صبح کے وقت گھنا کہرا چھا ئے رہنے سے سڑکوں پرسناٹا رہتا ہے، ٹھنڈی ہوائیں لگاتار چلنے سےلوگ الاؤ کا سہارا لے رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: January 07, 2025, 3:27 PM IST | Agency | Lucknow
صبح کے وقت گھنا کہرا چھا ئے رہنے سے سڑکوں پرسناٹا رہتا ہے، ٹھنڈی ہوائیں لگاتار چلنے سےلوگ الاؤ کا سہارا لے رہے ہیں۔
پہاڑوں پر مسلسل برف باری کا اثر اتر پردیش میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ اتر پردیش میں اس وقت شدید سردی ہے۔ آنے والے دنوں میں سردی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بھی یوپی میں سخت سردی کے درمیان بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ بارش کے ساتھ ساتھ آندھی اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ کی طرف سے دی جانے والی معلومات میں کہا گیا ہے کہ۷؍ جنوری کو اتراکھنڈ اور شمال مغربی اتر پردیش میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کےمطابق۷-۸؍ جنوری کے دوران اترپردیش کے مختلف مقامات پر شدید ٹھنڈ پڑے گی ۔۷؍ جنوری سے۹؍ جنوری کے درمیان اتر پردیش کے کچھ مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔
یوپی میں محکمہ موسمیات نے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ نے آئندہ دنوں میں بھی ٹھنڈ برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پچھلے کئی دنوں کے دوران یوپی کے باشندے سردی کی مار جھیل رہے ہیں۔ صبح کے وقت گھنا کہرا چھایا رہتا ہے جس سے سڑکوں پر سناٹاچھاجاتا ہے گاڑیوں کی رفتار کم ہوجاتی ہے۔اس دوران ٹھنڈی ہوائیں بھی لگاتار چل رہی ہیں۔ سردی سے بچنے کیلئے الاؤ کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ ریاست کے کچھ اضلاع میں شدید سردی کے پیش نظر اسکولوں میں ۸؍ ویں جماعت تک تعطیل ہے۔ تعطیل کا اعلان یکم جنوری سے ۱۵؍ تک کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے یوپی میں ۶؍ سے۹؍ جنوری کے درمیان اورنج الرٹ جاری کیا ہے لیکن ریاست کے کچھ حصوں میں ۸؍ اور ۹؍ جنوری کو بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمۂ موسمیات نےمغربی یوپی میں اگلے دو دنوں تک بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کی طرف سے ریاست کے تقریباً۶۰؍ اضلاع میں اورنج الرٹ جبکہ تقریباً ۱۵؍ اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
تلنگانہ میں سردی کی لہر کم ہونے کے آثار
تلنگانہ کے کچھ حصوں میں گزشتہ ۴-۳؍ دنوں سے سردی کی لہر کم ہونے کے آثار دکھائی دے رہے ہیں، کئی علاقوں میں کم ازکم درجۂ حرارت میں۲؍ ڈگری سیلسیس سے۴؍ ڈگری سیلسیس تک اضافہ ہوا ہے۔سردی کی لہر میں قدرے کمی کے باوجود حیدرآباد میں کہرےکے ساتھ سردی اب بھی برقرار ہے اور کئی مقامات پر اوسطا کم ازکم درجہ حرارت(اتوار کی شام اور پیر کی صبح کے درمیان)۱۰؍ ڈگری سیلسیس سے۱۴؍ ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ کچھ دن پہلے تک، ان مقامات پر کم ازکم درجۂ حرارت۸؍ ڈگری سیلسیس اور۱۰؍ ڈگری سیلسیس کے درمیان تھا جو حیدرآباد میں بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت کا واضح اشارہ ہے۔ اسی طرح مختلف اضلاع عادل آباد، آصف آباد اور سنگاریڈی میں کم ازکم درجۂ حرارت میں اضافہ ہوا ہے۔