شیوسینا (یوبی ٹی ) کے لیڈر سنجے راؤت نے ہندتواوادی تنظیموں کے احتجاج کو ناٹک قرار دیا۔
EPAPER
Updated: March 18, 2025, 12:16 PM IST | Agency | Mumbai
شیوسینا (یوبی ٹی ) کے لیڈر سنجے راؤت نے ہندتواوادی تنظیموں کے احتجاج کو ناٹک قرار دیا۔
شیوسینا (یوبی ٹی) کے لیڈر سنجے راؤت نے شیواجی مہاراج کی جینتی کے موقع پر اورنگ زیب کی قبر کے خلاف جاری احتجاج پر شدید تنقید کی ہے۔ راؤت نے کہا کہ’’آندولن کی کوئی ضرورت نہیں اور یہ محض ایک سیاسی ناٹک ہے۔ ‘‘ راؤت نے کہا کہ ’’شیواجی مہاراج کی لڑائی اورنگ زیب اور دیگر مغل بادشاہوں سے سوراج کیلئے ہوئی۔ مہاراشٹر میں اورنگ زیب کی قبر ہے اور میں مانتا ہوں کہ یہ مراٹھوں کے شوریہ کا اسمارک ہے۔ آنیوالی نسلوں کو پتہ چلنا چاہئے کہ مہاراج اور مراٹھوں نے کس طرح دشمنوں سے لڑائی لڑی لیکن مراٹھوں پر حاوی نہیں ہوسکے۔ یہ تاریخ ہے اور اسے ایسا نہیں رہناچاہئے۔ ‘‘
’’نئے نئے ہندتواوادی تاریخ نہیں سمجھتے‘‘
راؤت نے ہندتواوادی تنظیموں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ’’کچھ لوگ ابھی نئے نئے ہندتواوادی بنے ہیں، انہیں تاریخ کا کیا علم؟ کوئی ان میں چابی بھردیتا ہے اور وہ آندولن شروع کردیتے ہیں۔ مہنگائی پر بولو، کسانوں کی خودکشیوں پر بولو، ان مسائل پر آندولن کرو۔ لیکن اس طرح کے آندولن کی کیا ضرورت ہے؟ سرکار کس کی ہے؟ مرکز میں مودی جی اور مہاراشٹر میں آر ایس ایس کی سرکار ہے۔ میرا سوال یہ ہے کہ آپ آندولن کیوں کررہے ہو؟ اگر آپ کو قبر ہٹانا ہے تو ہٹا دو، آپ کو کس نے روکا ہے؟ مودی جی کو کس نے روکا تو نہیں ہے؟ یہ آندولن کا ناٹک بند کرو، اوربھی مسائل ہیں، جن سے لوگوں کو تکلیف ہے، اس کے خلاف احتجاج کیا جائے۔