مراٹھواڑہ کے ضلع بیڑ میں سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے بہیمانہ قتل کا معاملہ اس وقت پوری ریاست میں موضوع بحث ہے۔ ایوان میں بھی اس تعلق سے آواز اٹھائی جا چکی ہے۔
EPAPER
Updated: December 22, 2024, 12:11 PM IST | Agency | Beed
مراٹھواڑہ کے ضلع بیڑ میں سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے بہیمانہ قتل کا معاملہ اس وقت پوری ریاست میں موضوع بحث ہے۔ ایوان میں بھی اس تعلق سے آواز اٹھائی جا چکی ہے۔
مراٹھواڑہ کے ضلع بیڑ میں سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے بہیمانہ قتل کا معاملہ اس وقت پوری ریاست میں موضوع بحث ہے۔ ایوان میں بھی اس تعلق سے آواز اٹھائی جا چکی ہے۔ سنیچر کو این سی پی کے بانی شرد پوار خود بیڑ پہنچے اور انہوں نے مقامی لوگوں سے ملاقات کی ۔ ان کے وہاں سے روانہ ہوتے ہی اجیت پوار بھی بیڑ کے مساجوگ گائوں میں داخل ہوئے۔ شرد پوار نے یقین دلایا کہ جب تک اس قتل میں ملوث افراد کو سزا نہیں ہو جاتی تب تک وہ اور ان کی پارٹی خاموش نہیں بیٹھے گی۔ اجیت پوار نے کہا کہ کسی کو بھی بچایا نہیں جائے گا۔ جو کوئی بھی اس قتل کے پیچھے ہوگا اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ مقامی باشندوں نے اس قتل کے تعلق سے اجیت پوار کے قریبی ریاستی وزیر دھننجے منڈے پر انگلیاں اٹھائیں۔
دہشت کے ماحول سے باہر نکلیں: شرد پوار
سنیچر کو صبح کے وقت شرد پوار بیڑ کے رکن پارلیمان بجرنگ سونائونے، احمد نگر کے رکن پارلیمان نلیش لنکے اور بیڑ کے رکن اسمبلی سندیپ شیرساگر موجود تھے۔ پوار نے کہا ’’ نلیش لنکے اور بجرنگ سونائونے سنتوش دیشمکھ کے قتل کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھا چکے ہیں۔ اسمبلی میں جتیندر اوہاڑ اور سندیپ شیر ساگر نے اس پر سوال اٹھائے۔ اس کی وجہ سے قومی سطح پر میڈیا میںیہ سوال پوچھا جانے لگا کہ آخر مہاراشٹر میں کیا ہو رہا ہے؟ اور اس قتل کے پیچھے اصل ماجرا کیا ہے؟ ‘‘ شرد پوار نے کہا ’’ ہمارے نمائندے جہاں جہاں آواز اٹھانی چاہئے تھی اٹھا چکے۔ اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس معاملے کی گہرائی تک جا کر جانچ کرے اور خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ ‘‘
معمر لیڈر نے کہا ’’ ہمارے نمائندوں نے جو سوال پوچھے اس کا اصل موضوع یہ تھا کہ اس پورے معاملے کا کلیدی ملزم کون ہے؟ اس کی گرفتاری بے حد ضروری ہے۔ حملہ آوروں میں اور اس میں (فون پر ) کیا باتیں ہو رہی تھیں یہ باتیں باہر آنی بے حد ضروری ہے۔ ‘‘ یاد رہے کہ سنتوش دیشمکھ بیڑ ضلع کے کیج تعلقے میں واقع مساجوگ گائوں کے سرپنچ تھے۔ پوار نے گائوں والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’ میں آپ لوگوں سے ایک ہی بات کہنا چاہتا ہوں۔ ریاست میں اس وقت دہشت کا ماحول قائم ہو چکا ہے۔ برائے مہربانی اس ماحول سے خود کو باہر نکالئے۔ ہم سب مل کر ان حالات کا مقابلہ کریں گے۔ ‘‘ شرد پوار نے زور دے کر کہا ’’ ایک بار ہم متحد ہو گئے تو ہمیں کوئی روک نہیں سکتا۔‘‘ انہوں نے سنتوش دیشمکھ کو ایک فرض شناس سرپنچ قرار دیا۔
دھننجے منڈ ے کو کابینہ سے نکالا جائے
شرد پوار کے بعد اجیت پوار اپنے قافلے کے ساتھ بیڑ کے مساجوگ گائوں پہنچے یہاں انہوں نے مقامی لوگوںکو یقین دلایا کہ قتل کے پیچھے کسی کا بھی ہاتھ ہو اسے بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے مقتول سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور انہیں تسلی دی۔ اجیت پوار سب سے مل جل کر واپس جانے لگے تو گائوں والوں نے ان کے قافلے کو روک لیا۔ وہ نائب وزیر اعلیٰ سے انہی کی پارٹی کے دھننجے منڈے کی شکایت کرنے لگےان کا کہنا تھا کہ دھننجے منڈے جانبدار ہیں۔ انہوں نے یہاں کے لوگوں پر بڑے مظالم ڈھائے ہیں۔ انہوں نے بیڑ ضلع کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ا س لئے انہیں کابینہ سے نکال باہر کیا جائے انہیں کوئی وزارت نہ دی جائے۔