حکومت مہاراشٹر کے ’اسکل ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ‘ اور’خدمت خلق‘ نامی تنظیم کے اشتراک سے منعقدہ پروگرام پوری طرح کامیاب۔
EPAPER
Updated: February 18, 2025, 1:59 PM IST | Mukhtar Adeel | Nashik/ Malegaon
حکومت مہاراشٹر کے ’اسکل ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ‘ اور’خدمت خلق‘ نامی تنظیم کے اشتراک سے منعقدہ پروگرام پوری طرح کامیاب۔
ناسک شہر کے جلسہ لانس میں منعقد کئے گئے شہید راہِ مدینہ جاب فیئر زبردست کامیابی سے ہم کنار ہوا۔ یاد رہے کہ اسے مرحوم سیّد انوار اشرف عرف مثنیٰ میاں ؒ سے منسوب کیاگیا تھا۔ آل انڈیا سنی جمعیۃ علماء کے قومی صدر حضرت سیّد معین الدین اشرف عرف معین میاں کی سرپرستی اور ڈسٹرکٹ اسکل ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ گورنمنٹ آف مہاراشٹر کے اشتراک سے ہوئے اس فیئر میں ۸۶۹؍امیدواروں نے اندراج کروایا تھا۔ ان میں سے ۳۰۳؍ امیدواروں کو منتخب کیا گیا اور انٹرویو کے بعد آن دی اسپاٹ( موقع پر ہی) تقرری کے خط دیئے گئے۔
فیئر کے انتظامات ’خدمت خلق‘ نامی تنظیم کی جانب سے کئے گئے تھے۔ اس موقع پر اہم شرکاء میں سنتوش نروٹے(سینئر پولیس آفیسر)، سنیل سنودانے(ڈپٹی کمشنربرائے اسکل ڈیولپمنٹ)، انیسہ تڑوی(پروجیکٹ آفیسر)، ظہیر شیخ (سینئر جرنلسٹ) وغیرہ شامل تھے۔
قاری رضوان خان نے فیئر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ دنیا اور ملک میں بے روزگاری کا دَور دَورہ ہے۔ بے روزگاری پر قابو پانا جہاں اہم مسئلہ ہے وہیں با صلاحیت اور ضرورت مند نوجوانوں کو برسرروزگار کرنا بھی ضروری ہے۔ اِس جاب فیئر کے ذریعے جن نوجوانوں کو روزگار سے منسلک ہونے کے مواقع ملے ہیں وہ اپنے کام اور فرائض کی انجام دہی کیلئے مستعدی کا مظاہرہ کریں۔ قاری رضوان نے حصول رزق، کسب معاش اور کفالت کے حوالے سے اسلامی تعلیمات کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ صبر اور شکر کو اپنائیں۔ روزی روٹی کمانے کیلئے کی گئی محنت بھی عبادت میں شمار ہوتی ہے جس کا انعام اللہ رب العزت کی بارگاہ سے ملتا ہے۔
واضح رہے کہ جاب فیئر سالِ گزشتہ بھی ہوا تھا۔ اُس موقع پر ۲؍سو سے زائد امیدواروں کو ملازمت ملی تھی۔ امسال ملازمت حاصل کرنے والوں کی تعداد بڑھ جانے سے منتظمین کے حوصلے بلند نظر آئے اور چہروں پرخوشی ومسرت دکھائی دی۔ اس بار شرکت کرنے والے نوجوانوں کی تعداد بھی زیادہ تھی۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس سلسلے کو مزید وسعت دی جائے گی۔