بابا صاحب امبیڈکر کے پر پوتے کو واشم حلقے سے صرف ۱۹۴؍ ووٹ ملے ، وہ فہرست میں ۲۰؍ ویں نمبر پر رہے۔
EPAPER
Updated: November 29, 2024, 3:01 PM IST | Inquilab News Network | Washim
بابا صاحب امبیڈکر کے پر پوتے کو واشم حلقے سے صرف ۱۹۴؍ ووٹ ملے ، وہ فہرست میں ۲۰؍ ویں نمبر پر رہے۔
بابا صاحب امبیڈکر کے پر پوتے اور بودھ دھرم کی تبلیغ کرنے والے راج رتن اسمبلی الیکشن کے دوران سرخیوں میں تھے۔ وہ سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہیں لیکن مہاراشٹر کی حالیہ سیاسی صورتحال کے دوران وہ سیاسی اور سماجی پلیٹ فارموں پر بھی کافی سرگرم دکھائی دیئے لیکن الیکشن میں بری طرح ناکا م ثابت ہوئے۔ یاد رہے کہ راج رتن امبیڈکر اسمبلی الیکشن کے دوران موجودہ صورتحال میں کوئی ’نئی سیاسی طاقت‘ کھڑی کرنے کے معاملے میں پیش پیش تھے لیکن سمجھ میں نہیں آرہاتھا کہ وہ ہیں کس طرف کیونکہ بی جے پی کے ساتھ رہ چکے بچو کڑو اور راجو شیٹی جیسے لیڈران جب وشال گڑھ میں مسلمانوں کے گھروں پر حملہ کروانے والے سمبھاجی راجے کے ساتھ مل کر غیر بی جے پی اور غیر کانگریسی محاذ کھڑا کر رہے تھے وہ ان کی پریس کانفرنس میں بھی موجود تھے ، پھر جب منوج جرنگے نے مولانا سجاد نعمانی کے ساتھ میٹنگ کی تو راج رتن بھی وہاں موجود تھے۔
یہ بھی پڑھئے:ہائی کورٹ میں سنبھل مسجد کے سروے کے خلاف درخواست درج نہ ہونے تک روک: سپریم کورٹ
اس کے بعد جب مولانا سجاد نعمانی نے ممبئی میں پریس کانفرنس منعقدکرکے مہاوکاس اگھاڑی کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا تو ان کے ساتھ راج رتن امبیڈکر بھی موجود تھے۔ خود راج رتن نے واشم اسمبلی حلقے سے پرچہ بھرا تھا لیکن وہ کسی اتحاد میں شامل نہیں تھے بلکہ آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے تھے۔ انہیں ۱۹۴؍ ووٹ ملے اور امیدواروں کی فہرست میں وہ ووٹوں کے اعتبار سے ۲۰؍ ویں نمبر پر رہے۔
یاد رہے کہ راج رتن امبیڈکر اس سےپہلے بھی الیکشن میں حصہ لے چکے ہیں۔ انہوں نے ۲۰۰۹ء میں مرباڑ سے اسمبلی الیکشن لڑا تھا جس میں انہیں ۴۶۰۰؍ ووٹ ملے تھے، ۲۰۱۴ء میں انہوں نے ناندیڑ سے لوک سبھا الیکشن میں اشوک چوان کے سامنے حصہ لیا تھا وہاں انہیں ۲۸؍ ہزار ووٹ ملے تھے ۔ سوشل میڈیا پر لوگ سوال کر رہے ہیں کہ ۷؍ لاکھ فالوور رکھنے والے راج رتن امبیڈکر کو اتنے کم ووٹ کیسے ملے؟