Updated: April 04, 2024, 5:04 PM IST
| Islamabad
’’کیا ڈراما ہے‘‘ نامی پاکستانی شو میں پاکستانی اداکارہ نادیہ خان نے کہا کہ بالی ووڈ کے تینوں خان کو فواد خان سے خطرہ تھا، اس لئے انہوں نے سازش رچی اور پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کروادی۔ اس کی کوئی سیاسی وجوہات نہیں تھیں۔ سوشل میڈیا پر کلپ وائرل۔ صارفین میں لفظی جنگ چھڑ گئی۔
شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان۔ تصویر: ایکس
پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی شو میزبان نادیہ خان کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں ان کا اشارہ اس سازش کی طرف ہے جس کے تحت پاکستانی اداکاروں پر ہندوستان میں کام کرنے کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ’’کیا ڈراما ہے‘‘ نامی شو میں نادیہ نے ہندوستان کے معروف اداکاروں بشمول شاہ رخ، عامر اور سلمان کا نام لیتے ہوئے کہا کہ انہیں فواد خان جیسے پاکستانی اداکاروں کی شہرت سے خطرہ پیدا ہوگیا تھا۔ پاکستانی اداکاروں پر سیاسی وجوہات کے سبب پابندی نہیں عائد کی گئی بلکہ اس کی وجہ ہندوستانی اداکار تھے۔
نادیہ نے کہا کہ ’’جب فواد خان جیسے ہمارے اداکاروں نے ہندوستان میں کام کرنا اور شہرت حاصل کرنا شروع کیا تو ہندوستان کے بڑے اداکار اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھنے لگے۔ انہوں نے اسے مسئلہ بنایا اور پاکستانی اداکاروں پر پابندی عائد کروادی۔ سیاستدانوں کو پاکستانی اداکاروں سے مسئلہ نہیں تھا، یہ ہندوستانی اداکار تھے جنہیں ان سے خطرہ تھا۔ انہیں معلوم تھا کہ ہندوستانی ناظرین ہمارے اداکاروں کو ان کی صلاحیتوں کی بنیاد پر پسند کرتے ہیں۔ انہیں اپنا کسرتی جسم نہیں دکھانا پڑتا۔ وہ اپنی آنکھوں اور مکالمہ بولنے کے انداز سے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔‘‘
نادیہ نے مزید کہا کہ ’’اب مسئلہ یہ ہے کہ ہندوستانی ناظرین ہمارے ستاروں کو پسند کرتے ہیں۔ آپ کو اندازہ نہیں ہے کہ ہمارے فنکار وہاں کتنے مقبول ہیں۔ پاکستای شو ہندوستانی شو کے نصف بجٹ سے تیار ہوجاتے ہیں۔ ہمارے فنکاروں میں جنون ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ انہیں عالمی سطح پر پذیرائی ملے۔ آپ کو معلوم ہی نہیں ہے کہ ہمارے فنکاروں کو ہندوستان میں کس قدر پسند کیا جاتا ہے اور ان کے کتنے مداح ہیں۔ بالی ووڈ کے’’خان‘‘ اپنے آپ کو غیر محفوظ خیال کررہے ہیں کیونکہ ان کے ہاں اس عمر کی حد میں کوئی دوسرا اسٹار نہیں ہے۔‘‘
سوشل میڈیا پر یہ کلپ وائرل ہونے کے بعد ہندوستانی اور پاکستانی صارفین میں جنگ چھڑ گئی ہے۔