شیوسینا (ادھو ) کے ترجمان سنجے راؤت کا دعویٰ ہے کہ مہاراشٹر کے عوام ادھو ٹھاکرے کو وزیراعلیٰ کی کرسی پر دیکھنا چاہتے ہیں۔
EPAPER
Updated: October 28, 2024, 12:49 PM IST | Mumbai
شیوسینا (ادھو ) کے ترجمان سنجے راؤت کا دعویٰ ہے کہ مہاراشٹر کے عوام ادھو ٹھاکرے کو وزیراعلیٰ کی کرسی پر دیکھنا چاہتے ہیں۔
اسمبلی الیکشن کی تاریخ جیسے جیسے نزدیک آرہی ہے ویسے ویسے سیاسی پارہ بڑھتا جارہا ہے۔ اس درمیان شیوسینا (یو بی ٹی ) کےر کن پارلیمان نے مہا وکاس اگھاڑی میں سیٹ شیئرنگ اور وزارت اعلیٰ کے چہرے کے متعلق بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمارا کوئی فارمولا نہیں ہے۔ ‘‘ اے بی پی نیوز کو دئیے گئے انٹرویو میں سنجے راؤت نے مہا وکاس اگھاڑی میں سیٹ شیئرنگ کے متعلق رسہ کشی پر تبصرہ کیا کہ’’مہا وکاس اگھاڑی ایم وی اے کےنام سے جاتی ہے، ایسے میں اس کا کوئی فارمولا نہیں ہے کہ آپ ۱۰۰؍ سیٹ پر لڑیں گے، آپ ۹۰؍ سیٹ پر لڑیں گے۔ سیٹوں کی تقسیم بہت ہی مائیکرو لیول پر ہوئی ہے۔ جہاں جس کی جتنی طاقت ہے، جہاں پر جس کے جیتنے کی جتنی گنجائش ہے، اسے وہ سیٹ ملی ہے۔ اسلئے میں کوئی فارمولا ماننے کو تیار نہیں ہوں۔ ‘‘ وزیراعلیٰ کون بنے گا؟ کے سوال پر راؤت نے کہا کہ’’میں زیادہ کچھ نہیں کہوں گا، لیکن مہاراشٹر کے عوام چاہتے ہیں ادھو ٹھاکرے وزیراعلیٰ بنیں، تو آپ کیسے کسی کو روک سکتے ہیں۔ اگر کانگریس کے پاس کوئی چہرہ ہے تو انہیں اس چہرے کو فوراً ظاہرکردینا چاہے، اس پر ہم ضرور غورو خوض کریں گے۔ ‘‘ راؤت نے مزید کہا کہ ز’’کانگریس ہائی کمان دہلی سے ہی امیدواروں کا انتخاب طے کرتا ہے، ایسے میں اگر ہائی کمان نے وزیراعلیٰ کا چہرہ طے کرلیا ہے تو ضرور بتادیجئے، کل کے سامنا میں صفحہ اول پر آجائے گا۔ ‘‘وہیں نانا پٹولے کے سی ایم چہرے کے پوسٹر پر راؤت نے طنزاً کہا کہ’’اچھی بات ہے، پوسٹر لگنے دو، لطف اٹھانے دو۔ ‘‘ اسکے علاوہ مہایوتی سرکار کی لاڈلی بہن اسکیم پر سنجے راؤت نے کہا کہ’’مہاراشٹر کی معاشی صورتحال اتنی خراب ہے کہ اوور ڈرافٹ پر اسٹیٹ چل رہا ہے۔ سرکاری ملازمین کو تنخواہ دینے کے پیسے نہیں ہیں تو یہ اسکیمیں دینے کیلئے پیسہ کہاں سے لائیں گے۔ اگر اس اسکیم سے عوام کوفائدہ ہوتا ہے تو ہماری سرکار بھی اسے جاری رکھے گی۔ ‘‘راؤت نے دعویٰ کیا ہے کہ ’’ہم ۱۶۵؍ سے ۱۷۰؍سیٹیں جیتیں گے۔ ‘‘
سماجوادی پارٹی مہاوکاس اگھاڑی کا اٹوٹ حصہ ہے : ابو عاصم اعظمی کا بیان
مہاوکاس اگھاڑی سے علاحدگی کی افواہوں پر سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر ابوعاصم اعظمی نے ایکس پوسٹ میں لکھا کہ’’سماجوادی پارٹی، مہاوکاس اگھاڑی کا اٹوٹ حصہ ہے، سماجوادی پارٹی نے آئین کے تحفظ کیلئے ایم وی اے کا پوری طاقت سے ساتھ دیا ہے اور آگے بھی ساتھ دے گی۔ مہا وکاس اگھاڑی میں سماجوادی پارٹی کو اس وقت دو سیٹیں ملی ہیں۔ اس وقت میں ایک سیٹ مانخورد - شیواجی نگر کی ہے اور دوسری سیٹ بھیونڈی (ایسٹ) کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی دیگر سیٹوں کیلئے سماجوادی پارٹی کی جانب سے بات چیت جاری ہے، جہاں پر سماجوادی پارٹی کی طاقت ہے اور جہاں عوام سماجوادی پارٹی کی امیدواری چاہتے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ایم وی اے مہاراشٹر میں ان سیٹوں پر سماجوادی پارٹی کو موقع دےگی۔ اس کے ساتھ ہی میں اورنگ آباد یا دیگر سیٹوں پر جہاں پارٹی کے عہدیدار اور رضاکار ہیں ان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کسی بھی طرح کی بات پر دھیان نہ دیں۔