• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

منشیات کیخلاف سنجے رائوت کی ناسک میں ریلی،حکومت پر منشیات مافیا کو’تحفظ فراہم کرنے‘ کا الزام لگایا

Updated: October 21, 2023, 9:16 AM IST | Agency/Mukhtar Adeel | Nashik

کہا:فرنویس اپوزیشن کے بارے میں سب کچھ جانتے ہیں۔ وہ ڈرگ مافیا کے بارے میں کیسے نہیں جانتے؟ وہ ڈرگ مافیا اور ان لوگوں کو بچا رہے ہیں جو ’ہفتہ‘ لے رہے ہیں۔

Shiv Sena leader Sanjay Raut can be seen aggressively. Photo: INN
شیوسینا لیڈر سنجے رائوت جارحانہ انداز میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر:آئی این این

شیو سینا (یو بی ٹی) کے لیڈر سنجے راؤت نےممبئی پولیس کے ذریعہ ۳۰۰؍کروڑ روپے کی مالیت کی میفیڈرون کی حالیہ ضبطی کا حوالہ دیتے ہوئےجمعہ کو مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس پر ریاست میں منشیات مافیا کو’تحفظ فراہم کرنے‘ کا الزام لگایا۔ سنجے رائوت مہاراشٹرمیںمنشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت کےخلاف احتجاج کے لیے ناسک میں ایک مارچ میں شامل ہوئے۔ واضح رہےکہ شیوسینا اُدھو گروپ کی جانب سے ناسک میں منشیات کےخلاف سنجے رائوت کی قیادت میں مورچہ نکالاگیا تھا۔ اس موقع پر پارٹی کے اہم لیڈران میں ادوئے ہیرے ،ببن رائو گھولپ ،سنیل باگل، مہیش سرشاٹھ ،بالا صاحب کوکنے ، راہل دراڑے ،،سچن بانڈے سمیت کثیر تعداد میں شہری وعلاقائی عہدیداران شامل تھے۔ 
نامہ نگاروں سے کہا’’فرنویس اپوزیشن کے بارے میں سب کچھ جانتے ہیں۔ وہ ڈرگ مافیا کے بارے میں کیسے نہیں جانتے؟ وہ ڈرگ مافیا اور ان لوگوں کو بچا رہے ہیں جو ’ہفتہ‘ (تحفظ کی رقم) لے رہے ہیں۔‘‘۳۰۰؍کروڑ روپے کی میفیڈرون ضبطی معاملہ میں گرفتار کئے گئے ملزم للت پاٹل کو’آئس برگ (برفانی تودہ کاسرا)‘ قرار دیتے ہوئے، راوت نے کہا ’’دراصل، ڈرگ مافیا کے دوست اسمبلی میں بیٹھے ہیں۔یہ مہاراشٹر کی حالت زار ہے کہ ہمارے پاس ایسا وزیر داخلہ (فرنویس) ہے۔
للت پاٹل کی گرفتاری پر تنازع
 ریاست میں للت پاٹل کی گرفتاری کے بعد حکمراں فریق اور اپوزیشن کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی ہے۔ پاٹل کی گرفتاری کی خبر بدھ کے روز منظر عام پر آنے کے فوراً بعد، فرنویس نے کہاکہ ’’جلد ہی ایک اہم انکشاف سامنے آئے گا۔‘‘
سنجے رائوت نے ریاست کے وزیرداخلہ دیویندرفرنویس کوتنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہا کہ ’’نئی نسل منشیات کے استعمال سے تباہ ہورہی ہے۔ ریاست کے وزیرداخلہ فرنویس اس معاملے میں سیاست کر رہے ہیں۔ اُڑتے پنجاب کی طرح اُڑتا ناسک بنایا جارہاہے۔نشہ آور اشیاء بنانے اور اس طرح فروخت کرنے والوں کی دوستی اسمبلی تک ہے۔ راوت نے مزید الزام لگایا کہ ایم ایل اے اور وزراء’ہفتہ‘ لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’ایک ایم ایل اے منشیات کےریکیٹ سے ۱۶؍ لاکھ روپے لیتا ہے اور ایسے۶؍ ایم ایل اے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے منشیات کے استعمال کےبارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے ناسک میں تقریب کا اہتمام کیا اوردعویٰ کیا کہ اس تعلق سےطلباء اور والدین کی حوصلہ شکنی کی کوششیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا’’ہم نے طلباء اور والدین سےاپیل کی کہ وہ آج کےمورچہ میں شرکت کریں۔ تاہم،ایجوکیشن آفیسر نے ایک حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ طلباء مورچہ میں شرکت نہ کریں۔ کیا محکمہ تعلیم منشیات کی حمایت کرتا ہے؟‘‘
منشیات کی ضبطی
 ممبئی میں ساکی ناکہ  پولیس نے۶؍اکتوبر کو کہا تھاکہ اس نے۳۰۰؍کروڑروپے مالیت کا۱۵۱؍کلو گرام میفیڈرون ضبط کیاہےاور ۲؍ماہ طویل آپریشن کے دوران مختلف شہروں سے متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے۔جانچ کے دوران ناسک ضلع میں واقع ایک ڈرگ مینوفیکچرنگ یونٹ کا بھی پردہ فاش کیا گیا۔ پولیس کے مطابق پاٹل اس ریکیٹ کا کلیدی کھلاڑی ہے۔پاٹل۲؍اکتوبر کو پونے کے ساسون جنرل اسپتال سےفرار ہوگیا تھا، اور منگل کی رات کو بنگلور کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK