جامعہ قادریہ اشرفیہ میں علماء کی میٹنگ ،سید معین میاں نےکہا : ’’ شب برأت پر بہت سے نوجوان آتش بازی ،بائیک ریسنگ ، چوپاٹی ،گیٹ وے آف انڈیا اور نریمان پوائنٹ پر سیر وتفریح اور دھمکا چوکڑی کرتے ہیں، انہیں چاہئے کہ وہ اس رات میں عبادت کریں اور مرحومین کیلئے دعائےمغفرت کریں۔‘‘ بائیکلہ پولیس کی جانب سے ناریل واڑی قبرستان میں اورایل ٹی مارگ پولیس کی جانب سے چیرابازار میں میٹنگ کی گئی۔
شبِ برأت کے ضمن میں جامعہ قادریہ اشرفیہ میںمنعقدہ علماء کی میٹنگ میں سعیدنوری اظہار خیال کرتے ہوئے،ان کے دائیں جانب معین میاں اور دیگر علماء۔ تصویر: آئی این این
شب برأت کے پیش نظرشہر کے مختلف مقامات پر علمائے کرام اور پولیس انتظامیہ کی مشترکہ میٹنگیں منعقد کی گئیں۔ جامعہ قادریہ اشرفیہ میں منعقدہ میٹنگ میںعلماء نے تلقین کی کہ ’’شب برأت مغفرت طلب کرنے کی رات ہے اسلئے اسے خرافات میں ضائع نہ کیجئے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ بائیکلہ پولیس اسٹیشن کی جانب سے ناریل واڑی قبرستان میں اور ایل ٹی مارگ پولیس کی جانب سے چیرابازار میں بینکویٹ ہال میں منگل کو میٹنگیں بلائی گئیں۔ اس کے علاوہ دیونار قبرستان میں بھی پولیس نے جائزہ لیا۔ ان میٹنگوں کا مقصد بہترحفاظتی انتظامات پر خاص توجہ دلانا اور اس مبارک رات کی اہمیت پرروشنی ڈالنا تھا۔
’’خرافات سے بچئے اپنے رب کوراضی کیجئے‘‘
جامعہ قادریہ اشرفیہ میں منعقدہ میٹنگ میں مولاناسید معین الدین اشرف عرف معین میاں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ ’’یہ مبارک رات توبہ واستغفارکرنے، اپنے راب کوراضی کرنے، رزق میں کشادگی کا سوال کرنے اور گناہوں پرتائب ہونے کی رات ہے، اسے ضائع نہ کیجئے، خرافات اورغیرشرعی امور سےبچئے، حاجتمندوں کی خبرگیری کیجئے، صلوٰۃ التسبیح اور قضائے عمری ادا کیجئے، اس طرح ایک ایک لمحے کی قدر کیجئے۔ خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو اس رات کی اسی طرح قدر کرتے ہیں جیسا کہ اس کا حق ہے اور بدنصیب ہیں وہ لوگ جو اس رات بھی دھینگا مشتی سے باز نہیں آتے۔ ‘‘
معین میاں نے خاص طور پرنوجوانوں کو متوجہ کرتے ہوئے کہاکہ ’’مشاہدہ ہے کہ ہمارے بہت سے نوجوان طو فانی بد تمیزی پر آمادہ رہتے ہیں ، آتش بازی ،بائیک ریسنگ ، چوپاٹی ،گیٹ وے آف انڈیا اور نریمان پوائنٹ پر سیر وتفریح اور دھمکا چوکڑی کرتے ہیں۔ نوجوانوں کو چاہئے کہ اس سے گریزکریں اوراس رات اپنے مرحومین کے لئے مغفرت کی خصوصی دعا کریں۔‘‘
غیرشرعی امور اورقانون کی خلاف ورزی سے بچیں
