• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سعودی وزیر خارجہ کا دورۂ ترکی، صدر اردگان اور وزیرخارجہ سے ملاقات

Updated: July 16, 2024, 1:38 PM IST | Agency | Istanbul

سعودی عرب اورترکی کے تعلقات، علاقائی ترقی اور خطے میں استحکام زیرِ بحث آیا۔

Photo of the meeting between Turkish President Erdogan and Saudi Foreign Minister Prince Faisal. Photo: INN
ترکی کے صدر اردگان اور سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل کی ملاقات کی تصویر۔ تصویر : آئی این این

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ترکی دورے پر ترکی پہنچ گئے ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ سعودی عرب اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے اتوار کو سرکاری دورہ پر استنبول پہنچے۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کا ان کا استقبال کیا۔ دونوں لیڈران نے علاقائی ترقی اور خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کی کوششوں کے بارے میں بھی بات کی۔ شہزادہ فیصل اور ترک صدر کے درمیان ملاقات میں وزارتِ خارجہ کے نائب سیکریٹری برائے سیاسی امور سعود الساطی اور ترکیہ میں سعودی سفیر فہد ابو النصر نے بھی شرکت کی۔ 
 قبل ازیں  شہزادہ فیصل کا اتاترک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر ترکی کے نائب وزیرِ خارجہ نوح یلماز نے استقبال کیا۔ شہزادہ فیصل نے اپنے ترک ہم منصب ہاکان فیدان سے بھی ملاقات کی اور ایک پریس کانفرنس میں کہا، سعودی ترک تعلقات تمام سیاسی، اقتصادی اور سیکوریٹی شعبوں میں نمایاں پیش رفت کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ۲۰۲۳ء میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تبادلے کا حجم۶ء۸؍ بلین ڈالر تھا جس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ۱۵؍ فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مزید اقتصادی تعاون کے منتظر ہیں بالخصوص ریاض میں آئندہ سعودی ترک رابطہ کونسل کے دوسرے اجلاس کے ساتھ۔ شہزادہ فیصل نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اور فیدان نے کئی علاقائی مسائل بالخصوص مسئلہ فلسطین اور غزہ پر اسرائیلی حملے کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی مملکت اور ترکیہ کی سیاسی پوزیشن یکساں ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک خطے میں امن عمل بحال کرنا چاہتے ہیں اور اسرائیلی قتل و غارت گری کو روکنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا، سعودی عرب اور ترکی فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کو روکنا، غزہ تک انسانی امداد کی فراہمی کو ممکن بنانا اور فلسطینی عوام کو حق خود ارادیت دینا چاہتے ہیں جو ایک آزاد اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ فلسطینی ریاست قائم کر کے کیا جائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK