شہریوں پر۱۰-۱۰؍ ہزار روپے جرمانہ، گھروںمیں گاڑی دھونےپر پابندی ،پانی کے ذخائر میں کمی پر واٹر ایمرجنسی نافذ، بارش نہ ہونے پر بحران مزید سنگین ہونے کی پیش گوئی۔
EPAPER
Updated: February 17, 2025, 1:10 PM IST | Agency | Rawalpindi
شہریوں پر۱۰-۱۰؍ ہزار روپے جرمانہ، گھروںمیں گاڑی دھونےپر پابندی ،پانی کے ذخائر میں کمی پر واٹر ایمرجنسی نافذ، بارش نہ ہونے پر بحران مزید سنگین ہونے کی پیش گوئی۔
یہاں پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے حکومت کے احکامات پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ راولپنڈی میں پانی اور صفائی کے ادارے ’واسا‘ نے احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر۲؍ شہریوں پر ۱۰-۱۰؍ ہزار جرمانے عائد کئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق واسا کےایم ڈی سلیم اشرف کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ واسا نے پانی کے ذخائر میں کمی پر پانی کے استعمال میں احتیاط برتنے کے لئے واٹر ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ خشک سالی کے سبب راولپنڈی میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔ فروری اور مارچ میں بارش نہ ہوئی تو پانی کا بحران مزید سنگین ہو جائےگا۔ محکمہ موسمیات نے بھی کم بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
واسا کےایم ڈی کے مطابق آبادی میں مسلسل اضافہ اور کمرشیل سرگرمیوں سے پانی کے ذخائر میں کمی ہو رہی ہے۔ شہر میں پانی کی یومیہ طلب۶۸؍ ملین گیلن ہے جبکہ دستیاب پانی صرف۵۱؍ ملین گیلن یومیہ ہے۔ اسی طرح زیر زمین پانی کا لیول۷۰۰؍ فٹ نیچے چلا گیا ہے۔ پانی کی ضرورت راول ڈیم، خان پور ڈیم اور ٹیوب ویلز سے پوری کی جا رہی ہے۔ واسا کے ایم ڈی کا کہنا تھا کہ پانی کے غیر ضروری استعمال پر مقدمات درج کریں گے۔ پانی ضائع کرنے پر دو شہریوں پر چالان کئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے پانی کا استعمال کم کرنے اور واسا کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔ پنجاب حکومت نے گھروں میں گاڑی دھونے پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئےخبردار کیا تھا کہ خلاف ورزی کرنے والے پر۱۰؍ ہزار روپے کا جرمانہ ہو گا۔ صوبائی حکومت نے تعمیراتی مقامات پر بھی زمینی پانی کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔ صوبہ پنجاب کے محکمہ موحولیات نے بارش کی کمی کے سبب پانی کی قلت کا خدشہ ظاہر کیا تھا اور صورتحال کے پیش نظر صوبے میں غیرقانونی اور غیرمنظور شدہ کار واش سروس اسٹیشنوں کی فوری بندش کے احکامات جاری کئے۔ محکمے نے ہدایت دی کہ تمام کار واش اسٹیشنوں پر۲۸؍ فروری۲۰۲۵ء تک واٹر ری سائیکلنگ سسٹم اور یو چینلز کی تنصیب لازمی ہونی چاہئے اور خلاف ورزی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ اور کار واش ایریا سیل کیا جائے گا۔