• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شرد پوار کی جانب سے جینت پاٹل کو وزیر اعلیٰ بنانے کا اشارہ

Updated: October 17, 2024, 10:42 PM IST | Sangli

این سی پی کے بانی نے اشارتاً مہاراشٹر کی قیادت جینت پاٹل کو سونپنے کی بات کہی، حامیوں نے ’وزیراعلیٰ جینت پاٹل ‘کے نعرے لگائے، امول کولہے نے باقاعدہ پاٹل کو وزیراعلیٰ بنانے کا اعلان کیا

NCP chief Sharad Pawar addressing a rally in Sangli (Photo: Agency)
این سی پی سربراہ شرد پوار سانگلی کے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے ( تصویر: ایجنسی)

 کل تک ’’مہاوکاس اگھاڑی کے وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان الیکشن کے بعد کیا جائے گا‘‘ کا قول دہرانے والے این سی پی کے بانی شرد پوار نے بدھ کی رات اچانک سانگلی میں ایک جم غفیر کے سامنے یہ اشارہ دیا کہ مہاراشٹر کےآئندہ  وزیراعلیٰ  جینت پاٹل ہوں گے۔ یا د رہے کہ جینت پاٹل اس وقت این سی پی (شرد) کے ریاستی صدر ہیںاور  ریاست کے وزیر داخلہ بھی رہ چکے ہیں۔   پوار گزشتہ۲۴؍ دنوں سے ’شیوسوارج یاترا‘ کے تحت مہاراشٹر کے دورے پر تھے۔ بدھ کو اس یاترا کا آخری پڑائو سانگلی کا اسلام پورہ علاقہ تھا جو کہ جینت پاٹل کا حلقۂ انتخاب ہے۔ یہاں پوار نے باقاعدہ مہاراشٹر کی کمان آئندہ جینت پاٹل کے ہاتھ سونپنے کا عندیہ ظاہر کیا ۔
  پوار سے پہلے جب جینت پاٹل تقریر کیلئے کھڑے ہوئے تو وہاں موجود لوگوں نے ’ وزیر اعلیٰ جینت پاٹل‘ کہہ کر نعرے لگائے۔ اس پر پاٹل نے لوگوں سے خاموش رہنے کیلئے کہا۔ انہوں نے کہا ’’اس طرح نعرے لگاکر کوئی وزیر اعلیٰ نہیں بنتا ۔ اس کیلئے کافی اٹھک بیٹھک کرنی پڑتی ہے۔ اسلئے اب آپ لوگ خاموش رہیں۔‘‘ لیکن جب شر دپوار نے اپنی تقریر شروع کی تو انہوں نے جینت پاٹل کو ’’مہاراشٹر کو سنبھالنے اور اسے آگے لے جانے کی نظر اور طاقت رکھنے والے آپ سب کے ساتھی اور لیڈر جینت پاٹل ‘‘ کہہ کر مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا ’’ مجھے ایک بات کی خوشی ہے کہ جینت پاٹل سارےکام کرنے کیلئے جس طرح مہارشٹر کے کونے کونے میں گھوم رہے ہیں، محنت کر رہے ہیں، لوگوںکو یقین دلا رہے ہیں، دلاسہ دے رہے ہیں، ان کی ان کوششوں میں ان کا ساتھ دینے کیلئے مہاراشٹر کے نوجوان ان پیچھے کھڑے ہیں جو اس ریاست کو آگے لے جائیں گے۔‘‘معمر لیڈر نے کہا ’’ مجھے خوشی ہے  اس بات کی ، اور میری اور آپ سبھی کی یہ خواہش ہے کہ آئندہ کے مہاراشٹر کی تعمیر کیلئے  آج کی نسل کی قیادت  جینت رائو اپنے ذمہ لیں۔ اور مجھے امید ہے کہ ان کی کوششوں کو پورا کرنے میں آپ سب کا ساتھ رہے گا۔ پوار نے وثوق کے ساتھ کہا ’’میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں، پارٹی کا سربراہ ہونے کے ناطے کہتا ہوں ، کل کے ترقی یافتہ مہاراشٹر کی تعمیر کا بنیادی کام اسی علاقے سے شروع ہوگا۔ اس معاملے میں مجھے ذرا بھی شبہ نہیں ہے۔‘‘  شرد پوار نے یہ کہتے ہوئے اپنی بات پر مہر لگائی کہ ’’ یہ ایک تاریخی گائوں ہے۔ یہاںشکر کارخانے کھڑے کرنے کی شروعات راجا رام باپو نے کی تھی۔ اسی شکر آمیز گائوں میں ہم جمع ہوئے ہیں۔ اب ہم اسی گائوں کے سپوت کے ہاتھوں میں  مہاراشٹر کو کھڑا کرنے ، اسے سنوارنے ، اسے آگے بڑھانے کی ذمہ داری دیتے ہیں۔ ‘‘ پوار نے کہا ’’ساتھ ہی میں یقین ظاہر کرتا ہوں کہ میرے علاوہ این سی پی کے تمام کارکنان، مہاراشٹر کی نوجوان نسل ان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی رہے گی۔‘‘
 یاد رہے کہ شرد پوار کا یہ بیان  اسلئے اہم ہے کہ مہا وکاس اگھاڑی میں ان کے حلیف ادھو ٹھاکرے بار بار یہ اصرار کر رہے تھے کہ  مہاوکاس اگھاڑی کے عہدے کے امیدوار کا نام ظاہر کیا جائے لیکن شرد پوار ہر بار یہ کہہ کر ادھو کی بات ٹال رہے تھے کہ مہاوکاس اگھاڑی کے وزیراعلیٰ کا چہرہ الیکشن کے بعد طے کیا جائے گا۔ ایسا نہیں ہے کہ اس جلسے میں صرف شرد پوار نےاشارتاً پاٹل کو وزیراعلیٰ بنانے کی بات کہی ہو بلکہ رکن پارلیمان امول کولہے نے اپنی تقریر میں باقاعدہ  وضاحت کے ساتھ جینت  پاٹل کو وزیر اعلیٰ بنانےکا اعلان کیا۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK