مغربی ممالک نے اپنے شہریوںکو کھانا او رپانی کا ذخیرہ کرنے کی ہدایت دی ۔ آسٹریلوی سفارتخانے نے بجلی غائب رہنے سے جرائم میں اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا
EPAPER
Updated: March 03, 2023, 12:39 PM IST | Johannesburg
مغربی ممالک نے اپنے شہریوںکو کھانا او رپانی کا ذخیرہ کرنے کی ہدایت دی ۔ آسٹریلوی سفارتخانے نے بجلی غائب رہنے سے جرائم میں اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا
ان دنوں جنوبی افریقہ بجلی کے سنگین بحران کی زد میںہے جس سے عوام کو شدید دشواری ہورہی ہے ۔ ایسے میں خانہ جنگی اور لوٹ مار کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے ۔ مغربی ممالک نے اپنے شہریوںکو کھانا او رپانی کا ذخیرہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقہ میں بجلی غائب سے رہنے ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ پورے ملک میں مستقل بجلی غائب رہنے سے رہائشی علاقے، کاروبار، اسٹریٹ لائٹس، ٹریفک لائٹس اور ہوٹلز بری طرح متاثر ہیں۔ اندھیرے کی وجہ سے پانی کی سپلائی، انٹرنیٹ تک رسائی، موبائل فون سگنلز، ایندھن کی فراہمی ، رہائشی علاقوں میں سیکوریٹی معاملات اور غذا کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ ان حالات میں آسٹریلوی سفارتخانے نے اپنے ہدایت نامے میں کہا تھا کہ بجلی غائب رہنے سے جرائم میں اضافہ ہوگا، مثلاً ٹریفک میں پھنسی گاڑیوں میں لوٹ مار ہوسکتی ہے۔امریکی سفارتخانے نے بھی گزشتہ دنوں اپنے شہریوں کو ہدایت دی تھی کہ۳؍ روز کا راشن اور دیگر اشیاء گھر میں رکھیں اور خراب نہ ہونے والا کھانا، فی شخص ۳؍ لیٹر پانی، ادویات اور طبی سامان بھی ذخیرہ کریں۔
امریکہ کے اوورسیز سیکوریٹی ایڈوائزری کونسل کے ساتھ ایسکوم اور جنوبی افریقی حکام کی ملاقات بھی ہوئی۔ایسکوم کا کہنا ہے کہ پاور گرڈ کو بند کرکے دوبارہ چلانے میں وقت لگے گا ۔ ۶؍ سے ۱۴ ؍دن لگیں گے۔ امریکی عہدیدار نے کہا کہ اگر مکمل طور پر بجلی بند کر دی گئی تو بڑے پیمانے پر لوٹ مار شروع ہوجائے گی، خانہ جنگی بھی ہوسکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہےکہ بجلی کے بدترین بحران کا سلسلہ جاری ہے جس سے خانہ جنگی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے صدر سرل رامافوسا نے بجلی کی بدترین قلت کے درمیان عوام کو انتباہ دیا تھاکہ وہ احتیا ط کریں ، کیونکہ یہ بحران مزید سنگین ہوسکتا ہے۔
توانائی کی سرکاری کمپنی ’ایسکوم انسٹی ٹیوٹ‘ کے مطابق بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے روزانہ ۱۲؍گھنٹے سے زائد بجلی منقطع کی جارہی ہے۔