• Sun, 12 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

طلبہ کے احتجاج پر شرد پوار کا الٹی میٹم مگر روہت پوار کی جانب سے مفاہمت

Updated: August 23, 2024, 11:07 AM IST | Agency | Pune

شرد پوار نے انتباہ دیا تھا کہ ’’ اگر طلبہ کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو میں خود احتجاج میں شامل ہو جائوں گا‘‘، روہت پوار نے احتجاج ختم کروا دیا۔

One demand of the students was fulfilled, one was promised and one was deferred. Photo: INN
طلبہ کا ایک مطالبہ پوراہوا، ایک کا وعدہ کیا گیا اور ایک ٹال دیا گیا۔ تصویر : آئی این این

 ایم پی ایس سی امتحان دینے کے خواہشمند طلبہ نے پونے میں دھرنا دے رکھا ہے۔ ان کا سب سے اہم مطالبہ یہ تھا کہ آئندہ ۲۵؍ اگست کو ہونے والے ایم پی ایس سی امتحانات کو ملتوی کر دیا جائے۔ اس مطالبہ کو حکومت نے  قبول کر لیا ہے لیکن طلبہ کا احتجاج جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابھی بہت سے مطالبات ہیں جو پورے نہیں ہوئے ہیں۔  اس دوران این سی پی کے بانی شرد پوار نے اعلان کیا ہے کہ اگر جمعہ ( آج) تک ان طلبہ کے مطالبات کو تسلیم نہیں کر لیا گیا تو وہ بھی احتجاج کیلئے سڑک پر اتریں گے۔  لیکن شام ہوتے ہوتے پولیس نے ان مظاہرین کی دھر پکڑ شروع کر دی۔ 
مطالبات کیا تھے؟
اطلاع کے مطابق  طلبہ کی شکایت یہ تھی کہ ایم پی ایس سی کے الگ الگ عہدوں کیلئے ایک ہی دن امتحانات ہو رہے ہیں۔  حالانکہ درخواست فارم میں یہ بھی لکھا ہے کہ طلبہ ایک سے زائد اسامیوں کیلئے فارم پُر کر سکتا ہے۔ ایسی صورت میں جن لوگوں نے ایک سے زائد درخواستیں بھری ہیں۔ وہ ایک ہی دن ۲؍ الگ الگ مقامات پر ۲؍ الگ الگ پرچے کیسے لکھیں گے؟ لہٰذا طلبہ چاہتے تھے کہ یہ امتحان ملتوی کیا جائے اور نئے سرے سے ٹائم ٹیبل جاری کیا جائے۔  ساتھ ہی ان کا مطالبہ تھا کہ محکمۂ زراعت میں جو ۲۵۸؍ اسامیاں خالی ہیں انہیں بھی پُر کیا جائے۔ نیز گروپ اے اور گروپ بی کی ۱۵؍ ہزار اسامیوں کو بھی پُر کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ 
 حکومت نے امتحان ملتوی کر دیا  
اس تعلق سے طلبہ نے پہلے بھی احتجاج کیا تھا لیکن گزشتہ ۲؍ دنوں سے پونے میں یہ احتجاج زور پکڑتا جا رہا تھا۔ مظاہرین کی تعداد بڑھتی جا رہی تھی۔ ایسی صورت میں حکومت نے اسی میں عافیت سمجھی کہ امتحانات کو فی الحال ملتوی کر دیا جائے ۔ لہٰذا جمعرات کی دوپہر حکومت نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے ۲۵؍ اگست کو ہونے والے  امتحان کو فوری طور پر ملتوی کر دیا۔ اور نئے سرے سے ٹائم ٹیبل جاری کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ جبکہ وعدہ کیا ہے کہ محکمہ ٔزراعت کی  ۲۵۸؍ اسامیوں کو بھی جلد از جلد پُر کیا جا ئے گا۔ 
 شرد پوار کا الٹی میٹم، روہت پوار کی مفاہمت
اس دوران این سی پی کے بانی شرد پوار نے میڈیا کے سامنے الٹی میٹم دیا کہ اگر حکومت نے کل (جمعہ)تک طلبہ کے مطالبات تسلیم نہیں کرتی ہے تو وہ خود بھی طلبہ کے ساتھ احتجاج میں شریک ہوں گے۔ ان کے اس بیان سے طلبہ میں جوش بھر گیا۔ لیکن شام کے وقت شرد پوار کے پوتے اور رکن اسمبلی روہت پوار مظاہرہ گاہ پہنچے اور انہوں نے طلبہ کو سمجھانے کی کوشش کی کہ حکومت نے فی الحال ایک مطالبہ پورا کر دیا ہے،دوسرے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ تیسرے کو بعد میں منوا لیا جائے گا۔ ان کے کہنے پر بعض طلبہ نے اپنا احتجاج ختم کر دیا لیکن کچھ طلبہ اپنی جگہ ڈٹے رہے۔  بالآخر پولیس نے طاقت کااستعمال کرتے ہوئے ان طلبہ کو حراست میں لینا شروع کیا جس کی وجہ سے کشیدگی پیدا ہو گئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK