Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبرا کے آزاد نگر میں رمضان میں پانی کی شدید قلت

Updated: March 15, 2025, 11:51 PM IST | Mumbai

سابق اپوزیشن لیڈر شانو پٹھان نے محکمہ آب رسانی کے افسران کے ساتھ علاقے کا دورہ کیا

Former TMC opposition leader Shanu Pathan in Azad Nagar.
آزاد نگر میںٹی ایم سی کے  سابق اپوزیشن لیڈر شانو پٹھان۔

تھانے میونسپل کارپوریشن( ٹی ایم سی) کے سابق اپوزیشن لیڈر اشرف(شانو) پٹھان نے محکمہ آب رسانی کے افسران کے ساتھ پانی کی شدید قلت سے متاثر آزاد نگر علاقے کا  دورہ کیا  تھا جس کے بعد سنیچر کو یہاں پانی کی قلت  کے مسئلے کے عارضی حل کے طور پر۲؍انچ کی پائپ لائن بچھانے کا کام جنگی پیمانے پر شروع ہو گیا ہے۔ شانو پٹھان نے دھمکی دی ہے کہ پائپ بچھانے کے باوجود اگر پانی سپلائی نہیں کیا گیا تو وہ تھانے میونسپل کمشنر کے آفس کے باہر احتجاج کریں گے ۔
  مقامی افراد کے مطابق ’’گزشتہ ۱۵؍ تا ۱۸؍ دنوں سے انہیں پینے کا پانی میسر نہیں۔ جو پانی آتا ہے وہ آلودہ رہتاہے اور علاقے میں جو بورنگ ہے ان میں کڑوا پانی آرہاہے جو قابل استعمال نہیں۔ رمضان کے مہینے میں ہم پینے کے پانی کیلئے ترس رہے ہیں۔‘‘ 
  اس سلسلے میں سابق اپوزیشن لیڈر شانو پٹھان نے گزشتہ روز محکمہ آب رسانی کے افسران کے ساتھ علاقے کا دورہ کیا  جس کے دوران مقامی شہریوں نے افسران  سے پانی نہ آنے کی شکایت کی جن میں اکثریت خواتین کی تھی ۔ 
  اس ضمن میں شانو پٹھان نے کہاکہ پانی کی سپلائی کے عارضی حل کیلئے ۲؍ انچ کی پائپ لائن بچھائی جارہی ہے لیکن پانی سپلائی کا وال کھولنا ہمارے حق میں نہیں۔  انہوںنے الزام لگایاکہ محکمہ آب رسانی کا اہلکار آزاد نگر کے پانی کو کہیں اور منتقل کرتا ہے اور اگر ایسا کیا جائے گا تو یہاں کے شہری پانی سے محروم ہو جائیں گے ۔ شانو پٹھان نے اس ضمن میں سیاست نہ کرنے کی اپیل کی۔
پانی کی قلت پر این سی پی آمنے سامنے 
 آزاد نگر میں پانی کے مسئلہ پر  این سی پی(شرد پوار) اور این سی پی( اجیت پوار) کی خواتین نے جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب ممبرا پولیس اسٹیشن کے احاطے میں دھرنا دیا۔ 
 شانو پٹھان کا الزام تھا کہ جو وقت آزاد نگر میں پانی سپلائی کرنے کا ہوتا ہے، اسی وقت ملازم کسی اور علاقے کا وال کھول کر انہیں سپلائی کرتا ہے۔ شانو پٹھان  نے اس کا ویڈیو بھی  بنایا ہے اور اس کی شکایت کرنے ممبرا پولیس اسٹیشن پہنچے تھے۔ اسی دوران پانی کے معاملے پر این سی پی اجیت پوار گروپ کے کچھ پارٹی عہدیدار مقامی افراد کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچ گئے تھے اور دونوں گروہ نے ایک دوسرے پر الزامات تراشیاں کیں اور کچھ دیر تک پولیس اسٹیشن کے باہر دھرنا دینے کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ البتہ کچھ دیر کے بعد مسئلہ حل کیا گیا۔ اس کے بعد بی جے پی عہدیدار ردا رشید اپنے حامیوں کے ساتھ صبح وہاں پہنچیں اور الزام لگایاکہ این سی پی (شرد پوار) کے اراکین نے ان کی حامیوں سے گالم گلوچ کی ہے۔

mumbra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK