’چھتیس گڑھ انرجی انویسٹرس سمٹ‘ میںکئی کمپنیوں نے توانائی کے شعبے میں۳؍ لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔
EPAPER
Updated: March 11, 2025, 11:51 AM IST | Agency | Raipur
’چھتیس گڑھ انرجی انویسٹرس سمٹ‘ میںکئی کمپنیوں نے توانائی کے شعبے میں۳؍ لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔
چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں پیر کو منعقدہ’ `چھتیس گڑھ انرجی انویسٹرس سمٹ‘ میں کئی بڑی کمپنیوں نے۳؍ لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جو توانائی انقلاب کی طرف تیزی سے ` پیش قدمی کی علامت ہے۔
اس سرمایہ کاری سے ریاست میں نیوکلیئر، تھرمل، سولر اور پمپڈ اسٹوریج جیسے شعبوں میں بجلی پیدا کرنے کے نئے پروجیکٹ شروع ہوں گے۔ اس سے نہ صرف صنعتوں کو فائدہ ہوگا بلکہ عام لوگ بھی سستی اور بلاتعطل بجلی حاصل کرسکیں گے۔
وزیر اعلی وشنو دیو سائی نے کہا، ’’چھتیس گڑھ میں توانائی کے شعبے میں یہ سرمایہ کاری ریاست کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی اور قابل تجدید توانائی کو فروغ دے کر ایک سبز مستقبل کی راہ ہموار کرے گی۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ چھتیس گڑھ نہ صرف توانائی میں خود کفیل بنے بلکہ پورے ملک کے لئے خود کو توانائی کے مرکز کے طور پرمتعارف کرائے۔
سائی نے کہا کہ چھتیس گڑھ پہلے ہی۳۰؍ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے جو کہ قومی اوسط سے زیادہ ہے۔ اب ہر شخص کو۲۰۴۸؍ کلو واٹ گھنٹے بجلی مل رہی ہے جس سے ریاست کی توانائی کی ضروریات پوری ہو رہی ہیں۔
جوہری توانائی کے شعبے میں این ٹی پی سی نے۸۰؍ ہزارکروڑ روپے کی لاگت سے۴۲؍سو میگاواٹ کا جوہری پاور پروجیکٹ قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس سے چھتیس گڑھ میں ایٹمی توانائی سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔
تھرمل پاور سیکٹر میں بھی بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے۔ اڈانی پاور۶۶؍ ہزار ۷۲۰؍ کروڑ روپے کی لاگت سے کوربا، رائے گڑھ اور رائے پور میں۱۶؍ سو میگاواٹ کے ۳؍ تھرمل پاور پلانٹس لگائے گی۔جندال پاور رائے گڑھ میں ۶ا؍سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے لئے ۱۲؍ہزار۸؍سوکروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گی جبکہ سردا انرجی رائے گڑھ میں۶۶۰؍ میگاواٹ صلاحیت کے پلانٹ کے لئے۵؍ ہزار ۳؍سو کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گی۔
اس کے علاوہ سرکاری کمپنیاں این ٹی پی سی اور۴۱؍ ہزار ۱۲۰؍سی ایس پی جی سی ایل کروڑ روپے کی لاگت سے۴۵؍سو میگاواٹ بجلی پیدا کریں گی۔
چھتیس گڑھ نے شمسی توانائی کے میدان میں بھی بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ جندل پاور اور این ٹی پی سی گرین مل کر ۱۰؍ ہزار کروڑ روپے خرچ کرکے۲۵؍سو میگاواٹ شمسی توانائی پیدا کریں گے۔ اس میں ڈولیسارا میں۵؍سو میگاواٹ کے سولر پلانٹس اور رائے گڑھ میں۲؍ ہزار میگاواٹ کے سولر پلانٹس شامل ہوں گے۔