رضا اکیڈمی کے سربراہ محمد سعید نوری نے کہاکہ ’’نوجوان غیر شرعی امور اورضابطہ شکنی سے پرہیز کریں، رجوع الی اللہ کریں اور دعائیں مانگیں ۔ہرگزایسا کوئی کام نہ کریںجس سے اسلام اور مسلمانوں کی شبیہ خراب ہو۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ٹرسٹیان کو چاہئے کہ وہ عورتوں کو قبرستان جانے سے روکیں اور زائرین کی سہولت کا ہر ممکن اہتمام کریں۔‘‘ مولانا خلیل الرحمن نوری نے کہا کہ’’نوجوانو!حالات کی نزاکت کو سمجھو، کم ازکم ان مبارک مواقع اورراتوں کی قدر کرو جس میں احکم الحاکمین کی جانب سے معافی اور نوازنے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔‘‘اس خصوصی نشست میں ائمہ کرام مولانا صوفی محمد عمر، قاری مشتاق احمد تیغی ، قاری محمد الیاس اور مفتی شاہ نوازنے بھی اظہارخیال کیا اور اعمالِ صالحہ کی جانب متوجہ کرتے ہوئے خرافات سے بچنے کی تلقین کی۔
’’بہتر حفاظتی انتظامات پرتوجہ دی جائے ‘‘
ناریل واڑی قبرستان میںپ ہلی منزل پر اعلیٰ پولیس افسران اوربائیکلہ پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر چیماجی اڑھاؤنے ٹرسٹیان اور انتظامیہ کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ میٹنگ کی۔اس میں عبدالرحیم خان (ٹرسٹی) اور یٰسین چشتی وغیرہ نے بتایا کہ ٹرسٹیان کی جانب سے تقریباً ۲۰۰؍رضاکار مامور ہوں گے، صاف صفائی ،روشنی اورپانی وغیرہ کا نظم کیا جائے گا۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ بائیکلہ گلوریا چرچ سے اور مجگاؤں سرکل سے قبرستان کی جانب آنے والی سڑکوں پرشب برأت میں گاڑیوں کی آمدورفت بند کردی جائے گی۔ اسی طرح پی ڈی میلو روڈ پرایک جگہ کچرے کی گاڑی کھڑی کی جاتی ہے، اسے بھی ہٹانے کےلئے کہا جائے گا تاکہ کوئی ٹریفک کے نظام میں کوئی مسئلہ نہ ہو۔‘‘
’’بڑا قبرستان میں خصوصی انتظامات ہوں گے‘‘
چیرا بازار بینکویٹ ہا ل میں ایل ٹی مارگ پولیس کی جانب سےمنعقدہ میٹنگ کے دوران جہاں پولیس نےحفاظتی انتظامات کےتعلق سے بتایا کہ ’’پولیس اپنی جانب سےہرممکن نظم کرے گی۔ نوجوانوں کو سمجھایا جائےکہ وہ قانون شکنی نہ کریںاورجہاں پارکنگ کا نظم کیا گیا ہے اسی جگہ گاڑیاں کھڑی کریں۔‘‘ میٹنگ میں موجود نجیب اخترتنگیکر(جامع مسجد) نےبتایاکہ ’’جامع مسجد ٹرسٹ کی جانب سے ۱۰۰؍ رضاکار، ۵۰؍ سیکوریٹی گارڈ، ۱۰؍لیڈیزسکیوریٹی گارڈتعینات کرنے کےساتھ صفائی ، پانی، روشنی اور بھیڑبھاڑ کو منتشر کرنے پرخاص توجہ دی جارہی ہے اورسی سی ٹی وی کیمروں سے بھی نگاہ رکھی جائے گی تاکہ زائرین کو سہولت ہو۔‘‘
دیونار قبرستان کا پولیس نے جائزہ لیا
دیونار قبرستان میں پولیس نے شبِ برأت کی مناسبت سے جائزہ لیا اورٹرسٹیان سے بات چیت کی۔ قبرستان کے ٹرسٹی عبدالرحمٰن عرف منّا نے بتایاکہ ’’حفاظتی انتظامات بہتر کئےجانے پرتبادلۂ خیال کیا گیا ۔ اور یہ طے پایا کہ ٹرسٹیان اورپولیس کی جانب سے مل جل کراس طرح نظم کیا جائے کہ زائرین کوسہولت ہو اورکوئی اندیشہ نہ رہے۔‘‘ واضح ہوکہ دیگر قبرستانوں کےٹرسٹیان کے ہمراہ آج بھی میٹنگوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ناریل واڑی قبرستان میںشبِ برأت کے تعلق سے سینئرافسران کےہمراہ ٹرسٹیان کی میٹنگ۔ تصویر: آئی این این
پولیس کی جانب سے چیرا بازار میں بینکویٹ ہال میں شب ِبرأت کے انتظامات سےمتعلق پولیس کے ہمراہ میٹنگ کا منظر۔ تصویر: آئی این این