• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہم مہاراشٹر کی سیاست کو یکسر بدلنے کیلئے کوشاں ہیں: شرد پوار

Updated: November 12, 2024, 10:50 AM IST | Sharjil Qureshi | Jalgaon

معمر لیڈر نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’ یہ تبدیلی آپ کی مدد کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ ‘‘ ملک سالمیت کیلئے آئین کے تحفظ پر زور، کسی بھی قیمت پر مہاراشٹر کی حکومت میں تبدیلی کے عزم کا اظہار۔

NCP founder Sharad Pawar speaking in Jalgaon. Photo: INN.
این سی پی کے بانی شرد پوار جلگائوں میں تقریر کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

ہم مہاراشٹر میں سیاسی سوچ کو بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اور یہ آپ کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ ‘‘ یہ کہنا ہے کہ این سی پی کے بانی شرد پوار کا جو یہاں جلگائوں ضلع کے پارولہ شہر میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر شرد پوار نے وزیر اعظم نریندر مودی کو جم کر نشانہ بنایا۔ 
معمر لیڈر نے کہا ’’نریندر مودی کہہ رہے تھے کہ ان کی پارٹی کے ۴؍ سو اراکین پارلیمان جیت کر آئیں گے۔ ہمیں انہی ( کی پارتی ) کے لوگوں سے یہ اطلاع ملی کہ وہ ۴؍ سو اراکین پارلیمان کی مدد سے دستور ہند کو بدلنا چاہتے ہیں ۔ ‘‘ شرد پوار کا کہنا تھا کہ ’’ ۴۰۰؍ پار کے نعرے کی وجہ سے لوگ بھی تشویش میں مبتلا پڑگئے کہ کچھ تو گڑ بگڑ ہونے والی ہے۔ ‘‘ سینئر لیڈر نے بتایا کہ ’’دستور بدلنے کی خبر ملنے کے بعد ہم نے انڈیا اتحاد بنایا۔ ہم نے مودی کے من میں چھپے پاپ کے تعلق سے لوگوں میں بیداری لانے کی کوشش کی اور اس کا جو نتیجہ نکلا وہ آپ سب کے سامنے ہیں ۔ ‘‘ شرد پوار نے زور دے کر کہا ’’ہم سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں لیکن آئین میں تبدیلی کو برداشت نہیں کریں گے۔ ‘‘
اپنے خطاب میں شرد پوار نے مزید کہا کہ اس ملک کو متحدہ رکھنے کا کام آئین نے کیا ہے۔ وہ آئین جوڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے تیار کیا ہے۔ جو آج تک ملک کو متحدہ رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا ’’مہاراشٹر میں الیکشن آیا ہے۔ اور اس الیکشن میں آپ کو یہ طے کرنا ہے کہ مہاراشٹر کی باگ ڈور کس کے ہاتھوں میں دینی ہے۔ مہاراشٹر کی سیاست میں تبدیلی ہی آپ کو طاقت دے گی۔ ‘‘ سینئر لیڈر نے توجہ دلائی کہ ’’آج ملک میں کسانوں کی حالت کیا ہے ؟کسانوں کی خودکشی کا سلسلہ جاری ہے۔ کسان سونے جیسی قیمتی جان گنوانے کا فیصلہ کیوں کر رہے ہیں ؟کیونکہ فصلوں کو مناسب دام نہیں مل رہا ہے۔ ‘‘ اس موقع پر پوار نے اپنے دور وزارت میں کئے گئے قرض معافی کے فیصلوں کی تفصیل بھی بتائی۔ انہوں نے کہا ’’آج بھی یہی حالات ہیں لیکن حکومت نے ایسا( فیصلہ) نہیں کیا۔ ملک میں آج بھی خواتین کے ساتھ تشدد کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ 
لوک سبھا الیکشن میں ہوئی غلطی کو درست کرنا ہے : شرد پوار 
دوران تقریر شرد پوار نے یہ بھی کہا کہ اس ضلع میں لوک سبھا الیکشن میں ہماری سیٹ نہیں آئی لیکن ہم نے دیگر اضلاع میں اس کی تلافی کی۔ ہم یہاں کے لوگوں کی زندگیاں بدلنا چاہتے ہیں، یہاں جو غلطیاں ہوئیں ان کو درست کرنا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ آپ ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ہمارا ساتھ دیں گے۔ لوک سبھا میں  جو ہوا وہ اسمبلی الیکشن میں نہیں ہوگا بلکہ یہاں سے مہا وکاس اگھاڑی کو بڑے پیمانے پر ووٹ ملیں گے۔ اس موقع پر اسٹیج پر مہاراشٹر اسمبلی کے سابق چیئرمین ارون بھائی گجراتی، پارولہ۔ ایرنڈول حلقے سے مہاوکاس اگھاڑی کے امیدوار ڈاکٹر ستیش پاٹل، کانگریس کی ریاستی نائب صدر پرتبھا شندے سمیت مہاوکاس اگھاڑی کے ضلعی و شہری سطح کے ذمہ داران موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK