• Wed, 01 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

شردپوار نے فہرست سے پہلے اے بی فارم جاری کئے

Updated: October 23, 2024, 10:33 PM IST | Baramati

جینت پاٹل، انل دیشمکھ ، روہت پور اور جتیندر اوہاڑ سمیت ۵۰؍ اہم امیدواروں کو فارم دیدیئے گئے، بارامتی میں اجیت پوار کے سامنے ان کے بھتیجے یوگیندر پوار امیدوار

NCP founder Sharad Pawar (file photo)
این سی پی کے بانی شرد پوار ( فائل فوٹو)

مہا وکاس اگھاڑی نے اب تک سیٹوں کی تقسیم کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن اس سے پہلے ہی این سی پی کے بانی شرد پوار نے اپنی پارٹی کے امیدواروں میں فارم تقسیم کرنے شروع کر دیئے۔ اطلاع کے مطابق بدھ کے روز تقریباً ۵۰؍ امیدواروں کو پارٹی طرف سے اے بی فارم دیئے گئے۔ کہا جا رہا ہے کہ مہا وکاس اگھاڑی میں سیٹوں کی تقسیم کا فارمولہ طے کر لیا گیا   ہے جس کے مطابق این سی پی (شرد) کے حصے میں ۸۵؍ سیٹیں آئیں گی ۔ فی الحال شیوسینا (ادھو)اور کانگریس کو بھی ۸۵؍۔ ۸۵؍سیٹیں ہی دی گئی ہیں۔ 
ایک ہی دن میں ۵۰؍ امیدواروں میں فارم تقسیم
 بدھ کے روز بارامتی میں واقع شردپوار کے گھر پر ایسے امیدواروں کواے بی فارم دے دیئے گئے جن کے نام فہرست میں یقینی طور پر شامل ہوں گے۔ ان میں بیشتر ایسے لوگ ہیں جو مہاراشٹر کے دور دراز علاقوں میں رہتے ہیں۔ زیادہ تر کا تعلق مراٹھواڑہ یا ودربھ سے ہے۔ ان میں کچھ مشہور چہرے بھی ہیں۔ اہم خبر یہ ہے کہ اجیت پوار کے بھتیجے اور شرد پوار کے پوتے  یوگیندر  پوار کو بھی اے بی فارم دیدیا گیا ہے۔  وہ بارامتی حلقے سے اپنے چچا اجیت پوار کا مقابلہ کریں گے۔ ان کے علاوہ اس فہرست میں جینت پاٹل، انل دیشمکھ، جتیندر اوہاڑ، روہت پوار، پراجکتا تانپورے، سنیل بھوسارا، راکھی جادھو،  رانی لنکے اور پرشانت یادو  کے علاوہ راہل جگتاپ کا نام بھی شامل ہے۔  ان  کے علاوہ راجیش ٹوپے، سمرجیت گھاٹگے، روہنی تائی پاٹل ، بھاگیہ شری آترام دیودت نکم، پرتھوی راج ساٹھے اور بابا جانی درانی کا نام بھی ممکنہ فہرست میں شامل ہے۔  یاد رہے کہ شرد پوار کے بھتیجے اجیت پوار نے بھی مہایوتی کی جانب سے سیٹوں کی تقسیم کے اعلان سے پہلے ہی اپنی پارٹی کے چنندہ امیدواروںکو اے بی فارم دے دیا تھا۔ 
 بارامتی میں چچا بھتیجا آمنے سامنے  
 ان میں سب سے دلچسپ مقابلہ ایک بار پھر شرد پوار کے آبائی علاقے بارامتی سے ہوگا جہاں سے این سی پی (اجیت) کی جانب سے  خود نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار امیدوار ہوں گے۔ ان کے سامنے ان کے بھتیجے یوگیندر پوار   این سی پی (شرد) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔ یاد رہے کہ یوگیندر پوار اجیت پوار کے بڑے بھائی شرینواس پوار کے بیٹے ہیں۔  یہ ان کا پہلا الیکشن ہوگا۔ ایک روز قبل یوگیندر پوار نے  ایک انگریزی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا ’’ اگر میں اس الیکشن میںہار گیا تو میرا کوئی بڑا نقصان نہیں ہوگا کیونکہ یہ میری زندگی کا پہلا الیکشن ہے جبکہ اجیت پوار ہار گئے تو ان کا بہت بڑا نقصان ہوگا کیونکہ وہ  سیاست کی دنیا کا بہت بڑا چہرہ ہیں۔ یاد رہے کہ اجیت پوار بارامتی سے ۷؍ مرتبہ الیکشن جیت چکے ہیں۔ 
  خبر لکھے جانے تک  اس معاملے میں اجیت پوار کا کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے لیکن کچھ عرصہ پہلے تک میڈیا ایسی خبریں آ رہی تھیں کہ  اجیت پوار اس بار بارامتی سے الیکشن نہیں لڑنا چاہتے کیونکہ یہاں سے انہیں اپنے گھروالوں کے خلاف ہی مقابلہ کرنا پڑتا ہےمگر منگل کی رات پارٹی نے جو ۳۸؍ امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے اس میں اجیت پوار کا نام بھی   شامل ہے۔ اس طرح لوک سبھا الیکشن کی طرح اسمبلی الیکشن میں بھی پوار گھرانے کے دو افراد آمنے سامنے ہوں گے۔ یاد رہے کہ لوک سبھا الیکشن میں بارامتی سیٹ سے شرد پوار کی بیٹی سپریہ سلے کے سامنے ان کی بھابھی ( اجیت پوار کی اہلیہ ) سونیترا پوار امیدوار تھیں ۔ اس مقابلے میں سپریہ سلے نے بازی ماری۔ 
 دیگر پارٹیوں کے  لیڈران کو ٹکٹ
  این سی پی (شرد) کی فہرست میں ایسے ناموں کی بڑی تعداد ہے جو بنیاد طور پر این سی پی کے نہیں بلکہ بی جے پی سے آئے ہوئے لوگ ہیں۔ ان میں ہرش وردھن پاٹل، سمرجیت گھاٹگے ، روہنی کھڑسے اور بھاگیہ شری آترام وغیرہ۔ ان کے علاوہ ایک بڑی تعداد ہے جو بی جے پی میں تھی یا این سی پی میں چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہو گئی تھی  اور اب دوبارہ شرد پوار کے ساتھ ہے۔ یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔ بدھ کے روز بھی کم از کم ۳؍ لیڈران نے شرد پوار سے ملاقات کی۔  حالانکہ اس کی وجہ سے شرد پوار کو تنقیدوں کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یاد رہے کہ مہا وکاس اگھاڑی  نے بدھ کی شام پریس کانفرنس کے ذریعے فی الحال ۸۵؍ ۔ ۸۵؍ سیٹیں آپس میں بانٹ لینے کا اعلان کیا ہے ۔ بقیہ سیٹوں کے تعلق سے اعلان بھی جلد ہو جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK