• Sat, 21 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ساونت واڑی کے نوجوان کا خواب، کھیڈ کے جنگلوں سے لاش برآمد

Updated: September 21, 2024, 1:22 PM IST | Agency | Ratnagiri

نوجوان کو بار بار خواب دکھائی دیتا تھا کہ کھیڈ کے جنگل میں کسی کی لاش پڑی ہوئی ہے جو مدد کیلئے پکار رہی ہے۔

The officers of Khed police station themselves are surprised in this matter. Photo: INN
کھیڈ پولیس اسٹیشن کے افسران خود اس معاملے میں حیران ہیں۔ تصویر : آئی این این

) کوکن کے ضلع رتناگیری میں ایک سنسنی خیز بلکہ پوری طرح فلمی واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں کھیڈ تعلقے میں پولیس نے ایک ایسی لاش ڈھونڈ نکالی ہے جو دور کسی اور جگہ رہنے والے ایک نوجوان نے خواب میں دیکھی تھی۔ وہ لاش بار بار خواب میں آکر نوجوان سے گزارش کر رہی تھی کہ وہ آکر اس کی مدد کرے اور وہاں سے نکالے۔ نوجوان نے پولیس کو یہ بات بتائی اور پولیس نے لاش ڈھونڈ نکالی۔ بظاہر یہ بات مضحکہ خیز اور افسانوی معلوم ہوتی ہے لیکن کھیڈ پولیس اسٹیشن میں درج کردہ ایف آئی آر میں یہی لکھا ہوا ہے۔ 
  اے بی پی ماجھا کی ایک رپورٹ کے مطابق سندھو درگ ضلع کے ساونت واڑی تعلقے میں واقع آجگائوں میں رہنے والا یوگیش پمپل آریہ (۳۰) نامی نوجوان ۱۷؍ ستمبر ۲۰۲۴ء کو رتناگیری ضلع کے کھیڈ تعلقے میں ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع پولیس اسٹیشن پہنچا۔ وہاں اس نے افسران کو بتایا کہ مجھے بار بار ایک خواب دکھائی دے رہا ہے جس میں مجھے نظر آتا ہے کہ کھیڈ ریلوے اسٹیشن کے سامنے واقع پہاڑ کے جنگلوں میں ایک مرد کی لاش پڑی ہے اور وہ لاش مجھ سے کہہ رہی ہے کہ برائے مہربانی مجھے بچائو۔ 
  یاد رہے کہ رتناگیری اور سندھو ددرگ دونوں الگ الگ اضلاع ہیں لیکن آپس میں متصل ہیں۔ پولیس میں درج ایف آئی آر کے مطابق نوجوان کی بات پر اعتماد کرتے ہوئے دوسرے دن سے پولیس کی ایک ٹیم مذکورہ جنگلوں میں گئی اور مختلف مقامات پر تلاشی شروع کر دی۔ دو ایک دن کی مشقت کے بعد پولیس کو آم کے ایک درخت کے قریب وائر اور پلاسٹک کی پٹیوں میں بندھی ایک لاش ملی جس کے گلے میں تولیہ کا پھندہ لگا ہوا تھا۔ اس کے ساتھ کئی اور چیزیں بھی وہاں پڑی ہوئی تھیں جنہیں پولیس نے ضبط کر لیا ہے۔ پولیس کو اب اس پورے معاملے کی تحقیقات کرنی ہوگی۔ فی الحال پولیس کیلئے سب سے بڑا چیلنج لاش کی شناخت کرنا ہے۔ کیونکہ لاش پوری طرح سڑ چکی ہے۔ آسمانی رنگ کی پتلون اور آسمانی رنگ کے جیکٹ کے علاوہ اور کوئی چیز پہچانی نہیں جا رہی ہے کیونکہ اندر صرف ہڈیاں بچی ہوئی ہیں جسم گل چکا ہے۔ گلے میں تولیہ کا پھندہ اور درخت سے لٹکی ہوئی رسی سے یہ اندازہ نہیں ہو پا رہا ہے کہ یہ معاملہ خود کشی کا ہے یا پھر قتل کا۔ یاد رہے کہ یوگیش پمپل اس شخص کو نہیں جانتا۔ اس خبر سے علاقے میں سنسنی ہے اور ہر کوئی اس پر حیرانی کا اظہار کر رہا ہے۔ پولیس نے جنگی پیمانے پر معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK