Updated: November 11, 2024, 11:33 AM IST
| Mumbai
مہاوکاس اگھاڑی ( ایم وی اے) کے خوف سے مہا یوتی کی جانب سےممبئی اور تھانے کے متعدد اسمبلی حلقوں میں غنڈوں کو تعینات کیاجارہا ہےاور ایم وی اے کی حمایت کرنے والوں کودھمکانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہ تقرر ورشا بنگلہ کی ہدایت پر کئے جا رہے ہیں۔ یہ سنگین الزام ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا کے ترجمان سنجے راؤت نے پریس کانفرنس میں لگائے ہیں۔
سنجےراؤت ۔ تصویر: آئی این این۔
مہاوکاس اگھاڑی ( ایم وی اے) کے خوف سے مہا یوتی کی جانب سےممبئی اور تھانے کے متعدد اسمبلی حلقوں میں غنڈوں کو تعینات کیاجارہا ہےاور ایم وی اے کی حمایت کرنے والوں کودھمکانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہ تقرر ورشا بنگلہ کی ہدایت پر کئے جا رہے ہیں۔ یہ سنگین الزام ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا کے ترجمان سنجے راؤت نے پریس کانفرنس میں لگائے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیاکہ اگر ممبئی کے لاء اینڈ آرڈر کےانچارج افسر چاہے تو وہ غنڈوں کی فہرست بھی دینے کیلئےتیار ہیں۔
سنجے راؤت نے کہاکہ مہاراشٹرکے ممبئی، تھانے، پونے اضلاع کے متعدد اسمبلی حلقہ میں غنڈوں کا راج چل رہاہے۔ ان میں بدنام زمانہ غنڈے جو انڈرورلڈ سے منسلک ہیں ، ان غنڈوں کو اسمبلی حلقہ میں لا کر مہا وکاس اگھاڑی کے حمایتیوں میں دہشت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جس طرح سیاسی پارٹی اپنا آبزرور مقرر کرتی ہیں اسی طرح بی جے پی اور شندے کی جانب سے ان غنڈوں کا تقرر کیاگیا ہے۔ مَیں ممبئی کے لاء اینڈ آرڈر کے چیف ستیہ نارائن چودھری کو ان غنڈوں کے ناموں کی فہرست بھی دے سکتا ہوں۔ جن اسمبلی حلقوں میں غنڈوں کا تقرر کیا گیا ہے ان میں دادر، کانجور مارگ، وکھرولی، بھانڈوپ، ملنڈ، تھانے، کوپری پانچ پکھاڑی، کالینہ اور کرلا شامل ہیں۔ کئی غنڈوں کو اسمبلی کے موقع پر استعمال کرنے کیلئے جیل سے ضمانت پر رہا کیا گیا ہے اور متعدد کو جیلوں میں فون وغیرہ فراہم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ’’ورشا کے حکم پر رات میں آئی پی ایس افسر کے ساتھ ان غنڈوں کی میٹنگ منعقد کی جارہی ہے اور غنڈوں اوران افسران کو ہدایت دے رہے ہیں کہ اسمبلی حلقوں میں کس طرح کام کرنا ہے اور کس طرح لوگوں کو دھمکانا ہے۔ ‘‘
رکن پارلیمان سنجے راؤت نے کہاکہ ’’ اس طرح ڈر و خوف سے پاک الیکشن کیسے ہوگا اور الیکشن کمیشن کہاں ہے؟‘‘سنجے راؤت کے بقو ل اس خوف کا ماحول بنانے کیخلاف ہم الیکشن کمیشن سےبھی شکایت کریں گے۔
انہوں نے پولیس افسران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ’’ مہا یوتی کی سرکار جانے والی ہے اور مہا وکاس اگھاڑی کی سرکار آنے والی ہے اس لئے انہیں ایسا کام نہیں کرناچاہئے جو ممبئی اور مہاراشٹر پولیس کو بدنام کرے اور سیاہ دھبا لگائے۔ ‘‘سنجے راؤت نے کہاکہ ’’ہم نہیں گھبرائیں گے اور دیویندر فرنویس کی طرح سیکوریٹی نہیں بڑھائیں گے بلکہ لڑیں گے اور جیتیں گے۔ ‘‘