• Sat, 04 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

سعودی عرب : عوامی سہولتوں کیلئے نئے قوانین متعارف کرائے گئے

Updated: January 01, 2025, 12:49 PM IST | Agency | Riyadh

سعودی عرب میں عوامی سہولتوں کے مقام اور و سائل کی حفاظت اور ان کے بلا تعطل استعمال کو یقینی بنانے کیلئے نئے قوانین متعارف کرائے گئے ہیں، جن کے تحت سڑکوں، سیلابی نکاسی آب کے نظام، پانی، بجلی کے میٹرز اور دیگر عوامی خدمات سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں پر سخت جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

Mohammed bin Salman Al Saud. Picture: INN
محمد بن سلمان آل سعود۔ تصویر: آئی این این

سعودی عرب میں عوامی سہولتوں کے مقام اور و سائل کی حفاظت اور ان کے بلا تعطل استعمال کو یقینی بنانے کیلئے نئے قوانین متعارف کرائے گئے ہیں، جن کے تحت سڑکوں، سیلابی نکاسی آب کے نظام، پانی، بجلی کے میٹرز اور دیگر عوامی خدمات سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں پر سخت جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ نئے ضوابط کے مطابق، عوامی سڑکوں یا سیلابی نکاسی آب کے نظام کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانے، رکاوٹ ڈالنے یا ان کو بلاک کرنے والے افراد پر زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ان جرمانوں کا مقصد مرمت کی لاگت کے ۷۵؍فیصد تک کا احاطہ کرنا ہے۔ خلیجی میڈیا کے مطابق اگر کسی گروہ یا افراد کے ایک ساتھ مل کر خلاف ورزی کرنے کا معاملہ سامنے آتا ہے، تو وہ اجتماعی طور پر سزا برداشت کریں گے اور انہیں مرمت کے اخراجات کے علاوہ دیگر نقصانات کی تلافی بھی کرنی ہوگی۔ اس ضمن میں ناکامی کی صورت میں ریاستی محصولات کے قانون کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ مزید برآں، غیر منظور شدہ تعمیرات یا سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام میں نقصانات ڈالنے کی صورت میں ۱۰؍فیصد تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جس کی حد ایک لاکھ ریال رکھی گئی ہے۔ اگر اجازت حاصل کرلی جاتی ہے تو اس جرمانے کو ۵؍فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ غیر قانونی تجاوزات کرنے والوں ذاتی فائدے کے لیے سڑکوں میں سوراخ یا کاٹ پیٹ کرنے والوں کو ۵۰؍ہزار ریال تک جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ، پیٹرولیم مصنوعات یا خطرناک مواد جیسے گندگی کے ساتھ عوامی سڑکوں پر خلل ڈالنے والوں پر تین ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ پانی، بجلی کے میٹرز، پبلک ٹیلی فون ڈیوائسز یا ریلوے کے نظام کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والوں پر بھی تین ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ عوامی سہولت تک غیر قانونی رسائی فراہم کرنے والوں کو دو ہزار ریال جرمانہ کا سامنا ہوگا۔ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کو دوگنا جرمانہ کیا جائے گا، جو کہ زیادہ سے زیادہ سزا کے برابر ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK