Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

کنال کامرا کیخلاف دوسرا سمن ، اسمبلی میں نوٹس پیش

Updated: March 27, 2025, 9:53 AM IST | Nadeem Asran and Iqbal Ansari | Mumbai

ممبئی پولیس نے حاضر ہونے کیلئے وقت دینے کی درخواست مسترد کردی، اسمبلی میں کامرا کیخلاف مراعات شکنی کا نوٹس دیا گیا ، کارروائی کا مطالبہ

Stand-up comedian Kunal Kamra`s sarcasm has unsettled the ruling front in Maharashtra
اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا کے طنز نے مہاراشٹر میں حکمراں محاذ کو بےچین کردیا ہے

نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا نام لئے بغیر اسٹینڈ اَپ شوکے دوران کنال کامرا نے جو  طنز کیا تھا ، اس معاملہ میں ایک طرف جہاں کامرا کو بھرپور حمایت مل رہی ہے وہیں انہیںسیکڑوں دھمکیاں بھی مل رہی ہیں۔ لیکن اس دوران ان کی مشکلوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے کیوں کہ ممبئی پولیس نے ان کے خلاف پوچھ تاچھ کے لئے دوسرا سمن جاری کردیا ہے۔ پولیس نے حاضر ہونے  میںمزید وقت   دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے  واضح کردیا ہے کہ کنال کامرا کومزید وقت نہیں دیا جائے گا  اور نہ ہی انہیں کوئی راحت دی جائے گی۔ اس کے بعد پولیس نے پوچھ تاچھ کے لئے حاضر ہونے کے لئے دوسرا سمن جاری کردیا ہے۔ 
  یاد رہے کہ اس سے قبل کھار پولیس نے پیر کو سمن جاری کیا تھا اور کنال کامرا کو منگل کو طلب کیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے اور وکیل کے ذریعے مزید وقت دینے کی اپیل کردی لیکن پولیس نے بھی کوئی راحت نہیںدی۔ یاد رہے کہ کنال کامرا نے چند روز قبل یوٹیوب پر جاری کئے گئے اپنے  کامیڈی شو  کے ویڈیو میں کسی بھی لیڈر کا نام لئے بغیر  نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ،وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس ، وزیر اعظم مودی اور امیت شاہ پر طنز کیا ہے لیکن یہ طنزایکناتھ شندے کے حامیوں کو کھل گیا ۔ انہوں نے اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اس ہوٹل میں توڑ پھوڑ کردی جہاں انہوں نے یہ شو کیا تھا ۔  اسی دوران کنال کامرا کو ۵؍ سو سے زائد مرتبہ جان سے مارنے کی دھمکی دی جاچکی ہے لیکن وہ اس وقت تمل ناڈو میں رہائش پذیر ہیں جہاں تک شیو سینا یا بی جے پی کے سیاسی کارکنوں کی فی الحال رسائی مشکل ہے۔  واضح رہے کہ کامرا اور پر تشدد احتجاج کرنے والوں کے خلاف ایم آئی ڈی سی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا تھا۔ بعد ازیں کھار پولیس میں کیس منتقل کر دیا گیا ہے ۔ 
 دریں اثناءکنال کامرا کےطنزیہ گیت میں مبینہ طور پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے پر تنقید کرنے کے خلاف بدھ کو قانون ساز کونسل میں اورشیو سینا(ادھوکی ترجمان سشما اندھارے  کے خلاف اسمبلی میں استحقاق کی خلاف ورزی کا نوٹس پیش کیا گیا۔بی جے پی کے قانون ساز کونسل کے رکن پروین دریکر نے کنال کامرا اور سشما اندھارے کے خلاف مذکورہ نوٹس  دئیے ہیںجبکہ  ریاستی اسمبلی میں شیوسینا کے ایم ایل اے رمیش بورنارے نےکنال کامرا کے خلاف یہی نوٹس پیش کیا ہے ۔  دونوں ہی ایوانوں میں اس نوٹس کو قبول کرتے ہوئے  استحقاق کمیٹی کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔  کونسل کے رکن پروین دریکر نے ایوان میں کہا کہ ’’کنال کامرا نے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے تئیں توہین آمیز حوالے دیتے ہوئے جو طنزیہ گیت پیش کیا ہے وہ ایوان کی توہین کے  مترادف  ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ سشمااندھارے نے کنال کی حمایت کی اور قابل اعتراض زبان کا استعمال  کرتے ہوئے اسے دہرایا ہے لہٰذا ان دونوں کیخلاف مراعات شکنی کی کارروائی کی جانی چاہئے ۔
 ریاستی اسمبلی میں شیوسینا کے ایم ایل اے رمیش بورنارے نے بھی کنال کامرا کے خلاف متنازع گانا پیش کرنے  اور نائب وزیر اعلیٰ کا مذاق اڑانے پر یہ نوٹس پیش کیاہے۔وزیر مملکت برائے خزانہ آشیش جیسوال نے بورنارے کی حمایت کی۔سدھیرمنگنٹی وار (بی جے پی) نے کہا کہ استحقاق کمیٹی کے اراکین کو جلد از جلد نامزد کیا جانا چاہئے۔پریذائیڈنگ آفیسر سنجے کیلکر نے کہا کہ اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر ہی  نوٹس پر فیصلہ کریں گے اور اراکین کو نامزد کریں گے ۔ واضح رہے کہ کنال کامرا کو ہر طرح سے گھیرنے کی تیاری ہو رہی ہے لیکن ان  یہ اتنا آسان نظر نہیں آرہا کیوں کہ انہوں نے بھی پوری تیاری کر رکھی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK