ناندیڑ میں منعقدہ کانگریس پارٹی کے اجلاس میں وجئے وڈیٹی وار کا اظہار خیال،نانا پٹولے سمیت متعدد لیڈران نے خطاب کیا۔
EPAPER
Updated: August 12, 2024, 12:06 PM IST | ZA Khan | Nanded
ناندیڑ میں منعقدہ کانگریس پارٹی کے اجلاس میں وجئے وڈیٹی وار کا اظہار خیال،نانا پٹولے سمیت متعدد لیڈران نے خطاب کیا۔
کانگریس پارٹی کی جانب سےناندیڑ میں ۳؍اضلاع کا مشترکہ جائزہ اجلاس منعقد کیا گیاجس میں ریاستی صدر نانا پٹولے، اپوزیشن لیڈر وجئے وڈیٹیوار سمیت مختلف لیڈران نے شرکت کی۔ شہر کے بھکتی لانس میں منعقدہ اس اجلاس میں ناندیڑ، ہنگولی اور پربھنی ان تینوں اضلاع کے کانگریس لیڈران اور کارکنان نے شرکت کی۔
پرہجوم جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ودھان سبھا میں اپوزیشن لیڈروجئے وڈیٹیوار نے کہا کہ ’’مودی حکومت نے وقف جائیدادں پر اپنی پسندکے لوگوں کو قابض کروانے کے لئے پارلیمنٹ میں وقف ترمیمی بل پیش کیا تھا۔ اس بل کی کانگریس، سماج وادی اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے کھل کر مذمت کی اوربی جے پی حکومت کو اس متنازع بل کو جوائنٹ پارلیمنٹری کمیٹی(جے پی سی) کے حوالے کرنےپر مجبور کیا۔ یہ صحیح معنوں میں اپوزیشن پارٹیوں کی بڑی فتح ہے۔ ورنہ پچھلے ۱۰؍ سال میں مودی حکومت اپنی من مرضی سے قوانین بناتی جارہی تھی اس مرتبہ پارلیمانی انتخابات میں اپوزیشن پارٹیوں کو ملنےوالی غیر معمولی کامیابی کی وجہ سے صور تحال بدلی ہے۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے:کولکاتا آبروریزی کیس: تیسرے روز بھی ہڑتال
اس جائزہ اجلاس کی صدارت کانگریس پارٹی مہاراشٹر کے نگراں رمیش چینیتھلا نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے پارٹی کے ریاستی صدر ناناپٹولے، ودھان پریشد میں اپوزیشن لیڈر بالا صاحب تھورات، سابق وزیر عارف نسیم خان، امیت دیشمکھ سمیت متعددشخصیات موجود تھیں۔ ناناپٹولے نے پارٹی لیڈران اور کارکنان سے خطاب میں میں کہا کہ’’ پارلیمانی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی مراٹھواڑہ میں کارکردگی شاندار رہی ہے۔ مراٹھواڑہ میں کانگریس نے تین سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کئے اور تینوں پر کامیابی حاصل کی۔ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ یہاں کے لوگوں کا کانگریس کے ساتھ بہت گہرا رشتہ ہے۔ اشوک چوہان کے بی جےپی میں شامل ہونے کے بعد یہ کہا جارہاتھا کہ ناندیڑ سے کانگریس کا مکمل طورپر صفایاہوجائے گالیکن یہاں کے لوگوں نے یہ ثابت کردیا ہے کہ کوئی رہے یا نہ رہےمگر وہ کانگریس کے ساتھ ہی رہیں گے۔ ‘‘انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسمبلی کے انتخابات میں بھی اسی طرح سے کامیابی ملے گی اور مہایوتی کی ملی جلی سرکار اقتدار سے بے دخل ہوگی۔
بالاصاحب تھورات نے کہا کہ کانگریس کے پاس امیدواری کے خواہش مندوں کی قطار لگ گئی ہے ایک ایک سیٹ پر کئی کئی افراد ٹکٹ کامطالبہ کررہے ہیں لوگوں میں بہت جوش ہے۔ بی جے پی، شیوسینا(شندے) اور این سی پی (اجیت پوار) کی موجودہ حکومت بدعنوانی میں مبتلا ہے اس کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے۔