جے ڈی (یو) کے سابق سربراہ شرد یادو گزشتہ رات انتقال کر گئے۔ پی ایم نریندر مودی نےتعزیت پیش کی
EPAPER
Updated: January 13, 2023, 4:37 PM IST | New delhi
جے ڈی (یو) کے سابق سربراہ شرد یادو گزشتہ رات انتقال کر گئے۔ پی ایم نریندر مودی نےتعزیت پیش کی
قد آور سیاستداں اور جے ڈی (یو) کے سابق سربراہ شرد یادو کا گزشتہ شب تقریباً ۱۰؍ بجکر ۱۹؍ منٹ پر گروگرام کے فورٹس اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر ۷۵؍سال تھی۔ پسماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے۔ فورٹس میموریل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شرد یادو کو بے ہوشی کی حالت میں ایمرجنسی وارڈ میں لایا گیا تھا۔اس وقت ان کی نبض ناقابل ریکارڈ تھی۔ اس کے مطابق سی پی آر کروایا گیا۔ انتھک کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہیں جاسکا اور رات ۱۰؍ بج کر ۱۹؍ منٹ پر انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
شرد یادو کے ساتھیوں نے بتایا کہ وہ جمعرات کی شب چھتر پور میں اپنی رہائش گاہ پر اچانک گرگئے تھے اور انہیں گروگرام کے فورٹس اسپتال لے جایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ شرد یادو طویل عرصے سے گردے کے مسائل میں مبتلا تھے اور ان کا باقاعدگی سے ڈائیلیسس کروایا جاتا تھا۔
وزیرا عظم نریندر مودی نے انہیں تعزیت پیش کرتے ہوئےٹویٹ کیا کہ شرد یادو جی کے انتقال سے انتہائی غمگین ہوں۔ اپنے طویل کریئر میں انہوں نے ایم پی اور وزیر کے طور پر اپنی شناخت بنائی تھی۔ وہ ڈاکٹر لوہیا کے نظریات سے کافی متاثر تھے۔ میں ان کے ساتھ ہونے والی گفتگو کو ہمیشہ یادرکھوں گا۔سینئر سیاستداں اورسابق رکن پارلیمنٹ شرد یادو کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ وہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ایک عظیم سوشلسٹ لیڈر تھے جنہوں نے اپنی زندگی پسماندہ اور استحصال زدہ لوگوں کے درد کو دور کرنے کیلئےوقف کر دی۔ ان کی موت سوشلسٹ تحریک کیلئےبہت بڑا نقصان ہے۔ پسماندگان سے میری تعزیت۔