• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سینئر مسلم لیڈر بابا صدیقی پر کا گولی مار کر قتل، دو افراد گرفتار

Updated: October 13, 2024, 11:13 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ممبئی اور مہاراشٹر کے سینئر مسلم لیڈر، معروف سماجی خدمتگار، چالیس سال کانگریس سے وابستگی کے بعد اسی سال فروری میں این سی پی (اجیت پوار)  میں شامل ہونے والے سابق ریاستی وزیر بابا صدیقی پر سنیچر کی رات تقریباً ۱۰؍ بجے کئی راؤنڈ فائرنگ کی گئی۔ اس معاملے میں ممبئی پولیس نے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔

Police personnel are assigned to the crime scene. Photos: Ashish Raje
جائے واردات پرتعینات پولیس اہلکار۔ تصاویر: اشیش راجے

ممبئی اور مہاراشٹر کے سینئر مسلم لیڈر، معروف سماجی خدمتگار، چالیس سال کانگریس سے وابستگی کے بعد اسی سال فروری میں این سی پی (اجیت پوار)  میں شامل ہونے والے سابق ریاستی وزیر بابا صدیقی پر سنیچر کی رات تقریباً ۱۰؍ بجے کئی راؤنڈ فائرنگ کی گئی۔ اسپتال لے جانے تک ان کا انتقال ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گولیاں اُن کے سینے اور پیٹ پر لگیں۔ فائرنگ میں شدید زخمی ہونے کے سبب انہیں لیلا  وتی اسپتال لے جایا گیا جہاں  ڈاکٹروںنے داخلہ سے قبل  ہی انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اسپتال کےایک سینئر ڈاکٹر نے ان کی موت کی تصدیق کردی ہے۔ اس معاملے میں باندرہ کی نرمل نگر پولیس نے ۲؍ افراد کو حراست میں لیاہے۔
بابا صدیقی پر تین نامعلوم افراد نے اس وقت فائرنگ کی جب وہ باندرہ ( ایسٹ)  کھیر نگر سے گزر رہے تھے۔ واضح رہے کہ بابا صدیقی  کے فرزند ذیشان صدیقی اسی حلقہ سے رکن اسمبلی ہیں اور فائرنگ ذیشان صدیقی کے آفس کے قریب ہی  ہوئی ہے۔ اس علاقہ  میں صدیقی خاندان کا کافی اثر و رسوخ ہے۔ ایسے میں برسراقتدار پارٹی کے لیڈر کا سنسنی خیز قتل بہت سے سوال کھڑے کرتا ہے۔ این سی پی( اجیت پوار) کے لیڈروں نے عین دسہرے کے موقع پر ہونے والی اس واردات کی شدید مذمت کی ہے اور پولیس سے باریکی سے جانچ کرنے اور خاطیوں کو فوراً گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کےمطابق ۱۵؍ دن قبل ہی انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی جس کے سبب انہیںوائے  زمرے کی سیکوریٹی دی گئی تھی۔ اس کے باوجوداُن پر فائرنگ ہوئی۔  اس سلسلے میں این سی پی ( اجیت ) کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے حملہ آوروں کو فوراً گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کے ترجمان سچن ساونت نے بھی  اس پر ردعمل ظاہر کیا اور کہاکہ یہ بھیانک واردات ہے، ممبئی اور ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی حالت کتنی دگرگوں ہے اس کا اندازہ اس واردات سے لگایا جاسکتا ہے کیونکہ بابا صدیقی برسراقتدار پارٹی کے لیڈر، سابق رکن اسمبلی اور سابق وزیر تھے،  اگر ان کے ساتھ ایسا  ہوسکتا ہے تو عام آدمی کا کیا حال ہو گا۔ 
 وزیر اعلیٰ شندے نے اس سانحہ پر کہا کہ ’’ممبئی پولیس کمشنر نے مطلع کیا ہے کہ تین میں سے دو حملہ آوروں کو حراست میں لےلیا گیا ہے، ان میں ایک ہریانہ اور دوسرا یوپی سے ہے۔ ممبئی کرائم برانچ اس کی جانچ کر رہی ہے، تیسرے فرار ملزم کی تلاش بھی جاری ہے۔‘‘

الگ الگ تقریبات کی ان تصاویر میں بابا صدیقی کو امین پٹیل،رام داس اٹھاؤلے، انل پرب، پرفل پٹیل، اجیت پوار، سنیل تٹکرے اور اوپر کی تصویر میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ۔ سیاست دانوں کے علاوہ  بابا صدیقی فلمی حلقوں میں بھی کافی اثر ورسوخ رکھتے تھے۔  ان کے ذریعہ دی جانے والی افطار پارٹیوں کا بھی کافی شہرہ رہتا تھا۔ کریئر کی ابتدا میں وہ سنیل دت  کے بہت قریب تھے۔ دت خاندان سے ان کا یہ تعلق برقرار رہا۔ فروری میں انہوں نے کانگریس کو خیر باد کہہ کر این سی پی جوائن کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK