اسرائیل دوحہ میں وفد بھیجے گا۔ حماس نے کہا :امریکی وفد سے دُہری شہریت والے یرغمالوں میں سے ایک کی رہائی پر بات چیت ہوئی ہے۔
EPAPER
Updated: March 10, 2025, 11:41 AM IST | Agency | Gaza/Jerusalem
اسرائیل دوحہ میں وفد بھیجے گا۔ حماس نے کہا :امریکی وفد سے دُہری شہریت والے یرغمالوں میں سے ایک کی رہائی پر بات چیت ہوئی ہے۔
حماس نے گزشتہ روز کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر بات چیت کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے مثبت اشارے ملے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ جنگ بندی معاہدے کے اگلے مرحلے کیلئے پیر(آج) سے دوحہ میں مذاکرات کا آغاز ہونے کی توقع ہے۔ قبل ازیں سنیچر کی رات اسرائیل کے شہر تل ابیب میں بڑی تعداد میں لوگوں نے حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے یرغمالوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
حماس کے ترجمان عبداللطیف نے پریس بیان میں کہا کہ مصری اور قطری ثالثوں کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کو حتمی شکل دینے اور اس کے دوسرے مرحلے کیلئے مذاکرات شروع کرنے کی کوششوں کے تحت مثبت اشارے مل رہے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے مطالبات کو پورا کرنے کے واسطے ان مذاکرات میں شامل ہونے کیلئے حماس کے تیار ہونے پر زور دیا۔ ترجمان نے غزہ کی پٹی میں انسانی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے اور اسرائیلی ناکہ بندی ختم کرنے کیلئے کوششیں تیز کرنے پر بھی زور دیا۔
دریں اثناء، حماس کے سیاسی بیورو چیف کے مشیر طاہر النونو نے اعلان کیا کہ حماس کا وفد تحریک کی لیڈرشپ کونسل کے سربراہ محمد درویش کی قیادت میں قاہرہ پہنچ گیا ہے۔ طاہر کے مطابق یہ وفد مصری حکام سے حالیہ عرب سربراہی اجلاس کے نتائج اور ان پر عمل درآمد کے طریقوں کے حوالے سے بات چیت کرے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بات چیت میں جنگ بندی کے معاہدے کے دوسرے مرحلے کیلئے آگے بڑھنے کی ضرورت پر بھی توجہ دی جائے گی۔
مصر کی سرکاری انفارمیشن سروس نے ایک بیان میں کہاکہ ’’حماس کا وفد جمعہ کو غزہ جنگ بندی کے معاہدے کی شرائط پر عمل درآمد اور اس کے دوسرے مرحلے پر مذاکرات کو آگے بڑھانے پر بات چیت کیلئے قاہرہ پہنچا۔‘‘
واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان تین مرحلوں پر مشتمل غزہ جنگ بندی معاہدہ، مصر، قطر اور امریکہ کی ثالثی میں۱۹؍ جنوری کو عمل میں آیا۔ ابتدائی۴۲؍ روزہ مرحلہ یکم مارچ کو ختم ہونے کے بعد معاہدے کے دوسرے مرحلے پر مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔مصر غزہ میں جنگ بندی کے حصول اور غزہ کی تعمیر نو کیلئے سفارتی کوششیں تیز کر رہا ہے۔ منگل کو مصر نے ایک ہنگامی عرب سربراہی اجلاس کی میزبانی کی اور۵۳؍ ارب امریکی ڈالر کے غزہ کی تعمیر نو کا منصوبہ پیش کیاتھا۔
دریں اثناء اسرائیل غزہ میں جنگ بندی کی تجدید اور یرغمالوں کی رہائی کیلئے مذاکرات کو آگے بڑھانے کیلئے پیر(آج) کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک وفد بھیجے گا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے امریکہ کی حمایت یافتہ ثالث ممالک کی دعوت قبول کر لی ہے۔
حماس کے رہنما طاہر النونو کا کہنا ہے کہ امریکی وفد سے دوحہ میں گزشتہ ہفتے کئی ملاقاتیں ہوئی ہیںجس میں دُہری شہریت والے یرغمالوں میں سے ایک کی رہائی پر بات چیت ہوئی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلسطینی عوام کے مفاد کیلئےہم نے مثبت اور لچک آمیز رویہ رکھا، جنگ کے مکمل خاتمے کیلئے غزہ جنگ بندی معاہدے کے مراحل پر عملدرآمد پر بات ہوئی۔ طاہر النونو نے کہا کہ امریکی وفد کو بتادیاہے کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت یرغمالوں کی رہائی کی مخالفت نہیں کرتے۔