• Wed, 16 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبرا میں’ساوتری مائی پھلے- فاطمہ بی شیخ عوامی کتب خانہ‘ شروع ،یہ جدید سہولیات سے آراستہ ہے

Updated: October 16, 2024, 3:29 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

کوسہ کے ایم ایم ویلی علاقے میں ’ساوتری مائی پھلے- فاطمہ بی شیخ  عوامی کتب خانہ‘‘ پیر سے طلبہ کیلئے شروع کر دیا گیا۔

In the opening ceremony, Member of Assembly Ohar expressed his views. Photo: INN
افتتاحی تقریب میں رکن اسمبلی اوہاڑ اظہار خیال کرتے ہوئے ۔ تصویر : آئی این این

کوسہ کے ایم ایم ویلی علاقے میں ’ساوتری مائی پھلے- فاطمہ بی شیخ  عوامی کتب خانہ‘‘ پیر سے طلبہ کیلئے شروع کر دیا گیا۔ متعدد طلبہ نے ایئرکنڈیشن (اے سی) کمرے میں بیٹھ کر پڑھائی کی اور اس مفت سہولت سے استفادہ کیا۔ یہ لائبریری کوسہ میونسپل اردو اسکول کے پیچھے  واقع ہے جہاں طلبہ کے ساتھ ساتھ عام افراد بھی اخبار اور کتابوں کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔  اس میونسپل لائبریری کا افتتاح اتوار کو رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ کے ہاتھوں ہوا  تھا۔پروگرام کی شروعات میں این سی پی ( اجیت پوار) کے لیڈر مرحوم بابا صدیقی کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیاگیا۔
لائبریری کے افتتاح کے موقع پرجتیندر اوہاڑ نے طلبہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ غریبی کبھی بھی تعلیم حاصل کرنے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ ساوتری بائی پھلے، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر، اے پی جے عبدالکلام کی مثالیں آپ کے سامنے ہیں جو غریب گھرانوں سے تعلق رکھتے تھے لیکن انہوں نے پورے جنون  کے ساتھ پڑھائی کی اور آج وہ  مثال بن گئے ہیں۔ لائبریری خصوصی طور پر ایسے غریب طلبہ کیلئے قائم کی گئی ہے جو  چھوٹے گھر ہونے کے سبب پڑھائی نہیں کر پاتے۔ وہ اپنی غریبی کا خیال نہ کرتے ہوئے دلجمعی کے ساتھ یہاں بیٹھ کر پڑھائی کریں اور ڈاکٹر، انجینئریا  قابل شخصیت بنیں۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’یہ لائبریری کلچر لندن میں ہے، آکسفورڈ  اور کیمبریج کی خود کی لائبریری ہے جس میں طلبہ بیٹھ کر گھنٹوں پڑھائی کرتے ہیں۔ اسی طرز کی لائبریری ممبرا میں شروع کی جارہی ہے۔اسے قائم کرنے کا منصوبہ ۳؍ سال قبل بنایا گیا تھا۔ لہٰذ ابچوں! اس کا استعمال کرکے اپنے والدین کوایک کامیاب شخص بن کر بتاؤ!‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ ’’لائبریری میں خاص کر طلبہ کے پڑھنے کے لئے خصوصی اہتمام (اسٹڈیز روم)بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس کے اوپر مزید ایک منزلہ بنایا گیا ہے ،وہاں مقابلہ جاتی امتحانات (سول سروسیز، نیٖٹ، جے ای ای وغیرہ ) کی کلاسیز شروع کی جائیں گی۔
اہل ممبرا کے لئے پیغام
جتیندر اوہاڑ نے اس موقع پر کہا کہ میری درخواست ہے کہ شہر کا ہر فرد اپنی طرف سے کم از کم ایک کتاب یہاں لاکر رکھے اور اس لائبریری میں اپنا نام درج کروائے تاکہ وہ یہ کہہ سکے کہ اس کتب خانہ میں اس نے بھی تعاون دیا ہےاور وہ اس کی لائبریری ہے۔  اس  موقع پر این سی پی (شرد  پوار )کے ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے صدر شمیم خان، تھانے میونسپل کارپوریشن کے سابق اپوزیشن لیڈر اشرف ( شانو) پٹھان، سراج ڈونگرے، قمرالہدیٰ، حشمت  پرکار، ریحان پیتل والا،مفتی اشرف، مولانا عبدالوہاب قاسمی، شہر کے علماء، معزز افراد، اساتذہ  اور طلبہ کثیر تعداد میں موجود تھے۔

اس لائبریری میں کیا کیا سہولیات ہیں؟
پرائمری اورسیکنڈری سے لے کر ڈگری کالج تک کی نصابی کتابیں دستیاب ہیں۔
 نیٹ، جے ای ای  اور یو پی ایس سی جیسے مقابلہ جاتی امتحانات کی کتابیں   دستیاب ہیں۔
 پڑھائی کیلئے پرسکون ماحول کیلئے ۳؍ لائبریرین کا تقرر کیا گیا ہے۔
 لائبریری کے اوقات: صبح ۹؍ تا دوپہر ۳۰:۱۲؍ بجے اور دوپہر ۲؍ تا رات ۱۰؍ بجے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK