جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر ۵۰۰؍ سے زائد تاریخی اشیاء اور ۲۰۰؍ سے زائد معاصر اسلامی فن پاروں کی نمائش کی جارہی ہے۔
EPAPER
Updated: January 30, 2025, 12:16 PM IST | Makkah
جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر ۵۰۰؍ سے زائد تاریخی اشیاء اور ۲۰۰؍ سے زائد معاصر اسلامی فن پاروں کی نمائش کی جارہی ہے۔
غلافِ کعبہ پہلی بار مکہ مکرمہ سے باہر نمائش کیلئے پیش کیا گیا ہے جو کہ کنگ عبدالعزیز ایئر پورٹ پر۲۵؍ مئی تک جاری رہےگی۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق خانہ کعبہ کے غلاف کسوہ کو پہلی بار مکہ مکرمہ سے باہر نمائش کیلئے پیش کیا گیا، زائرین غلافِ کعبہ کی تیاری کے مراحل دیکھ سکیں گے۔ غلافِ کعبہ قرآنی آیات، اسماء حسنہ اور اسلامی طرز کی آرائش کے ساتھ اسلامی فنون کی اعلیٰ ترین تخلیق ہے۔ نایاب اسلامی فن پاروں کی عکاسی کرتی یہ بےمثال نمائش کنگ عبدالعزیز انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل پر۲۵؍ جنوری سے۲۵؍ مئی تک جاری رہے گی، زائرین غلافِ کعبہ’’کسوہ‘‘کی تیاری کے مراحل دیکھ سکیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ جدہ ایئرپورٹ پریہ اسلامی فن پاروں کی نمائش ’’اسلام آرٹس بائنالے ۲۰۲۵ء‘‘ کے عنوان سے کی جارہی ہے۔ حج ٹرمینل کے گوشے میں خصوصی نمائش گاہ تیار کی گئی ہے۔ جدہ آنیوالے اور یہاں سے گزرنے والے مسافروں کے لئے یہ نمائش منعقد کی جارہی ہے جو پانچ ماہ تک جاری رہے گی۔ اس نمائش کےمتعلق ایک غیرملکی ویب سائٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر ۵۰۰؍ سے زائد تاریخی اشیاء اور ۲۰۰؍ سے زائد معاصر اسلامی فن پاروں کی نمائش کی جارہی ہے۔
حرمین اتھاریٹی نے زائرین کیلئے ہدایات جاری کیں
دوسری جانب الحرمین الشریفین اتھاریٹی نے طواف کعبہ کے دوران زائرین کے لئے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ادارہ برائے امور الحرمین الشریفین نےکہا ہے کہ طواف کعبہ کے لئے جائز عمل حجر اسود اور رکن یمانی کی جانب ہاتھ بلند کرکے تکبیر کہنا یا اگر ممکن ہو تو حجر اسود کو چھونا یا بوسہ دینا ہے۔
زائرین کی آگاہی کے لئے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ دوران طواف مقام ابراہیم یا خانہ کعبہ کی دیواروں اور غلاف کو چھونا سنت سے ثابت نہیں، اس سے قبل الحرمین اتھاریٹی نے عمرہ زائرین سے درخواست کی تھی کہ وہ طواف کعبہ کے دوران آداب کا خیال رکھیں، آواز بلند نہ کریں اور بلا وجہ اژدہام کا باعث نہ بنیں۔