Inquilab Logo

بھیونڈی میں خاتون صفائی اہلکار کا اسی کے گھر میں سنسنی خیز قتل

Updated: October 02, 2022, 10:49 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

حملہ آور پہلے ہی گھات لگائے گھر میں بیٹھا تھا، خاتون نے شور مچایا لیکن قاتل فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا

After the incident, police officers can be seen outside the house.
واقعے کے بعدگھر کے باہر پولیس اہلکاروں کو دیکھا جا سکتا ہے ( انقلاب)

یہاں میونسپل کارپوریشن کی  ایک خاتون صفائی اہلکار کوکسی نامعلوم شخص نے اس کے گھر میں ہی قتل کر دیا ہے۔ سانحہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس افسران نے موقعۂ واردات پر پہنچ کر جائزہ لیا۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال بھیج دیا ہے۔
 اطلاع کے مطابق  خاتون صفائی اہلکارسویتا سالوے (۴۵) کا اپنے شوہر شیورام سالوے سے طلاق ہو گیا تھا جس کی وجہ سے وہ بھیونڈی کے کنیری علاقے کی بودھ واڑہ میں واقع اپنے گھر میں اکیلی رہتی تھیں۔سنیچرکی صبح وہ صفائی کا کام کرنے گھر سے نکل گئی تھی۔ لیکن  وہ۱۱؍ بجے کے قریب کسی کام سے گھر واپس آئی ۔ جیسے ہی وہ گھر میں داخل ہوئی گھر میں پہلے سے ہی چھپ کر بیٹھے کسی نامعلوم شخص نے اس پر تیز دھار ہتھیار سے۳؍وار کر کے اشدید زخمی کر دیا۔
  زخمی حالت میں وہ اپنی جان بچانے کیلئے  چیختی ہوئی گھر سے باہر نکلی ۔ پڑوسیوں نے اسے آٹو رکشا میں بٹھا کر فوراً اندرا گاندھی اسپتال پہنچایا لیکن زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی اس کی موت ہو گئی۔ ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔
  مقامی باشندوں نے بتایا کہ جیسے ہی وہ گھر میں داخل ہوئی تو اسے احساس ہوا کہ اس کے گھر میں گھس کر کوئی پہلے سے ہی گھات لگا ئے بیٹھا ہے۔ شور مچاتے ہوئے جب تک وہ باہر نکلنے میں کامیاب ہوپاتی  اس شخص نے کسی تیز دھار  دار  ہتھیار سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔ اس کے باوجود سویتا خون میں لت پت چیختے ہوئے باہر نکلی۔اس درمیان  محلے میں افراتفری مچ گئی جس کا فائدہ اٹھاتےہوئے قاتل فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
  میونسپل صفائی اہلکار کی اس طرح قتل کی خبر ملتے ہی اے سی پی (مغرب)سنیل وڈکے، بھیونڈی شہر پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر چیتن کاکڑے و دیگر پولیس افسران و اہلکار پولیس ٹیم کے ساتھ پہنچ کر تفتیش میں مصروف ہوگئے۔ اے سی پی سنیل وڈکے نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ پولیس ہر زاویے سے تفتیش کر رہی ہے۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد ہی اس قتل کی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK