• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی تعلقہ سائنسی نمائش میں رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول کو دوسرا انعام

Updated: December 23, 2024, 2:07 PM IST | Inquilab News Network | Bhiwandi

اسکول ھذٰا کے طلبہ کے ذریعہ پیش کیا گیا ماڈل تھانہ ضلعی سطح کے لئے منتخب۔ انعام یافتگان میں  رفیع الدین فقیہ اسکول واحد اردو اسکول ہے۔

On the right is Hanzla Shahid Ahmed and on the left Momin Abdul Rehman Muhammad Juman who can be seen with their teachers. Photo: INN
دائیں جانب حنظلہ شاہد احمد اور بائیں مومن عبدالرحمٰن محمد جمن ہیں جنہیں اپنے اساتذہ کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

شہر کے رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول کی طلبہ کی ٹیم نے تعلقہ سطح کی ۵۲؍ویں  سائنس نمائش میں دوم انعام حاصل کیا ہے۔ بھیونڈی تعلقہ سائنسی نمائش کا انعقاد شہر کے پدم شری انا صاحب جادھو ہائی اسکول میں بتاریخ ۱۶؍ اور۱۷؍ دسمبر ۲۰۲۴ء کو کیا گیا۔ یہ سائنس نمائش پنچایت سمیتی بھیونڈی شکشن سمیتی کے زیر اہتمام ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔ 
اس سا‌ئنس نمائش میں رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول کے پرائمری لیول کے پروجیکٹ ’’ہیوی ویٹ لوڈ ڈیٹیکٹر‘‘کو ججوں کے متفقہ فیصلے سے مقابلے کے دوم انعام سے نوازا گیا۔ انصاری حنظلہ شاہد احمد (متعلم ہفتم - الف) اور مومن عبدالرحمٰن محمد جمن (متعلم ہفتم - الف) ان دو باصلاحیت طلبہ نے اپنے اساتذہ فرحین خان، سفینہ مومن یونس باغوان اور مجاہد پٹیل کی نگرانی میں اس شاندار پروجیکٹ کو تیار کیا تھا۔ 
 عبدالمنعیم مومن نے بتایا کہ بھیونڈی تعلقہ سطح پر دوم انعام حاصل کرنے کے بعد اب یہ پروجیکٹ تھانہ ضلعی سطح کی سائنسی نمائش میں بھی شرکت کا اہل ہوگیا ہے۔ اس اختراعی کاوش کے لئے طلبہ و اساتذہ کو ہیڈماسٹر محمد شبیر فاروقی، معاون ہیڈ ماسٹر شفیع پٹیل، سپروائزر فہیم پٹیل، چیئرمین نوح خلیل پٹیل اور تمام تدریسی و غیر تدریسی عملہ کی جانب سے مبارکباد و نیک خواہشات پیش کی گئیں۔ 
 خیال رہے کہ اس مقابلے میں بھیونڈی تعلقہ کے تمام اسکول شریک ہوتے ہیں خواہ وہ ضلع پریشد کے تحت آتے ہوں یا میونسپل کارپوریشن کے تحت یا پرائیویٹ اسکول ہوں۔ بتایا گیا ہے کہ انعام یافتگان میں رفیع الدین فقیہ واحد اُردو اسکول ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK