو پھر اتنی جلدی میں شاہی جامع مسجد کا سروے کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوگی حکومت کا ارادہ کچھ اور تھا ۔ وہ کہیں کا فائدہ کہیں اٹھانے کی کوشش میں تھی ۔
بدعنوانی پر نشانہ بنایا
اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے دو پہیے ہیں ایک ناانصافی اور دوسرا کرپشن۔ یہ لوگ بدعنوانی کے معاملات کو دبانے کےلئے ریاست میں مختلف مقامات پر تشدد کا سہارا لے رہے ہیں اور افسران اپنی مرضی کے مطابق کام کر کے ناانصافی کی تمام حدیں پار کر رہے ہیں۔سنبھل میں پولیس نے عوام کے ساتھ جو ناانصافی کی ہے وہ پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ پولیس نے لوگوں کو پیٹا، جھوٹے مقدمات درج کئےاور ان کے بیانات لینے کے لئے بھی ان پر تشدد کیا۔ یہاں تک کے غیر قانونی اسلحہ کا استعمال کیا گیا۔ یہ بات سبھی کو معلوم ہے کہ پولیس ہر طرح کا اسلحہ رکھتی ہے اسی لئے ہم یہ بات کھل کر کہہ رہے ہیں۔
رپورٹ کس نے بنائی ہے؟
سنبھل سانحہ پر رپورٹ پارٹی کے سینئر لیڈر اوراسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ماتا پرساد پانڈے کی قیادت میں تیار ہوئی ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سنبھل کی جامع مسجد کے دوبارہ سروےکے دوران مسلم فریق کی طرف سے کسی کو بھی مدعو نہیں کیا گیا تھا تاکہ منصوبہ بند فساد کروایا جاسکے۔بی جے پی کے لوگ اشتعال انگیز نعرے لگا رہے تھے اور جب معاملہ ہاتھ سے نکلنا شروع ہوا تو پولیس نےمنصوبے کے مطابق غیر قانونی اسلحہ کا استعمال کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس کے مال خانہ میں پستول بھی رہتا ہے، جسے بھیڑ پر استعمال کیا گیا۔ واضح رہے کہ ماتا پرساد پانڈے اوریوپی کونسل میں اپوزیشن لیڈر لال بہاری یادو کی قیادت میں سماجوادی پارٹی کا ایک وفد سنبھل گیا تھا جس نے متاثرین سے ملاقات کی تھی ۔