• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شرد پوار کی کارکنان کو متحد اور چوکنا رہنے کی تلقین

Updated: November 23, 2024, 2:38 PM IST | Agency | Mumbai

سینئر لیڈر نے این سی پی کے تمام امیدواروں کی میٹنگ بلائی ، کہا سروے پر توجہ نہ دیں مہاوکاس اگھاڑی کو ۱۵۷؍ سیٹیں حاصل ہوں گی۔

Veteran leader Sharad Pawar has asked the party workers to remain confident. Photo: INN
معمر لیڈر شرد پوار نے پارٹی کارکنان کو پر اعتما د رہنے کیلئے کہا ہے۔ تصویر : آئی این این

آج مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے والے ہیں ۔ اس کے پیش نظر ایک روز قبل یعنی جمعہ کو این سی پی(شرد) کے سربراہ شرد پوار نے اپنی پارٹی کے امیدواروں کے ساتھ ایک ’زوم میٹنگ‘ منعقد کی۔ اس میٹنگ میں شرد پوار نے پارٹی امیدواروں اور کارکنان کو تلقین کی کہ وہ متحد رہیں اور چوکنا رہیں۔ جیت مہاوکاس اگھاڑی ہی کی ہوگی۔ شردپوار نے اپنے امیدواروں کو مہا وکاس اگھاڑی کو ملنے والی سیٹوں  کی تعداد تک بتادی۔ 
  اطلاع کے مطابق میٹنگ کے دوران سینئر لیڈر نے بھروسہ ظاہر کیا کہ مہا وکاس اگھاڑی کو۱۵۷؍ سیٹوں پر کامیابی ملے گی۔ یاد رہے کہ میڈیا میں دکھائے جا رہے ایگزٹ پول میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بی جے پی کی قیادت والے مہایوتی کو اکثریت حاصل ہوگی۔ ایگزٹ پول میں مہاوکاس اگھاڑی کو بھی خاطر خواہ سیٹیں ملنے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے لیکن انہیں اقتدار سے دور بتایا جا رہا ہے۔ شرد پوار نے اپنے لیڈران سے واضح طور پر کہا کہ اس طرح کے سروے پر توجہ دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ مہا وکاس اگھاڑی واضح اکثریت ساتھ اقتدار میں آ رہی ہے۔ یاد رہے کہ مہا وکا س اگھاڑی اور مہایوتی دونوں ہی اتحادوں کی جانب سے جیت کے دعوے کئے جا رہے ہیں۔ بی جے پی کا گزشتہ ریکارڈ رہا ہے کہ اگر وہ اپنے دم پر حکومت نہیں بناپاتی ہے تو دیگر پارٹیوں کو توڑ لیتی ہے۔ اسی کے پیش نظر شرد پوار نے اپنے لیڈران کو اطمینان دلایا کہ انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ جیت مہاوکاس اگھاڑی کی ہونے والی ہے۔ اس بار ایسا کچھ نہیں ہوگا جو اب تک ہوتا آیا ہے۔ 
  اطلاع کے مطابق شرد پوار کی یہ میٹنگ صبح ۹؍ تا ۱۰؍ بجے کے درمیان ہوئی۔ اس میٹنگ میں شرد پوار نے سبھی امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ ایگزٹ پول پر بھروسہ نہ کریں۔ ساتھ ہی انھوں نے اپنے کارکنا ن کو ہوشیار رہنے کی تلقین کی۔ یاد رہے کہ عوام میں اور سیاسی حلقوں میں ایک عام تاثر ہے کہ ووٹوں کی گنتی کے وقت ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرکے بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے نتائج کو تبدیل کر دیا جاتا ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مہا وکاس اگھاڑی کی تینوں پارٹیوں نے اپنے اپنے کارکنان کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی ہے اور اس بات سے آگاہ کیا ہے کہ انہیں کائونٹنگ سینٹر پر کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ہے۔ 
  شرد پوار نے بھی اپنی میٹنگ کے دوران کارکنان اور امیدواروں کو ہدایت دی کہ وہ ووٹوں کی گنتی کے دوران ہوشیار رہیں۔ گنتی کے عمل پر نظر رکھیں۔ جب تک گنتی پوری نہ ہو جائے اور نتائج ظاہر نہ کر دیئے جائیں تب تک کائونٹنگ سینٹر سے نہ ہٹیں، اور جیتنے کے بعد سرٹیفکیٹ لے کر سیدھے ممبئی پہنچیں۔ ذرائع کے حوالے سے جو خبریں سامنے آ رہی ہیں اس میں بتایا جا رہا ہے کہ پارٹی کی جانب سے ممبئی کے ایک ہوٹل میں اراکین اسمبلی کے ٹھہرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ تاکہ بی جے پی کی جانب سے ان کی خریدوفروخت یا پھر اغوا کی کوئی کوشش نہ ہو سکے۔ اگر ہو تو اسے ناکام بنایا جا سکے۔ 
 جمعہ کو ہوئی زوم میٹنگ میں این سی پی کے بانی شرد پوار کے علاوہ پارٹی کے ریاستی صدر جینت پاٹل اور قومی ایگزیکٹیو صدر سپریا سلے بھی موجود تھیں۔ میٹنگ میں اسمبلی حلقہ میں کتنے ووٹ پڑے، اعتراض کس طرح درج کریں، ووٹنگ کے آخر میں سی ۱۷۔ فارم پر کیا معلومات درج تھی اور ووٹ شماری کے دوران آپ کے سامنے کیا معلومات پیش کی جا رہی ہے، اس کی جانچ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ ۲۰۱۴ء کے بعد سے ملک میں ہر الیکشن اور اس کے نتائج مشکوک رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ اب ہر الیکشن کے بعد غیر بی جے پی پارٹیوں کو خبردار رہنا پڑتا ہے۔ 
  مہا وکاس اگھاڑی میں شامل کانگریس، این سی پی (شرد) اور شیوسینا (ادھو) نے اپنے اپنے طور پر پارٹی امیدواروں کو تحفظ فراہم کرنے اور انہیں متحد رکھنے کا انتظام کیا ہے۔ نتائج کے رجحانات سامنے آتے ہیں توڑ جوڑ کی کوشش شروع ہو سکتی ہے اس لئے سینئر لیڈران کسی طرح کا کوئی جوکھم نہیں اٹھانا چاہتے۔ حالانکہ سروے میں مہایوتی کی کامیابی ظاہر کی گئی ہے لیکن اس خیمے میں بھی بے چینی ہے اور این سی پی (اجیت) یا شیوسینا (شندے) میں سے کسی بھی امیدوار کے پالا بدلنے کے خدشات سے انکار نہیں کیا جار ہا ہے اس لئے یہ خیمہ بھی اقدامات کر رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK