محکمہ تعلیم نے ایک طرف طلبہ کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنےکیلئے ضروری احکامات جاری کئے ہیں، دوسری جانب ۲۵؍اپریل تک امتحانات منعقد کرنے کی ہدایت طلبہ کی صحت سے کھلواڑجیسا ہے
EPAPER
Updated: April 03, 2025, 10:29 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
محکمہ تعلیم نے ایک طرف طلبہ کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنےکیلئے ضروری احکامات جاری کئے ہیں، دوسری جانب ۲۵؍اپریل تک امتحانات منعقد کرنے کی ہدایت طلبہ کی صحت سے کھلواڑجیسا ہے
ریاستی محکمہ تعلیم نے شدید گرمی کے پیش نظر ریگولر اسکول کے اوقات میں تبدیلی کرکے دوپہر کےبجائے صرف صبح کے سیشن میںاسکول جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ جس کے تحت ضلع پریشد اسکولوںمیں پرائمری اور سیکنڈری اسکول بالترتیب صبح ۷؍ سے سوا ۱۱؍ اور صبح ۷؍ سے پونے ۱۲؍بجے تک جاری رہیں گے۔ اس دوران طلبہ کو اسکول عمارت سے باہر لے جاکر پڑھانے اور کھیل کود میں حصہ لینے سے منع کیا گیا ہے ، ساتھ ہی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کیلئے کہا ہے۔
گرمی میں ایک طرف ریگولر اسکول کاوقت تبدیل کیا گیا ہے دوسری جانب عموماً ہر سال ۱۵؍اپریل تک اختتام پزیر ہونے والے سالانہ اور پروگریسیواسسمنٹ ٹیسٹ امتحانات کو ریاست گیر سطح پر ایک ساتھ ۸؍تا ۲۵؍اپریل تک جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، جس سے محکمہ تعلیم کا دوہر رویہ ظاہر ہو رہا ہے ۔ جس کی تعلیمی تنظیموں ، طلبہ ، والدین ،اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کی جانب سے بھرپور مخالفت کی جارہی ہے ۔ اس کے باوجود محکمہ تعلیم اپنے فیصلہ پر اٹل ہے ۔ ایسی صورت میں چلچلاتی دھوپ اور شدید گرمی میں امتحانات کے منعقدکئے جانے سے طلبہ کے بیمار پڑنے کا خدشہ ظاہر کیاجارہاہے۔
واضح رہےکہ ریاستی محکمہ تعلیم کے پرائمری اور سیکنڈری ایجوکیشن کے ڈائریکٹر کے دفتر نے ریاست میں پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کو صبح کے سیشن میں منعقد کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ ریاست میں گرمی کی بڑھتی ہوئی لہر سے طلبہ کی صحت پر پڑنے والے منفی اثرات کو روکا جاسکے۔ اس لئے پرائمری اسکول صبح ۷؍بجے سے۱۱؍ بجکر۱۵؍ منٹ اور سیکنڈری اسکول صبح ۷؍بجے سے ۱۱؍ بجکر۴۵؍ منٹ تک جاری رکھیںجائیں۔مختلف تعلیمی تنظیموں کی جانب سے بڑھتی گرمی کے پیش نظر اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کا مطالبہ کیاگیاتھا جس پر محکمہ تعلیم نے اسکول کو دوپہر کے سیشن کے بجائے صرف صبح کے سیشن میں جاری رکھنے کا اعلان کیاہے ۔ کچھ اضلاع میں اسکولوں کو صبح کے سیشن میں جاری رکھنے کے احکامات بھی جاری کردیئے گئےہیں ،لیکن چونکہ مختلف اضلاع میں اسکولوں کے اوقات الگ الگ ہیں، اس لئے ریاست کے تمام اسکولوں میں یکسانیت کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ افراد کیلئے احکامات جاری کئے گئے ہیں، تاکہ ریاست کے تمام اسکول محکمہ تعلیم کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ٹائم ٹیبل جاری کرسکیں۔
اسکول کا وقت تبدیل کرنےکےعلاوہ محکمہ تعلیم نے طلبہ کو شدیدگرمی کے دوران اسکول احاطہ سے باہر لےجا کر پڑھائی یا کھیل کود سے گریز کرنےکی صلاح دی گئی ہے۔اسکول سے باہر کلاسیں لگانے سے بھی منع کیا گیا ہے ۔ طلبہ کو گرمی کی لہروں سے خود کو بچانے کے بارے میںمعلومات فراہم کرنے اور کلاس روم میں اچھی حالت والے پنکھے لگانے کیلئے کہاہے۔ طلبہ کو پینے کیلئے ٹھنڈا پانی مہیا کیا جائے۔ طلبہ کو موسمی پھل اور سبزیاں کھانے کیلئے رہنمائی کی جائے، جن میں پانی کی مقدار زیادہ ہو جیسے تربو، نارنگی، انگور، انناس اور ککڑی، طلبہ کو چاہئے کہ وہ پتلے، ڈھیلے، سوتی اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں۔ سر ڈھانپنے کیلئے چھتری، ٹوپی، تولئے اور دیگر روایتی ذرائع استعمال کئے جائیں۔ گرمیوں میں باہر نکلتے وقت جوتے یا چپل پہنیں۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ طلبہ دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں۔
اس تعلق سے یوواسیناکے جوائنٹ سیکریٹری کلپیش یادو نے کہاکہ ’’ شدید گرمی کی وجہ سے محکمہ تعلیم نے صبح کے سیشن میں اسکول جاری رکھنے کا حکم جاری کر دیاہے لیکن اسی موسم گرما کے مہینوں کے دوران سالانہ اور پروگریسیو اسسمنٹ ٹیسٹ امتحانات کو ایک ساتھ پوری ریاست میں ۸؍تا ۲۵؍اپریل کےدرمیان منعقدکرنےکا پہلی مرتبہ فیصلہ کیاہے ۔ایک جانب طلبہ کو گرمی سےمحفوظ رکھنےکیلئے صبح کے سیشن میں اسکول بلایاجارہاہے دوسری طرف شدید گرمی میں مذکورہ امتحانات ۱۵؍اپریل کے بجائے ۲۵؍اپریل تک جاری رکھنےکی ہدایت دی گئی ہے۔اس دوران مزید شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ محکمہ تعلیم کا یہ دوہرا معیار مضحکہ خیز ہے۔ اس پر محکمہ تعلیم کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے ۔‘‘