• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

سینئر بی جے پی لیڈر لال کرشن اڈوانی کو بھارت رتن سے نوازا جائیگا

Updated: February 04, 2024, 9:11 AM IST | Agency | New Delhi

بی جے پی کےسینئر اور معمر لیڈر لال کرشن اڈوانی کو ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازا جائے گا۔

LK Advani. Photo: INN
ایل کے اڈوانی۔ تصویر : آئی این این

بی جے پی کےسینئر اور معمر لیڈر لال کرشن اڈوانی کو ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے یہاں ایکس پر یہ اطلاع فراہم کی   مودی نے لکھا کہ ’’مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہم سب کے ہر دل عزیز لیڈر اور ملک کے سابق نائب وزیر اعظم لال کرشن اڈوانی جی کو بھارت رتن سے نوازا جائے گا۔ میں نے ان سے بھی بات کی اور انہیں اس اعزاز سے نوازے جانے پر مبارکباد دی۔‘‘ وزیر اعظم مودی نے مزید لکھا کہ اڈوانی جی  ہمارے دور کے سب سے معزز سیاستدانوں میں سے ایک ہیں۔ ہندوستان کی ترقی میں ان کا تعاون ناقابل فراموش ہے۔ ان کی زندگی  زمینی سطح پر کام کرنے سے شروع ہوکر ہمارے نائب وزیر اعظم کے طور پر ملک کی خدمت کرنے تک ہے۔ انہوں نےوزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات و نشریات کے طور پر بھی اپنی شناخت بنائی۔ ان کی پارلیمانی  خدمات  ہمیشہ مثالی رہی ہیں۔اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئےبی جے پی کے سابق صدر اور مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ ’’ملک کے سینئر لیڈر اور ہمارے رہنما لال کرشن اڈوانی کو بھارت رتن کا اعلان بہت خوشگوار اور مسرت بخش ہے۔ اڈوانی جی نے آزادی کے بعد ملک کی تعمیر نو میں اہم کردار ادا کیا ہے۔بھارت رتن کیلئے اپنے نام کا اعلان ہونے پر لال کرشن اڈوانی نے  ملک و قوم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی زندگی اپنے لئے نہیں ملک کے  لئے ہے۔ اڈوانی نے ایک بیان جاری کرکےصدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم  مودی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ  یہ اعزازان نظریات اور اصولوں کے  لئے ہے جن کی میں نے پوری زندگی میں اپنی صلاحیت کے مطابق خدمت کرنے کی کوشش کی ہے۔ یاد رہے کہ لال کرشن اڈوانی رام جنم بھومی تحریک کے بنیاد گزار تھے۔ انہی کی تحریک کی وجہ سے ایودھیا میں بابری مسجد کی شہید ہوئی۔ انہیں بابری مسجد کی شہادت کا اصل ذمہ دار مانا جاتا ہے لیکن کچھ برس قبل عدالت نے انہیں ثبوت نہ ہونے کی بنیاد پربری کردیا تھا ۔  فی الحال اڈوانی پارٹی میں حاشئے پر پہنچا دئیے گئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK