• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اُدھو ٹھاکرے کو شنکراچاریہ کی حمایت،’’وشواس گھات‘‘ پربی جےپی کو آڑے ہاتھوں لیا

Updated: July 16, 2024, 10:30 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

کہا : دھوکہ دینے والے ہندو نہیں ہوسکتے۔ دہلی میں کیدارناتھ مندر کے منصوبے پر بھی برہمی کااظہار کیا، مندر سے ۲۲۸؍ کلو سونا چوری ہونے کا معاملہ اٹھایا۔

Swami Avi Mukteshwarananda and Uddhav Thackeray. Photo: INN
سوامی اَوی مکتیشورانند اور اُدھو ٹھاکرے۔ تصویر : آئی این این

ہندودھرم کے ۴؍ بڑے شنکراچاریاؤں میں سے ایک سوامی اَوی مکتیشورانند نے پیر کو اُدھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کرنے کے بعد بی جےپی کا نام لئے بغیر اس  کو جم کر آڑے ہاتھوں لیا۔ جیوتری مٹھ کے شنکر اچاریہ نے ماتوشری میں اُدھو ٹھاکرے سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُن (اُدھو) کے ساتھ وشواس گھات ہوا ہے اور ہندو دھرم میں یہ سب سے بڑا گناہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُدھو کےساتھ جو غداری ہوئی ہےاس کا درد اسی وقت ختم ہوگا جب وہ دوبارہ وزیراعلیٰ بنیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے دہلی میں کیدار ناتھ مندر کے حکومت کے منصوبے پر بھی برہمی کااظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مخالفت کی۔
  سوامی اوی مکتیشورانند اُدھوٹھاکرے  کے ساتھ دھوکہ کے تعلق سے کہا کہ ’’ہم ہندو دھرم کو مانتے ہیں۔ ہم ’پُنیہ ‘اور ’پاپ‘ میں یقین رکھتے ہیں۔ وشواس گھات سب سے بڑا پاپ ہے،اُدھو ٹھاکرے کے ساتھ وشواس گھات ہواہے۔ ‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’جو دھوکہ دیتا ہے وہ ہندو نہیں ہوسکتا۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ وہ مذہبی رہنما ہیں،سیاست سے ان کا کوئی تعلق نہیں مگر دھرم میں ’وشواس گھات‘کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ 
سوامی اوی مکتیشورانند  نے سنیچرکو بی کے سی میں مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی میں ’’آشیرواد‘‘ کے پروگرام میں شرکت کی تھی اس کے بعد سے وہ ممبئی میں  ہی ہیں۔ دہلی میں علامتی کیدار ناتھ مندر بنانے کی سرکاری تجویز پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذہبی کتابوں میں ’’۱۲؍ جیوترلنگ‘‘ کا  ان کے مقام کے ساتھ ذکر ہے۔ سوامی اوی مکتیشورانند نے نشاندہی کی کہ’’ شیوپُران میں کیدارناتھ کا پتہ ہمالیہ لکھا ہوا ہے،اس لئے وہ دہلی میں کیسے بن سکتاہے؟‘‘ انہوں نے ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’سیاسی لوگ ہمارے مذہبی مقامات میں گھس رہے ہیں۔‘‘ انہوں  نے اس موقع پر کیدران ناتھ مندر سے ۲۲۸؍ کلو سونا چوری ہونے کا معاملہ بھی اٹھایا اور الزام لگایا کہ اب ایک اور گھوٹالہ کرنے کیلئے  دہلی میں کیدار ناتھ مندر بنایا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK