Inquilab Logo

شرجیل امام نے نہ تشدد بھڑکایا اور نہ ہتھیار اٹھانے کی اپیل کی : ہائی کورٹ

Updated: December 01, 2021, 8:14 AM IST | new Delhi

ضمانت کے تفصیلی حکم میں نوجوان اسکالر شرجیل امام کے خلاف کسی بھی طرح کی سازش کے الزام کوالٰہ آباد ہائی کورٹ نے قبول نہیں کیا

Young scholar Sharjeel Imam who has been in jail for more than a year
نوجوان اسکالر شرجیل امام جو سال بھر سے زیادہ عرصے سے جیل میں ہیں

: شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف مظاہروں میں پیش پیش  رہنے  والے نوجوان اسکالر شرجیل امام کو گزشتہ دنوں الٰہ آباد ہائی کورٹ نے غداری کے ایک مقدمے میں ضمانت دیدی ہے۔ ضمانت کا تفصیلی حکم نامہ گزشتہ روز جاری ہوا ہے جس میں واضح طور پر لکھا ہے کہ شرجیل امام نے کوئی سازش نہیں کی۔ ہر چند کہ  عدالت کے اس فیصلے کے باوجود شرجیل  امام کی رہائی ممکن نہیں ہو پائے گی کیوں کہ  انہیں مختلف ریاستوں  میں متعدد مقدمات میں  ماخوذ کیا گیا ہے جن پر شنوائی ابھی جاری ہے۔
 الٰہ آباد ہائی کورٹ کے تفصیلی حکم نامہ کے مطابق جج نے واضح طور پر درج کیا ہے کہ شرجیل امام نے نہ تشدد کے لئے اکسایا، نہ اشتعال انگیز تقریر کی اور نہ کسی کو ہتھیار اٹھانے کے لئے مجبور کیا یا اسے اکسایا۔جسٹس سومترا دیال سنگھ نے اپنے حکم میں لکھا ہے کہ شرجیل امام کواس بنیاد پر ضمانت دی جاتی ہے کہ ان کی تقریر میں ایسی کوئی قابل اعتراض بات نہیں ملی جس کی بنیاد پر ضمانت روکی جاسکے۔ ان کے بیانات سے پہلی نظر میں تو یہ واضح ہو رہا ہے کہ انہوں نے کوئی تشدد نہیں بھڑکایا بلکہ کہیں ان تقاریر کی وجہ سے کوئی پتھر تک نہیں چلا۔ ہر چند کہ جسٹس سومترا دیال نے یہ واضح کیا کہ  شرجیل امام کے بیانات کا تفصیلی جائزہ اس وقت لیا جائے گا جب اس معاملے میں مقدمہ کی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی لیکن اس وقت انہیں ضمانت دینا زیادہ اہم ہے اور اس کی بنیاد یہی ہے کہ ان کے تقریرسے کوئی تشدد نہیں ہوا ہے۔ 
  جسٹس سومترا پال نے  اپنے حکم میں یہ بات بھی درج کی ہے کہ اگر شرجیل امام پر مقدمہ چلتا ہے اور انہیں سزا ہو تی ہے تو وہ ۳؍ سال سے زیادہ کی نہیں ہو گی  جبکہ شرجیل گزشتہ تقریباً ۱۴؍ ماہ سے جیل میں ہیں۔ یہ بات خود بخود انہیں ضمانت دینے کا جواز پیدا کردیتی ہے۔ اس لئے انہیں ضمانت دی جارہی ہے۔  واضح رہے کہ شرجیل امام اس وقت دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں جہاں ان پر  دہلی فسادات اور جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ہونے والے تشدد کے مقدمات چل رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK