Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’امیت شاہ نے چھترپتی شیواجی مہاراج کی توہین کی‘‘

Updated: April 14, 2025, 11:50 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

شیو سینا ( ادھو) کے لیڈر رکن پارلیمان سنجے راؤت کا مرکزی وزیر داخلہ پر الزام، ریاستی حکومت سے امیت شاہ کیخلاف مقدمہ درج کرنےکا مطالبہ بھی کیا۔

Union Home Minister Amit Shah speaking in Raigad on Saturday. Photo: INN.
سنیچر کو رائے گڑھ میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

شیو سینا(ادھوبالا صاحب ٹھاکرے ) پارٹی کے لیڈر و رکن پارلیمان سنجے راؤت نے اتوار کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر الزام عائد کیا ہےکہ گزشتہ روز رائے گڑھ میں اپنے خطاب میں امیت شاہ نے چھترپتی شیواجی مہاراج کی توہین کی ہے اور انہیں کا نام لیتے ہوئے محض شیواجی ...شیواجی کہا ہے، جبکہ ہم اور پورا مہاراشٹر چھترپتی شیواجی مہاراج نام لیتا ہے۔ گویا مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے چھترپتی شیواجی مہاراج کی توہین کی ہے لہٰذا ریاستی حکومت کو ان کے خلاف رائے گڑھ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرنی چاہئے۔ مقدمہ درج کرنے کی ہدایت ریاست کے وزارت داخلہ کودینا چاہئے۔ سنجے راؤت نے اورنگ زیب کی قبر کو ’سمادھی ‘کہنے پر بھی تنقید کی۔ 
سنجے راؤت نے کہا کہ ’’ گزشتہ روز امیت شاہ نے اپنے خطاب میں متعدد مرتبہ چھتر پتی شیواجی مہاراج کا نام لیا لیکن بار بار مہاراج کو محض شیواجی کہہ کر ہی یاد کیا۔ اس وقت ڈائس پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار و دیگر وزرا ءبیٹھے ہوئے تھے لیکن انہیں بھی یہ شیواجی مہاراج کی توہین نہیں لگی، یہ افسوسنا ک ہے اوروہ حقیقی معنوں میں شیواجی سے عقیدت نہیں رکھتے ہوں گے اور اسی لئے انہیں اس یہ توہین محسوس نہیں ہوئی۔ حالانکہ شیواجی مہاراج سے عقیدت رکھنے والا انہیں کبھی میں محض شیواجی نہیں کہے گا بلکہ شیواجی مہاراج کہہ کر ہی یاد کرے گا اور اسی لئے میرا مطالبہ ہےکہ امیت شاہ کے خلاف مہاراج کی توہین کامقدمہ درج کیاجانا چاہئے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ’’ امیت شاہ کی جگہ کسی اور پارٹی کی لیڈر نے اگراس طرح شیواجی مہاراج کی توہین کی ہوتی تو اب تک اس کے اور اس کے حامیوں کےخلاف متعدد ایف آئی آر درج کر کےگرفتار کرلیا گیا ہوتا اور جیل میں ڈال دیا گیا ہوتا۔ ‘‘ سنجے راؤت نے کہا کہ ’’ جس وقت امیت شاہ تقریر کر رہے تھے اس وقت شندے خیمے اور بی جے پی والے کسی کو یہ محسوس نہیں ہوا کہ شیواجی مہارا ج کی توہین ہو رہی ہے۔ انہیں انہوں نے سنا نہیں یا سماعت کی مشین نہیں لگائی تھی۔ ‘‘
واضح رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سنیچر کو چھترپتی شیواجی مہاراج کی۳۴۵؍ ویں برسی کے موقع پر رائے گڑھ قلعہ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شیواجی رائے گڑھ میموریل بورڈ کی مقامی تہوار کمیٹی مہاڈ کے ذریعہ منعقدہ ایک پروگرام میں خطاب کیا تھا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، مرکزی وزیر مملکت مرلی دھر موہول، اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چندرکانت پاٹل، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ثقافتی امور کے وزیر ایڈو کیٹ آشیش شیلار، خواتین و اطفال کی ترقی کی وزیر ادیتی تٹکرے اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ 
سنجے راؤت نے مزید کہا کہ ’’ اورنگ زیب کی قبر مہاراشٹر کے یودھا چھتر پتی شیواجی مہاراج کی جنگ فتح کرنے کی جیتی جاگتی مثال ہے کہ مہاراشٹر پر حملہ کرنے کیلئے آنے والے اورنگ زیب کو مار کر اس کی قبر ہم نے یہی پر بنا دی ہے۔ یہ قبر نوجوان نسل اور آئندہ نسل کیلئے وہ نشانی ہے جو یاد دلاتی ہے کہ اورنگ زیب جس نے مہاراشٹر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی اسے ہم نے یہاں پر دفن کر دیا ہے۔ اسی قبر کو امیت شاہ نے سمادھی کا درجہ دے دیا۔ اگر یہ سمادھی ہے تو پھر بی جے پی اور مہایوتی کے لیڈر گزشتہ ۳؍ مہینے سے اس قبر کومسمار کرنے اور فساد کروانے کی کوشش کیوں کر رہے تھے؟فساد کرنے والوں کو تو وزیر اعلیٰ اور وزارت داخلہ کی بھرپور حمایت حاصل تھی۔ کیا اس قبر کو سمادھی کہنا چھتر پتی شیواجی مہاراج کی توہین نہیں ہے؟ اگر دوسری کسی پارٹی کا لیڈر اورنگ زیب کی قبر کو سمادھی کہہ دیتا تو بی جے پی کی جانب سے پورے ملک میں آندولن کیا جاتا۔ 
اسی معاملے پر شیوسینا ( یو بی ٹی ) کے لیڈر و رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ’’ مغل ہویا افضل خان انہوں نے مہاراشٹر کو لوٹنے کا کام کیا تھا اور بی جے پی کی بھی یہی ذہنیت ہے اور اسی لئے جسے مہاراشٹر نے دفن کیا ہے اور یہ بتا دیا گیا کہ مہاراشٹر کو جو بھی لوٹنے کی کوشش کرے گا اسے اسی طرح دفن کر دیا جائےگا۔ یہ قبر امیت شاہ کو سمادھی لگ رہی ہے۔ یہ افسوسناک ہے۔ ‘‘ 
انہوں نےمزید کہا کہ’’ امیت شاہ نے مہاراج کی توہین بھی کی ہے لہٰذا ہمیں مہاراج اور مراٹھا کے بارے میں درس دینے والے اب کہاں غائب ہو گئے؟‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK