• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شاہد آفریدی نے اسرائیلی گروپ کے جھوٹے دعوے کی قلعی کھول دی

Updated: June 21, 2024, 11:27 AM IST | Agency | Lahore

 پاکستان کے سابق کپتان اور اسٹار کرکٹرشاہد آفریدی نے اسرائیلی گروپ کی حمایت کرنے کے جھوٹے دعوے کی قلعی اتاردی ہے۔

A selfie showing two people affiliated with an Israeli organization displaying pamphlets. Photo: INN
وہ سیلفی جس میں اسرائیلی تنظیم سے وابستہ دو افراد پمفلٹ دکھاتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

 پاکستان کے سابق کپتان اور اسٹار کرکٹرشاہد آفریدی نے اسرائیلی گروپ کی حمایت کرنے کے جھوٹے دعوے کی قلعی اتاردی ہے۔ انہوں نے اسرائیلی گروپ سے وابستہ افراد کے ساتھ سیلفی کےمعاملے میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’’میں  نے انکے ساتھ سیلفی اسلئے کھنچوائی، کیونکہ میرا خیال تھا کہ یہ لوگ عام مداحوں کی طرح ہیں۔ ‘‘ غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے ایک اسرائیلی گروپ ’نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل‘ کی جانب سے اپنے دو اراکین کی شاہد آفریدی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی گئی تھی، جس میں لکھا گیا تھا کہ کہ شاہد آفریدی نے اسرائیلی یرغمالوں کی رہائی کے ہمارے مطالبے کی حمایت کی ہے۔ 
 تاہم سوشل میڈیا پر یہ لغو اور بے بنیاد دعویٰ سامنے آتے ہی شاہد آفریدی نے مذکورہ اسرائیلی گروپ کا بھانڈا پھوڑ کر سازش کو بے نقاب کر دیا اور سوشل میڈیا صارفین کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش پر دوٹوک جواب بھی دے ڈالا۔ شاہد آفریدی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس واقعے سے متعلق کُھل کر لکھا کہ’’ تصور کریں کہ برطانیہ میں مانچسٹر کی ایک سڑک پر آپ کے مداح سیلفی لینے کیلئے کہیں اور پھر کچھ ہی دیر بعد وہ اس تصویر کو صہیونی حمایت کے طور پر انٹرنیٹ پر لگا دیں۔ ‘‘ شاہد آفریدی نے اسرائیل کے حامی گروپوں کی حمایت کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان لوگوں کے ساتھ سیلفی اسلئے لی تھی کیونکہ میرا خیال تھا کہ یہ لوگ عام مداحوں کی طرح ہیں۔ سابق اسٹار آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ فلسطین میں معصوم لوگوں کو اذیت میں دیکھنا واقعی دل دہلا دینے والا ہے۔ کوئی بھی تصویر میری حمایت کی عکاسی نہیں کرتی۔ شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں واضح طور پر لکھا کہ میں امن، اس جنگ کے خاتمے اور آزادی کی دعا کرتا ہوں۔ انہوں نے اپنے ساتھ پیش آئے معاملے پر حیرانی کا اظہار کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK