سردی کی شدت بھی ’یوپی پی ایس سی‘ طلبہ کے اعتماد کو متزلزل نہیں کرسکی،ایک دن قبل اُن پر کئے گئے لاٹھی چارج کی کانگریس اور سماجوادی پارٹی نے مذمت کی
EPAPER
Updated: November 12, 2024, 10:54 PM IST | Allahabad
سردی کی شدت بھی ’یوپی پی ایس سی‘ طلبہ کے اعتماد کو متزلزل نہیں کرسکی،ایک دن قبل اُن پر کئے گئے لاٹھی چارج کی کانگریس اور سماجوادی پارٹی نے مذمت کی
اتر پردیش پبلک سروس کمیشن (یو پی پی ایس سی) کے’پی سی ایس پری‘ اور ’آراو، پی آر او‘ کے امتحانات محض دو دنوں میں منعقد کرنے کے فیصلے کے خلاف پیر کو شروع ہونے والا طلبہ کا احتجاج منگل کو دوسرے دن بھی جاری رہا۔ دیر رات ضلع مجسٹریٹ اور پولیس کمشنر نے کمیشن کے ساتھ میٹنگ کی جو بے نتیجہ رہی۔ مظاہرین طلبہ نے سردی کی شدت کے باوجود رات کھلے آسمان کے نیچے گزاری اور منگل کی صبح پھر سے احتجاج اور مظاہرہ کرنے لگے۔ اس دوران وہ طلبہ جو اپنے گھروں کو چلے گئے تھے، وہ بھی واپس آگئے اورکمیشن کے گیٹ پر جمع مظاہرین میں شامل ہوگئے۔
پیر کو طلبہ کے خلاف کئے گئے لاٹھی چارج کی کانگریس او ر سماجوادی پارٹی نے سخت مذمت کی۔کانگریس کمیونی کیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ’’پبلک سروس کمیشن کی من مانی کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ کی بات سننے کے بجائے اُن پر لاٹھیاں برسانا انتہائی افسوس ناک اور انتظامیہ کی ناکامی اور طلبہ کے تئیں بے حسی ہے۔طلبہ کی باتوں کو توجہ سے سننا اور ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے۔‘‘ انہوںنے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بی جے پی نوجوانوں کی آواز کو اس طرح دبانے کی کوشش کر رہی ہے، اس سے پہلے بھی نوکریوں کے مطالبات کرنے یا بھرتی گھپلے اور پیپر لیک کے خلاف احتجاج کرنے پر بھی اُن کی آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی ہے۔
سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بھی بی جے پی کو ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈران عوام کو روزی، روٹی کے جدوجہد میں الجھائے رکھنے کی سیاست کرتے ہیںتاکہ وہ فرقہ وارانہ سیاست کی آڑ میں بدعنوانی کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے طلبہ کو پڑھائی کی میز سے اٹھا کر سڑکوں پر لا کر کھڑا کر دیا ہے جو بھگوا پارٹی کو بھاری پڑنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ریاست کا ماحول’یوگی بنام پرتی یوگی‘ ہوگیا ہے۔ اترپردیش کے مسابقہ جاتی امتحانات کے ہر امیدوار اور ہر طالب علم کی زبان پر ہے کہ نوکری بی جے پی کے ایجنڈے میں ہے ہی نہیں۔ مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ پر لاٹھی ڈنڈا انہوں نے چلوایا جن کا یجنڈا نوکری نہیں ہے،اسلئے ریاست کو ایسی حکومت نہیں چاہئے۔