• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سعودی ایئرلائنز نے ۱۹۱؍ نئے طیارے خریدے

Updated: December 13, 2024, 11:37 AM IST | Agency | Riyadh

 سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی ’سعودیہ‘کے سرکاری ترجمان انجینئر عبداللہ الشہرانی نے بتایا ہے کہ سعودی ایئرلائنز گروپ نے ۱۹۱؍ نئے طیارے خریدے ہیں جو آئندہ برسوں میں قومی فضائی کمپنی کے بیڑے میں شامل ہو جائیں گے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

 سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی ’سعودیہ‘کے سرکاری ترجمان انجینئر عبداللہ الشہرانی نے بتایا ہے کہ سعودی ایئرلائنز گروپ نے ۱۹۱؍ نئے طیارے خریدے ہیں جو آئندہ برسوں میں قومی فضائی کمپنی کے بیڑے میں شامل ہو جائیں گے۔ اس سلسلے میں آخری طیارے کا حصول ۲۰۳۲ء میں ہو گا۔ الشہرانی کے مطابق سعودی ایئرلائنز کے بیڑے میں طیاروں کے اضافے کا مقصد ۲۰۳۴ءکے فٹبال عالمی کپ میں اندرون و بیرون ملک سے آنے والے شائقین کے استقبال کی تیاری ہے۔ اس کے علاوہ سعودی ایکسپو ۲۰۳۰ء کے انعقاد کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ عبداللہ الشہرانی نے بتایا کہ اس وقت سعودی ایئرلائنز کے بیڑے میں ۱۹۰؍ طیارے شامل ہیں۔ ۲۰۳۴ءتک طیاروں کی مجموعی تعداد ۳۸۱؍تک ہو جائے گی۔ الشہرانی کے مطابق ریاض ایکسپو اور فٹ بال عالمی کپ کی میزبانی کے عرصے میں برقی طیارے اہم کردار ادا کریں گے۔ اس کا مقصد نقل و حمل میں تیزی اور نقل و حمل کے نئے ذریعے کا اضافہ ہے جو ان سرگرمیوں کی میزبانی کرنے والے تمام شہروں کو آپس میں مربوط کرے گا۔ انجینئر الشہرانی نے مزید بتایا کہ سعودی ایئرلائنز گروپ ۲۰۳۰ء تک تقریباً ۲۰۰؍ نئی بین الاقوامی منزلوں کے اضافے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس وقت سعودی ایئرلائنز کی منزلوں کی تعداد ۱۰۰؍ تک ہے۔ 
 ریاض ایکسپو اور فٹ بال عالمی کپ آئندہ برسوں میں دو اہم سرگرمیاں ہیں جن کے سبب ایوی ایشن سیکٹر میں غیر معمولی طلب کے نتیجے میں مملکت میں اقتصادی نمو کو تقویت ملے گی۔ ساتھ ہی ویژن ۲۰۳۰ءپروگرام کے اہداف یقینی بنائے جا سکیں گے۔ سعودی عرب کی معیشت میں سول ایوی ایشن سیکٹر کا حصہ ۵۳؍ ارب ڈالر ہے۔ اس میں ۲۰ء۸؍ ارب ڈالر ہوابازی کی سرگرمیوں اور ۳۲ء۲؍ ارب ڈالر سیاحت کے سیکٹر سے متعلق ہے۔ سعودی عرب ایکسپو ۲۰۳۰ءکی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ جدید عالمی اختراعات اور ٹکنالوجیز کی نمائش کیلئے ایک پلیٹ فارم ہو گا۔ توقع ہے کہ دنیا بھر سے ۴؍ کروڑ افراد ایکسپو کا دورہ کریں گے جس کا بجٹ تقریباً ۷ء۸؍ ارب ڈالر ہے۔ اس کے ۴؍سال بعد سعودی عرب فٹ بال کے شائقین کی توجہ کا مرکز ہو گا۔ سعودی عرب فیفا کی تاریخ میں پہلا ملک ہو گا جو کسی فٹبال عالمی کپ میں ۴۸؍ ٹیموں کی میزبانی کرے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK